وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو ایک سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے ہندوستان کے مستقبل اور ترقی کی رفتار اور سمت پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ آج پوری دنیا ہندوستان کی طرف دیکھ رہی ہے اور یہ جاننے کی خواہاں ہے کہ ہندوستان نے اپنی معیشت کو اتنی تیزی سے کس طرح مضبوط کیا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ گزشتہ دہائی میں ہندوستان کی جی ڈی پی دوگنی ہوگئی ہے۔ اس معاشی ترقی کی بدولت 25 کروڑ لوگ غربت کے دائرے سے نکل کر متوسط طبقے میں شامل ہو گئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ صرف اعداد و شمار نہیں بلکہ پورے ملک میں طرزِ زندگی میں واقعی تبدیلی آئی ہے۔
عالمی سطح پر مضبوط ہو رہا ہے ہندوستان کا کردار
وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان اب عالمی سطح پر محض شرکا میں سے ایک نہیں رہا بلکہ فیصلہ کن کردار ادا کر رہا ہے۔ کووڈ کی وبا کے دوران ہندوستان نے نہ صرف اپنی آبادی کو کامیابی سے ویکسین کیا بلکہ 150 سے زیادہ دوسرے ممالک کی بھی مدد کی۔ اس سے عالمی سطح پر ہندوستان کی شناخت مزید مستحکم ہوئی ہے۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ہندوستان اب ’’انڈیا فرسٹ‘‘ پالیسی کے تحت کام کر رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستان اب تمام ممالک کے ساتھ مساوی اور مضبوط تعلقات استوار کر رہا ہے۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ میں ہندوستان کے تعاون کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے ’’کولیشن فار ڈیزاسٹر ریسیلینٹ انفراسٹرکچر‘‘ (سی ڈی آر آئی) اور ’’انٹرنیشنل سولر الائنس‘‘ (آئی ایس اے) جیسے اقدامات کا ذکر کیا۔
شفافیت کی اہمیت اور بدعنوانی پر حملہ
وزیر اعظم نے سرکاری خریداری میں شفافیت کو بڑھانے کے لیے ’گورنمنٹ ای-مارکیٹ پلیس‘ (جی ای ایم) پلیٹ فارم کی کامیابی کا ذکر کیا۔ انھوں نے کہا کہ اس پلیٹ فارم کے ذریعے سرکاری محکمے دکانداروں سے براہِ راست خریداری کرتے ہیں، جو کہ بدعنوانی کو ختم کرنے میں نہایت معاون ہے۔ ساتھ ہی اس سے حکومت کو اب تک ایک لاکھ کروڑ روپے کی بچت ہوئی ہے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ ڈائریکٹ بینیفٹ ٹرانسفر (DBT) کے ذریعے 3 لاکھ کروڑ روپے غلط ہاتھوں میں جانے سے بچائے گئے ہیں۔ ساتھ ہی سرکاری اسکیموں کا فائدہ اٹھانے والے 10 کروڑ فرضی لوگوں کے نام بھی نکالے گئے ہیں۔
‘میک ان انڈیا’ نے بنا دیا ہے ہندوستان کو مینوفیکچرنگ ہب
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ہندوستان اب ایک بڑے مینوفیکچرنگ ہب کے طور پر ابھر رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ آٹوموبائل سیکٹر میں ہندوستانی گاڑیاں اور پرزے اب متحدہ عرب امارات اور جرمنی جیسے ممالک تک پہنچ رہے ہیں۔ ہندوستان نے شمسی توانائی کے میدان میں بھی زبردست ترقی کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے سولر سیلز کی درآمد میں کمی آئی ہے اور برآمدات میں 23 گنا اضافہ ہوا ہے۔ اس کے علاوہ دفاعی شعبے میں بھی ہندوستان کی برآمدات میں 21 گنا اضافہ ہوا ہے۔
‘میڈ ان انڈیا’ ایم آر آئی مشین کا خواب حقیقت میں تبدیل
پی ایم مودی نے کہا کہ ہندوستان نے حال ہی میں اپنی پہلی ‘میڈ ان انڈیا’ ایم آر آئی مشین بھی بنا لی ہے۔ انھوں نے کہا کہ کئی دہائیوں تک ہمیں غیر ملکی ایم آر آئی مشینوں پر انحصار کرنا پڑتا تھا لیکن اب یہ صورت حال بدل گئی ہے۔ اس سے امراض کی تشخیص اور علاج کے اخراجات میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔ اس سے ’’میک ان انڈیا‘‘ پروگرام کی متنوع کامیابیوں کی بھی عکاسی ہوتی ہے۔
ہندوستان 2047 تک بن جائے گا ترقی یافتہ ملک
وزیر اعظم مودی نے سمٹ کے اختتام پر کہا کہ ہندوستان 2047 تک ایک ترقی یافتہ ملک بن جائے گا۔ نوجوانوں کو ملک کی سب سے بڑی طاقت بتاتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آنے والے سالوں میں نوجوان ہندوستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مل کر سخت محنت کرنی ہوگی تاکہ ہندوستان دنیا کا سب سے طاقتور اور ترقی یافتہ ملک بن سکے۔
بھارت ایکسپریس اردو
کٹاریا عثمان غنی حاجی بھائی ٹرسٹ نے گجرات ہائی کورٹ میں ایک عرضی داخل کی…
تحریک عدم اعتماد پر راتھر نے کہا کہ اگر کسی نے میرے خلاف تحریک عدم…
کانگریس لیڈر پون کھیڑا نے امریکی ٹیرف پر وزیر اعظم کی خاموشی پر سوال اٹھاتے…
کانگریس کا کہنا ہے کہ وہ سردار پٹیل کی راہ پر چل کر کسانوں کے…
گرفتاری کے بعد پولیس عصمت دری کے ملزم کا طبی معائنہ کرانے دین دیال اسپتال…
شیخ حسینہ نے کہا کہ ترقی کے ماڈل کے طور پر دیکھا جانے والا بنگلہ…