نئی دہلی : بھارت اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا دوسرا مقابلہ کولمبو کے سنگھالی اسپورٹس کلب گراؤنڈ میں کھیلا جا رہا ہے۔ میچ کے پہلے ہی دن بھارتی اوپنر یشسوی جیسوال اور سری لنکا کے فاسٹ بولر اسیتھا فرنانڈو کے درمیان میدان پر تلخ کلامی دیکھنے کو ملی۔ اس واقعے کے بعد بھارت کے سابق کرکٹر اجے جڈیجہ نے یشسوی جیسوال کے رویے پر ناراضی کا اظہار کیا اور انہیں دوسروں کے ساتھ وہی رویہ اختیار کرنے کا مشورہ دیا جو وہ خود اپنے لیے برداشت کرسکتے ہیں۔دراصل یشسوی جیسوال کو آؤٹ کرنے کے بعد اسیتھا فرنانڈو نے جارحانہ انداز میں جشن منایا، جو بھارتی بلے باز کو پسند نہیں آیا۔ پویلین کی جانب واپس جاتے ہوئے یشسوی اچانک پیچھے مڑے اور انہوں نے سری لنکن فاسٹ بولر سے کچھ کہا۔ معاملہ اس وقت مزید بڑھ گیا جب یشسوی کا ہیلمٹ فرنانڈو کے سر سے جا ٹکرایا۔ صورت حال کو بگڑتا دیکھ کر سری لنکا کے کپتان دھننجیا ڈی سلوا نے فوری مداخلت کی اور یشسوی کو وہاں سے الگ کردیا۔
اس واقعے پر ’سونی اسپورٹس‘ سے گفتگو کرتے ہوئے اجے جڈیجہ نے کہا کہ یہ ایک خطرناک علاقہ ہے اور اس میں کوئی شک نہیں کہ میدان پر جسمانی رابطہ ایک الگ معاملہ ہے۔ انہوں نے گزشتہ میچ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت یشسوی دوسری جانب تھے اور فیلڈنگ کرتے ہوئے انہوں نے نروشن ڈکویلا سے کچھ کہا تھا۔جڈیجہ نے کہا کہ اس وقت بھی یہ بات سامنے آئی تھی کہ مذاق اس وقت تک ہی اچھا لگتا ہے جب تک آپ کی زبان میں کوئی نامناسب بات نہ ہو۔ ان کے مطابق اس معاملے میں بھی یہی اصول لاگو ہوتا ہے۔ اگر کوئی شخص خود پر ہنسنا برداشت نہیں کرسکتا تو اسے دوسروں پر بھی نہیں ہنسنا چاہیے۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ اگر آپ خود کچھ برداشت نہیں کرسکتے تو میدان پر کھڑے ہوکر دوسروں کو بھی وہ بات نہیں کہنی چاہیے۔
پہلے دن بھارت کا پلڑا بھاری
دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن بھارتی ٹیم کا پلڑا بھاری رہا۔ دن کا کھیل ختم ہونے تک بھارت نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 300 رنز بنا لیے تھے۔ دیودت پڈیکل نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری اسکور کی۔ انہوں نے 193 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 117 رنز بنائے، جس میں 12 چوکے شامل تھے۔کپتان شبمن گل نے بھی نصف سنچری اسکور کی۔ دوسری جانب یشسوی جیسوال اچھی شروعات کو بڑی اننگز میں تبدیل نہ کرسکے اور 53 گیندوں پر 45 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ رویندر جڈیجہ نے 43 رنز کی اننگز کھیلی، لیکن اسیتھا فرنانڈو کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ مجموعی طور پر پہلے دن بھارتی بلے بازوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


