افغانستان کے عظمت اللہ عمرزئی کو موجودہ دور کے بہترین آل راؤنڈرز میں شمار کیا جاتا ہے۔ عمرزئی کبھی گیند تو کبھی بلے سے میچ کا رخ افغانستان کے حق میں موڑ دیتے ہیں۔ جمعرات کو شارجہ میں زمبابوے کے خلاف میچ میں انہوں نے ریکارڈ ساز اننگز کھیل کر افغانستان کو نہ صرف میچ بلکہ سیریز میں بھی کامیابی دلادی۔ افغانستان کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 5 رنز پر اپنے چار وکٹ گنوا کر بڑی مشکل میں پھنس گئی تھی۔ لیکن چھٹے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے عمرزئی نے ٹیم کو مشکل صورتحال سے نکالتے ہوئے ایسے اسکور تک پہنچا دیا جہاں سے جیت محض وقت کی بات رہ گئی تھی۔ عمرزئی نے 50 گیندوں پر 5 چوکے اور 12 چھکے لگاتے ہوئے 116 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کا اسکور 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز تک پہنچا دیا۔ عمرزئی کو اعجاز احمدزئی کا بھی ساتھ ملا، جنہوں نے 27 گیندوں پر 52 رنز بنائے۔ دونوں نے چھٹے وکٹ کے لیے 59 گیندوں پر 142 رنز کی دھواں دار شراکت داری کی۔
چھٹے یا اس سے نچلے نمبر پر سنچری بنانے والے پہلے کھلاڑی
عمرزئی فل ممبر ٹیموں کی تاریخ میں پہلے ایسے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں چھٹے یا اس سے نچلے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے شاندار سنچری بنائی ہے۔ ان سے پہلے یہ ریکارڈ انگلینڈ کے سیم بلنگز کے نام تھا، جنہوں نے 2019 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف باسٹیئر کے وارنر پارک میدان پر 87 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ عظمت اللہ کے 12 چھکے بھی ریکارڈ بک میں درج ہوگئے ہیں۔ دائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے فل ممبر ٹیموں کی تاریخ میں ایک اور کارنامہ انجام دیا۔ وہ بین الاقوامی ٹی 20 میچوں میں چھٹے یا اس سے نچلے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے ایک اننگز میں 10 یا اس سے زیادہ چھکے لگانے والے پہلے بلے باز بن گئے ہیں۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ مشترکہ طور پر ویسٹ انڈیز کے کیرون پولارڈ، سری لنکا کے داسن شناکا اور جنوبی افریقہ کے ٹرسٹن اسٹبس کے نام تھا۔ ان تینوں نے چھٹے یا اس سے نچلے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے ایک اننگز میں 8 چھکے لگائے تھے۔
افغانستان نے زمبابوے کو 19 رنز سے ہرایا
افغانستان اور زمبابوے کے میچ پر نظر ڈالیں تو عظمت اللہ عمرزئی کی سنچری کی بدولت پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنائے تھے۔ زمبابوے کے کپتان سکندر رضا نے 56 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 106 رنز کی اننگز کھیلی، لیکن اس کے باوجود زمبابوے کی ٹیم 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز ہی بنا سکی اور اسے 19 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



