نئی دہلی: مرکزی وزیر داخلہ و تعاون امت شاہ نے وزیر اعظم نریندر مودی کو عوامی خدمت اور لگن کے 25 سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔ وزیر اعظم کی 25 سالہ سیاسی زندگی کی اہم کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ مودی جی نے عوامی فلاح کی پالیسیوں، ان کے نفاذ، فیصلوں میں مضبوطی، شفافیت اور نتائج کی ضمانت کے ذریعے حکمرانی کی تعریف ہی بدل دی اور ’کارکردگی کی سیاست‘ کی ایک مثال قائم کی۔ امت شاہ نے بدھ کی صبح سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا، ’’انتھک محنت، غیر معمولی عزم اور ’نیشن فرسٹ‘ کو زندگی کا مقصد بنانے والے وزیر اعظم نریندر مودی کو خدمت اور لگن کے 25 سال مکمل کرنے پر دلی مبارکباد۔‘‘
انہوں نے کہا کہ آج ہی کے دن، 7 اکتوبر 2001 کو مودی جی نے گجرات کے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے حلف لیا تھا۔ اس کے بعد سے مسلسل وزیر اعلیٰ اور وزیر اعظم کی حیثیت سے ان کی خدمت، جدوجہد اور لگن کا یہ سفر غریبوں کی فلاح، خواتین کو بااختیار بنانے، نوجوانوں کی ترقی اور ہر طبقے کی خوشحالی کا مترادف بن گیا ہے۔ امت شاہ نے کہا کہ ’خدمت کے 25 سال‘ کے دوران مودی جی نے عوامی فلاح کی پالیسیوں، ان کے نفاذ، فیصلوں میں مضبوطی، شفافیت اور نتائج کی ضمانت کے ذریعے حکمرانی کی تعریف ہی بدل دی اور ’کارکردگی کی سیاست‘ کا ایک مثالی نمونہ قائم کیا۔
امت شاہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے مودی جی نے زلزلے سے تباہ حال کَچھ کی تعمیر نو کرکے اسے ایک مثال بنا دیا۔ ’جیوتی گرام یوجنا‘ کے ذریعے گاؤں گاؤں 24 گھنٹے بجلی پہنچائی، شمسی توانائی اور ’وائبرنٹ گجرات‘ کے ذریعے سرمایہ کاری اور صنعت کو نئی سمت دی اور گجرات میں 8 فیصد سے زیادہ زرعی ترقی کی شرح حاصل کرکے اچھی حکمرانی کا ایسا ماڈل قائم کیا، جو آگے چل کر پورے ملک کی بنیاد بنا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم بننے کے بعد اسی وژن کو مزید وسعت ملی۔ خلا سے سمندر تک اور عالمی پلیٹ فارم سے داخلی سلامتی تک ہندوستان نے نئی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
25 کروڑ لوگ غربت سے باہر، بنیادی سہولیات دستیاب
مرکزی وزیر داخلہ نے حکومت کی مختلف کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عام لوگوں کی زندگی میں بھی بڑی تبدیلی آئی ہے۔ 25 کروڑ لوگ غربت سے باہر نکلے ہیں، جبکہ کروڑوں خاندانوں کو پکے مکانات، 5 لاکھ روپے تک کا صحت تحفظ، اجولا گیس کنکشن اور گھر گھر نل سے پانی جیسی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج مودی کی قیادت میں ہندوستان تیزی سے ترقی کرنے والی معیشت کے ساتھ مینوفیکچرنگ، ڈیجیٹل ادائیگی، اسٹارٹ اپ، سیمی کنڈکٹر، دفاعی پیداوار اور قابل تجدید توانائی جیسے شعبوں میں نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔
عالمی سطح پر امن اور ہم آہنگی کی اہم آواز بنا ہندوستان
امت شاہ نے کہا کہ جنگ اور عدم استحکام کے اس دور میں ہندوستان امن اور ہم آہنگی کی ایک اہم عالمی آواز بن کر ابھرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی جی نے کروڑوں ہم وطنوں میں خود اعتمادی پیدا کرکے ’وکست بھارت‘ کا منتر دیا اور 2047 تک ہر شعبے میں ہندوستان کو صف اول کا ملک بنانے کا عزم دلایا۔ امت شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں خدمت کے اس سفر کا حصہ بننا ہم سب کے لیے خوش قسمتی اور فخر کی بات ہے۔
بھارت ایکسپریس۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


