قومی

Jharkhand govt declares 3-day state mourning: جھارکھنڈ حکومت نے سابق وزیراعلیٰ شیبو سورین کے انتقال پر تین روزہ سرکاری سوگ کا اعلان کیا

رانچی: جھارکھنڈ حکومت نے ریاست کے سابق وزیراعلیٰ اور جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے شریک بانی شیبو سورین کے انتقال پر4  اگست سے 6 اگست تک تین روزہ سرکاری سوگ کا اعلان کیا ہے۔ حکومت نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ و راجیہ سبھا رکن کے اعزاز میں ریاستی حکومت نے 3 دن کے ریاستی سوگ کا فیصلہ کیا ہے۔ سوگ کے دوران ریاستی سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا، کوئی سرکاری تقریب منعقد نہیں کی جائے گی اور تمام ریاستی سرکاری دفاتر بند رہیں گے۔

لمبی علالت کے بعد دہلی میں انتقال

جھارکھنڈ کے سابق وزیراعلیٰ اور جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے سرکردہ رہنما شیبو سورین کا پیر کی صبح دہلی کے ایک اسپتال میں 81  برس کی عمر میں انتقال ہو گیا۔ شری گنگا رام اسپتال کے مطابق، سورین گردے کے عارضے میں مبتلا تھے اور ڈیڑھ ماہ قبل انہیں فالج کا دورہ بھی پڑا تھا۔ وہ گزشتہ ایک ماہ سے لائف سپورٹ پر تھے۔

ملک بھر سے خراجِ عقیدت

شیبو سورین کے انتقال پر ملک بھر سے سیاسی رہنماؤں اور عوام نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ وہ قبائلی حقوق کے علمبردار اور الگ جھارکھنڈ ریاست کے قیام کی تحریک کے سرکردہ رہنماؤں میں شمار کیے جاتے تھے۔

امت شاہ اور کھڑگے کا خراج

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ایکس پر تعزیتی پیغام میں لکھا کہ جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ شیبو سورین جی کے انتقال کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے جھارکھنڈ میں قبائلی برادری کے حقوق اور بااختیاری کے لیے دہائیوں تک جدوجہد کی۔ ان کی سادگی اور منکسر المزاجی نے انہیں عوام سے جوڑ دیا۔ کانگریس صدر ملیکارجن کھڑگے نے بھی ان کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے شیبو سورین جی نے اپنی زندگی الگ جھارکھنڈ ریاست کے قیام، پانی، جنگل اور زمین پر عوام کے حق اور قبائلی ثقافت کے تحفظ کے لیے وقف کر دی۔

دیشوم گرو کا سیاسی سفر

شیبو سورین کو عوامی طور پر ’دیشوم گرو‘ کے لقب سے جانا جاتا تھا۔ انہوں نے اے کے رائے اور بنود بہاری مہتو کے ساتھ جھارکھنڈ مکتی مورچہ کی بنیاد رکھی اور ریاستی شناخت کی تحریک کو قیادت دی۔ ان کی قیادت میں جھارکھنڈ 2000 میں ایک علیحدہ ریاست کے طور پر قائم ہوا۔ وہ تین بار جھارکھنڈ کے وزیراعلیٰ (2005، 2008-09، 2009-10) بنے اور 38 سال تک جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے صدر رہے۔ شیبو سورین نے اپنے چار دہائیوں پر محیط سیاسی کیریئر میں آٹھ بار لوک سبھا اور دو بار راجیہ سبھا کے رکن کے طور پر خدمات انجام دیں۔ شیبو سورین کے انتقال سے جھارکھنڈ نے نہ صرف ایک تجربہ کار سیاسی رہنما بلکہ قبائلی حقوق کی ایک توانا آواز کو کھو دیا ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔

Habiburrahman

Recent Posts

CEC Gyanesh Kumar Dispute: انتخابی کمیشن کے وہ 2 افسر جنہوں نے فیصلوں پر اٹھائے سوال، جانیے سکھبیر سنگھ سندھو اور وویک جوشی کی پوری پروفائل

انتخابی کمیشن کے اندر فیصلوں سے متعلق اختلافات کی رپورٹ کے بعد دونوں الیکشن کمشنر…

43 minutes ago

Impeachment Notice Against CEC: چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف مواخذے کا نوٹس: کیا ہے معاملہ؟

اپوزیشن نے مارچ میں لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں گیانیش کمار کو عہدے سے…

2 hours ago