قومی

BJP-EC’s chor bazaar: بی جے پی اور الیکشن کمیشن کی ملی بھگت کا الزام، منوج اگروال کو چیف سکریٹری بنائے جانے پر راہل گاندھی کا سخت ردعمل

نئی دہلی: لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے منگل کو مغربی بنگال کی نومنتخب بی جے پی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر منوج کمار اگروال کو چیف سکریٹری مقرر کیے جانے پر سوال اٹھایا۔ انہوں نے ایک بار پھر بھارتیہ جنتا پارٹی اور الیکشن کمیشن کے درمیان مبینہ گٹھ جوڑ کا الزام عائد کیا۔ راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا: ’’بی جے پی-ای سی کے ’چور بازار‘ میں جتنی بڑی چوری اتنا بڑا انعام۔‘‘

منوج اگروال کو چیف سکریٹری مقرر کیے جانے پر تنازع

واضح رہے کہ پیر کے روز مغربی بنگال کی نئی بی جے پی حکومت نے ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر منوج کمار اگروال کو چیف سکریٹری مقرر کیا تھا۔ ریاستی حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ گورنر نے منوج کمار اگروال (آئی اے ایس، 1990 بیچ) کو اگلے احکامات تک مغربی بنگال کا چیف سکریٹری مقرر کرنے کی منظوری دی ہے۔ اسمبلی انتخابات سے قبل ترنمول کانگریس اور کانگریس مسلسل یہ الزام لگاتی رہی تھیں کہ الیکشن کمیشن مغربی بنگال میں بی جے پی کے اشاروں پر کام کر رہا ہے۔ انتخابی فہرستوں کی خصوصی نظرثانی (SIR) کو لے کر ترنمول کانگریس اور الیکشن کمیشن کے درمیان کشیدگی بھی خبروں میں رہی تھی۔ انتخابی نتائج کے بعد افسران کی موجودہ حکومت میں تعیناتی اپوزیشن کے دعوے کو مضبوطی فراہم کررہی ہے۔

مغربی بنگال میں بی جے پی کی بڑی جیت

سال 2026 کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے 294 رکنی اسمبلی میں 206 نشستیں جیت لیں، جو ریاست کی سیاست میں ایک بڑی تبدیلی سمجھی جا رہی ہے۔ اس سے قبل بی جے پی کے پاس 77 نشستیں تھیں۔ دوسری جانب ممتابنرجی کی قیادت والی ترنمول کانگریس 80 نشستوں تک محدود ہوگئی، جس کے ساتھ ہی ریاست میں اس کی 15 سالہ حکومت کا خاتمہ ہوگیا۔ کانگریس صرف دو نشستیں حاصل کرسکی۔ بی جے پی کی کامیابی کے بعد سوویندو ادھیکاری نے مغربی بنگال کے نویں وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔ کولکاتا میں منعقدہ تقریبِ حلف برداری میں وزیراعظم مودی، وزیرداخلہ امت شاہ سمیت مرکزی وزراء اور بی جے پی کے کئی سینئر رہنما موجود تھے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔

Habiburrahman

Recent Posts

Cnap System Telecom Rule: اسپیم اور فرضی کالز کا کھیل ختم! یکم نومبر سے موبائل صارفین کے لیے بڑی تبدیلی، جانیے پوری خبر

موبائل پر کال آتے ہی دکھائی دے گا کال کرنے والے کا نام، نئے نظام…

20 minutes ago