انٹرٹینمنٹ

Prayagraj Film Festival 2026: پریاگ راج کے بڑے اسٹیج پر’کون کسور‘ کی دھوم، بھارت ایکسپریس کے ڈائریکٹر اینڈ گروپ منیجنگ ایڈیٹر رادھے شیام رائے اور وندنا رائے کو ملا اعزاز، نائب وزیراعلیٰ کیشوپرساد موریہ رہے موجود

تین روزہ انٹرنیشنل پریاگ راج فلم فیسٹیول 2026 کا یکم نومبرکوایم این آئی ٹی آڈیٹوریم میں شانداراختتام ہوگیا۔ فلم، فن اورثقافت کے لیے وقف اس پروگرام میں ملک بھرسے فلم سازوں، فنکاروں اورسنیما سے دلچسپی رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اختتامی تقریب میں اترپردیش کے نائب وزیراعلیٰ کیشوپرساد موریہ بطورمہمان خصوصی موجود رہے۔

فلم ’کون کسور‘ کو خصوصی اعزاز

پروگرام کے دوران خصوصی طورپرمدعوکی گئی فلم ’کون کسور‘ کواعزازسے نوازا گیا۔ بھارت ایکسپریس کے ڈائریکٹراورگروپ مینیجنگ ایڈیٹررادھے شیام رائے اورفلم کی پروڈیوسروندنا رائے کویہ اعزازتقریب میں موجود خصوصی مہمانوں نے پیش کیا۔ ڈاکٹرسنجے معصوم، فلم ناقد دیپک دعا اوراداکارسشیل سنگھ نے اسٹیج پرفلم سے وابستہ شخصیات کواعزازات سے نوازا۔ ان کی موجودگی نے تقریب کی رونق اوروقارمیں اضافہ کیا۔ پروگرام میں فلم اورادب کی دنیا سے وابستہ کئی اہم شخصیات بھی شریک ہوئیں۔

علاقائی زبانوں کی فلموں کو فروغ دینے کی کوشش

مدھوبالا فلمزکی جانب سے منعقد کیے گئے اس فلم فیسٹیول کا مقصد ہندی سنیما کے ساتھ ساتھ بھوجپوری، اودھی، بندیل کھنڈی اوربرج جیسی علاقائی زبانوں کی فلموں کوبھی ایک مضبوط پلیٹ فارم فراہم کرنا تھا۔ منتظمین کے مطابق اس سال فیسٹیول کے لیے تقریباً 81 فلموں کی انٹریاں موصول ہوئیں، جن میں سے مختلف زمروں میں بہترین کام کرنے والوں کواعزازات سے نوازا گیا۔ فلم فیسٹیول کا آغاز30 اور31 اکتوبرکوہوٹل پریاگ اِن میں ہوا، جبکہ یکم نومبر کو ایم این آئی ٹی آڈیٹوریم میں اختتامی تقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پرفاتحین کواعزازات سے نوازا گیا اوررنگا رنگ ثقافتی پروگرام بھی پیش کیے گئے۔

کیشو موریہ نے فلم سازوں کی حوصلہ افزائی کی

اپنے خطاب میں نائب وزیراعلیٰ کیشوپرساد موریہ نے فلم سازآلوک مالویہ کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح فلم ’ہنومان انش‘ ملک بھرمیں کامیابی حاصل کررہی ہے، اسی طرح پریاگ راج اورمہاکمبھ کے پس منظرپربننے والی آلوک مالویہ کی فلم ’کمبھ کا سنگم‘ بھی عالمی سطح پراپنی شناخت قائم کرے گی۔ انہوں نے اس فلم کوہرممکن تعاون فراہم کرنے کا یقین بھی دلایا۔ فیسٹیول کے فاتحین کوپدم شری ایوارڈ سے سرفرازنالنی استھانا اورکملنی استھانا نے ٹرافی اورسرٹیفکیٹ پیش کیے۔ ان کے ساتھ نغمہ نگاراوراسکرپٹ رائٹرڈاکٹرسنجے معصوم اوراداکارسشیل سنگھ بھی انعامات کی تقسیم کی تقریب میں شریک رہے۔

ثقافتی پروگراموں نے باندھا سماں

فلمی سرگرمیوں کے ساتھ ثقافتی پروگراموں کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا۔ گنگا آرتی، پریاگ راج کا روایتی ڈھیڑیا رقص اوربندیل کھنڈ وبرج خطے کے لوک رقص نے ناظرین کو خوب محظوظ کیا۔ فلم ’بدھ کے چار دھام‘ کے لیے دیپک رائے کوبہترین ہدایت کارکا ایوارڈ دیا گیا۔ اس کے علاوہ ’بھوری‘، ’یشومتی مایا کا نند لالا‘، ’دھورت‘، ’ہرگھرشدھ جل‘، ’کتاب‘، ’بٹو‘ اور’بینڈ باجا اورستارہ‘ جیسی فلموں اورپروجیکٹس کوبھی مختلف زمروں میں سراہا گیا۔
پروگرام کے اختتام پرڈاکٹرگریما کشواہا نے تمام مہمانوں، فلم سازوں، فنکاروں اورشرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پرکئی معززشخصیات اورمختلف اداروں کے نمائندے بھی موجود تھے۔ مدھوبالا فلمزکے صدرآلوک مالویہ، آرگنائزنگ کمیٹی کے صدرڈاکٹرامت ترپاٹھی اورسنتوش تیواری نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ تین روزہ اس فلم فیسٹیول نے نہ صرف فلموں کوایک پلیٹ فارم فراہم کیا بلکہ علاقائی سنیما اورثقافتی ورثے کوبھی نئی شناخت دلانے کی کوشش کی۔

بھارت ایکسپریس اردو-

Nisar Ahmad

Recent Posts

Successful 5 Years of Social Change: برج کمیونیکیشنز نے یومِ تاسیس منایا، نیپال سے بین الاقوامی توسیع کا آغاز

گزشتہ پانچ برسوں کے دوران برج کمیونیکیشنز سماجی ترقی کے شعبے میں ایک جامع اور…

3 minutes ago

Dr Priti Adani to Address The World Symposium: وارانسی میں 2 سے 4 نومبر تک ’ارسطو-کنفیوشس سمپوزیم 2026‘ کا انعقاد، ڈاکٹر پریتی اڈانی کریں گی خطاب

بین الاقوامی اجلاس میں دنیا کی اہم فلسفیانہ اور تہذیبی روایات کے درمیان مکالمے، مصنوعی…

17 minutes ago

ڈگری سے مارک شیٹ تک، ہرجگہ صرف Bharat، مہاتما جیوتی با پھولے روہیل کھنڈ یونیورسٹی میں لفظ India ختم، دستاویزوں میں نظرآئے بھارت

مہاتما جیوتی با پھولے روہیل کھنڈ یونیورسٹی نے کئی بڑے فیصلے کئے ہیں۔ اب یونیورسٹی…

54 minutes ago

Rahul Gandhi Attacks on Gyanesh Kumar: ’گیانیش کمار رات کو سو نہیں پا رہے ہوں گے‘، مہاریلی میں راہل گاندھی کا چیف الیکشن کمشنر پر حملہ

راہل گاندھی نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو براہِ راست نشانہ بنایا۔ انہوں نے…

4 hours ago