بہار ملک کی پہلی ریاست بننے جا رہا ہے جہاں ووٹرز موبائل فون کے ذریعے ووٹ ڈال سکیں گے۔ ریاستی الیکشن کمشنر دیپک پرساد نے جمعہ کی شام اس انقلابی قدم کا اعلان کیا، جو ہفتے کے روز پٹنہ، روہتاس اور مشرقی چمپارن کے تین اضلاع میں چھ میونسپل کونسلوں کے انتخابات سے شروع ہو گا۔
ریاست میں اس سال کے آخر میں اسمبلی انتخابات بھی متوقع ہیں، تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ موبائل ووٹنگ کی سہولت اُس وقت بھی فراہم کی جائے گی یا نہیں۔ دیپک پرساد نے بتایا کہ یہ سہولت اُن ووٹرز کے لیے ہے جو جسمانی معذوری، حمل، یا دیگر وجوہات کی بنا پر پولنگ بوتھ تک نہیں پہنچ سکتے۔ اُنھوں نے کہا کہ ’’یہ سہولت اُن شہریوں کے لیے ہے جو کسی جسمانی یا جغرافیائی رکاوٹ کی وجہ سے پولنگ اسٹیشن نہیں جا سکتے، جیسے بزرگ، معذور، حاملہ خواتین یا تارکین وطن افراد۔‘‘
فی الحال صرف اینڈرائیڈ فون پر ہی دستیاب ہے یہ سہولت
خبر کے مطابق اس مقصد کے لیے e-SECBHR نامی ایک موبائل ایپ تیار کی گئی ہے، جو فی الحال صرف اینڈرائیڈ فونز پر دستیاب ہے۔ ووٹرز کو اپنا موبائل نمبر الیکٹورل رول میں درج نمبر سے منسلک کرنا ہوگا۔ ایک موبائل نمبر سے زیادہ سے زیادہ دو رجسٹرڈ ووٹرز ہی لاگ ان کر سکتے ہیں، اور ہر ووٹ کی توثیق انفرادی شناخت سے کی جائے گی۔ پرساد نے بتایا کہ جن ووٹرز کے پاس موبائل فون یا اینڈرائید فون نہیں ہیں، وہ ریاستی الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر جا کر بھی ووٹ دے سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ ایپ C-DAC (Centre for Development of Advanced Computing) نے تیار کی ہے جب کہ ایک اور سپورٹنگ ایپ بہار اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے بنائی ہے۔ وہیں 10 جون سے 22 جون تک اس نظام کے لیے آگاہی مہم چلائی گئی، جس کے بعد تقریباً 10 ہزار ووٹرز اس سہولت کے لیے رجسٹر ہو چکے ہیں اور توقع کی جا رہی ہے کہ تقریباً 50 ہزار افراد بغیر پولنگ اسٹیشن جائے ووٹ ڈالیں گے۔
ریاستی الیکشن کمشنر نے بتایا کہ ’’یہ نظام فول پروف ڈیجیٹل سیکیورٹی سے لیس ہے، جس میں بلاک چین پلیٹ فارم، چہرہ شناختی نظام اور اسکیننگ جیسے فیچرز شامل ہیں، تاکہ کسی بھی قسم کی چھیڑ چھاڑ ممکن نہ ہو۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین (EVM) کی طرح یہاں بھی آڈٹ ٹریل یعنی ووٹر ویریفائیڈ پیپر آڈٹ ٹریل (VVPAT) جیسا نظام موجود ہوگا تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
بھارت ایکسپریس اردو
نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن نے کیرالہ کے کولم ضلع میں واقع امرت…
بھارتی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز 9 وکٹوں کے نقصان پر 720 رنز بنا کر…
گجرات کے کچھ میں پیش آئے حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ…
19 نومبر کو ٹوکیو میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور وزیر خارجہ ایس جے…
وزیر اعظم نے کہا کہ ہنرمندی کے ذریعے لوگوں کو بااختیار بنانا اور ان کے…
بھارتی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارت اور نیپال کے درمیان…