جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ اور جھارکھنڈ مکتی مورچہ (جے ایم ایم) کے بانی شیبو سورین کا پیر کے روز دہلی کے سر گنگا رام اسپتال میں انتقال ہو گیا۔ وہ طویل عرصے سے علیل تھے۔ ان کے انتقال سے سیاسی حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ شیبو سورین کے انتقال پر وزیر اعظم نریندر مودی نے گہرے دکھ کا اظہار کیا اور ان کے بیٹے و جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین سے فون پر بات کر کے تعزیت پیش کی۔
وزیر اعظم مودی نے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا
وزیر اعظم مودی نے اس بات چیت کی اطلاع سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر دی۔ پی ایم مودی نے اپنی پوسٹ میں لکھا:”شیبو سورین ایک عوامی لیڈر تھے، جنہوں نے عوام سے غیر متزلزل وابستگی کے ساتھ عوامی زندگی میں بلندیوں کو چھوا۔ وہ خاص طور پر قبائلی برادریوں، غریبوں اور محروم طبقوں کے بااختیار بنانے کے لیے وقف تھے۔ ان کے انتقال سے دلی صدمہ پہنچا۔ میری دعائیں اور ہمدردیاں ان کے اہل خانہ اور چاہنے والوں کے ساتھ ہیں۔ جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین سے بات کی اور تعزیت پیش کی۔”
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے دلی تعزیت کا اظہار کیا
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا کہ شیبو سورین نے زمینی سطح پر کام کرنے کے علاوہ جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ، مرکزی وزیر اور رکن پارلیمنٹ کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔
صدر دروپدی مرمو نے کہا: ‘‘لوگوں، خاص طور پر قبائلی برادریوں کی فلاح و بہبود کے لیے ان کے کام کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ میں ان کے بیٹے اور جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ جناب ہیمنت سورین جی، خاندان کے دیگر افراد اور ان کے مداحوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتی ہوں۔’’
شیبو سورین کے انتقال کی خبر آتے ہی جھارکھنڈ میں غم کی فضا چھا گئی۔ مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ شیبو سورین کی پوری سیاسی زندگی قبائلی حقوق، سماجی انصاف، اور علاقائی شناخت کی جدوجہد کے لیے وقف رہی۔ انہوں نے جھارکھنڈ ریاست کے قیام میں فیصلہ کن کردار ادا کیا اور قبائلی سماج کی آواز کو پارلیمنٹ تک پہنچایا۔
11 جنوری 1944کو پیدا ہوئے تھے
شیبو سورین کی پیدائش 11 جنوری 1944 کو بہار کے ضلع ہزاری باغ میں ہوئی تھی۔ انہیں “دیشوم گرو” اور “گرو جی” کے نام سے جانا جاتا ہے۔ انہوں نے قبائلیوں کے استحصال کے خلاف طویل جدوجہد کی۔ 1977 میں انہوں نے پہلی بار انتخاب لڑا، مگر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ البتہ 1980 سے وہ متعدد بار رکنِ پارلیمنٹ منتخب ہوتے رہے۔
بہار سے علیحدہ ریاست “جھارکھنڈ” بنانے کی تحریک میں بھی ان کا کردار نہایت اہم رہا ہے۔ وہ تین بار (2005، 2008، 2009) جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ بنے، مگر کبھی بھی اپنی مدتِ اقتدار مکمل نہ کر سکے۔
بھارت ایکسپریس اردو
تھامسن کے انکشاف پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری بنوئے…
وزیر اعظم مودی نے اتوار کو اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام ’من کی بات‘ کی 138ویں…
پپو یادو نے کہا کہ سیلاب جیسی سنگین صورتحال میں انتظامیہ کی ذمہ داری ہے…
اکھلیش نے کہا کہ فارم-7 کے ذریعے گاؤں گاؤں اپوزیشن ووٹروں کے نام حذف کرانے…
وزیر اعظم نریندر مودی کی سالگرہ کے موقع پر جاری بھارتیہ جنتا پارٹی کے ’سیوا…
زیرِ تعمیر سڑک کے معائنے کے دوران وزیر پرویش ورما اور آپ رکنِ اسمبلی جرنیل…