Bharat Express DD Free Dish

Roof collapses in Kolkata: کولکتہ کے تارا تلا میں زیرِ تعمیر گودام کی گری چھت، ملبے تلے دبے کئی مزدور، پانچ افراد کی ہلاکت کا امکان

حکام کے مطابق ریسکیو آپریشن ابھی جاری ہے اور ملبے کے نیچے مزید افراد کے پھنسے ہونے کے امکان کو مسترد نہیں کیا جا سکتا۔ اسی وجہ سے انتہائی احتیاط کے ساتھ امدادی کام انجام دیا جا رہا ہے۔

کولکتہ: مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکتہ کے تارا تلا علاقے میں بدھ کے روز ایک بڑا حادثہ پیش آیا۔ یہاں زیرِ تعمیر ایک گودام کا حصہ اچانک منہدم ہو گیا، جس کے نتیجے میں کئی مزدور ملبے تلے دب گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں افراتفری مچ گئی اور فوری طور پر امدادی اور بچاؤ کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔

کیسے پیش آیا حادثہ؟

انتظامی حکام کے مطابق تارا تلا علاقے میں بریس برج کے قریب ٹرانسپورٹ ڈپو روڈ پر ایک گودام کی تعمیر جاری تھی۔ بدھ کی دوپہر مزدور معمول کے مطابق تعمیراتی کام میں مصروف تھے کہ اچانک گودام کی چھت کا ایک بڑا حصہ بھر بھر ا کر گر پڑا۔ بھاری ملبہ گرنے کے ساتھ ہی موقع پر چیخ و پکار مچ گئی اور متعدد افراد اس کے نیچے دب گئے۔

کئی افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ

حکام نے بتایا کہ حادثے کے وقت تعمیراتی مقام پر بڑی تعداد میں مزدور موجود تھے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اب بھی کئی افراد ملبے کے نیچے پھنسے ہوئے ہو سکتے ہیں، اسی لیے بچاؤ مہم جنگی بنیادوں پر جاری ہے۔

بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر کا دعویٰ

حادثے کے حوالے سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر راکیش سنگھ نے دعویٰ کیا کہ اس سانحے میں پانچ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’پانچ لوگوں کی جان جا چکی ہے جبکہ متعدد زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔‘‘ حالانکہ، انتظامیہ کی جانب سے ہلاکتوں کی تعداد کے بارے میں ابھی تک کوئی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

ریسکیو ٹیمیں موقع پر موجود

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، فائر بریگیڈ اور ڈیزاسٹر ریلیف کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ امدادی کارکن ملبہ ہٹا کر پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں داخل کرا دیا گیا ہے تاکہ انہیں ضروری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔

امدادی کارروائیاں جاری

حکام کے مطابق ریسکیو آپریشن ابھی جاری ہے اور ملبے کے نیچے مزید افراد کے پھنسے ہونے کے امکان کو مسترد نہیں کیا جا سکتا۔ اسی وجہ سے انتہائی احتیاط کے ساتھ امدادی کام انجام دیا جا رہا ہے۔ مقامی افراد بھی امدادی کارروائیوں میں انتظامیہ کا بھرپور ساتھ دے رہے ہیں جبکہ پولیس پورے حالات پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔

بھارت ایکسپریس۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read