قومی

Balendra Shah India Visit: نیپال کے وزیر اعظم بالیندر شاہ آج پہنچیں گے بھارت، پیر کو وزیر اعظم مودی کے ساتھ ہوگی اہم ملاقات

نئی دہلی : نیپال کے وزیر اعظم بالیندر شاہ آج اتوار کو دو روزہ سرکاری دورے پر بھارت آ رہے ہیں۔ 22 اور 23 نومبر کو ہونے والا یہ دورہ وزیر اعظم نریندر مودی کی دعوت پر ہو رہا ہے۔ عہدہ سنبھالنے کے بعد بالیندر شاہ کا یہ پہلا دورہ بھارت ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ بیرون ملک ان کا یہ پہلا دو طرفہ دورہ بھی ہے۔بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق، اس دورے کے دوران دونوں ممالک کے تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر بھی بات چیت ہوگی۔

صدر دروپدی مرمو سے بھی ملاقات کریں گے بالیندر شاہ

اپنے دورے کے دوران نیپال کے وزیر اعظم صدر دروپدی مرمو سے بھی ملاقات کریں گے۔ وہیں پیر 23 نومبر کو ان کی وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ دو طرفہ بات چیت طے ہے۔اس اہم ملاقات میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات سے متعلق اہم امور کے علاوہ علاقائی اور عالمی مسائل پر بھی تبادلہ خیال ہوگا، جن سے بھارت اور نیپال کے مفادات وابستہ ہیں۔نیپال کی وزارت خارجہ کے مطابق، بالیندر شاہ آج نیپال ایئرلائنز کی پرواز سے نئی دہلی کے لیے روانہ ہوں گے۔ ان کے ساتھ وزیر خزانہ سورنیم واگلے، وزیر خارجہ ششیر کھنال، وزیر اعظم کے چیف ایڈوائزر کمار بیانجنکر اور کئی اعلیٰ سرکاری افسران بھی بھارت آئیں گے۔

منصوبوں، معاہدوں اور تجارت پر رہے گا خصوصی زور

نیپال کے خارجہ سکریٹری امرت بہادر رائے نے جمعہ کو پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ 23 نومبر کو دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کے درمیان وفود کی سطح پر بات چیت ہوگی۔ ملاقات کے بعد دونوں رہنما مشترکہ طور پر میڈیا سے بھی خطاب کریں گے۔ اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی اپنے نیپالی ہم منصب اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام بھی کریں گے۔خارجہ سکریٹری کے مطابق، اس دورے کے دوران رابطہ کاری اور توانائی کے شعبوں سے متعلق کئی مکمل ہو چکے منصوبوں کا افتتاح کیے جانے کی امید ہے۔ اس کے علاوہ بعض نئے منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی رکھا جا سکتا ہے۔

تجارت اور زراعت سمیت کئی شعبوں میں تعاون پر بات

اس دورے میں تجارت، نقل و حمل، سرمایہ کاری، توانائی، رابطہ نیٹ ورک اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر خصوصی توجہ دیے جانے کا امکان ہے۔اس کے علاوہ تعلیم، صحت، زراعت، کھیل، قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری اور ہنرمندی و انسانی وسائل کی ترقی جیسے شعبوں میں بھی کئی مفاہمت ناموں (ایم او یو) پر تبادلہ خیال اور دستخط کیے جانے کی تجویز ہے۔نیپال سے 34 ارکان پر مشتمل سرکاری وفد بھارت کے لیے روانہ ہوگا، جس میں نئی دہلی میں تعینات نیپال کے سفیر اور دیگر حکام بھی شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ 52 تاجروں پر مشتمل ایک وفد بھی اپنے اخراجات پر اس دورے میں شرکت کرے گا۔اس موقع پر نیپال-بھارت بزنس فورم کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ اس کا مقصد نیپال میں بھارتی سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور دونوں ممالک کے تاجروں کو نئی کاروباری شراکت داری کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

بھارت اور نیپال کے تاریخی تعلقات کو ملے گی مزید مضبوطی

بھارتی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارت اور نیپال کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور تہذیبی رشتے ہیں، جنہیں دونوں ممالک کے عوام کے درمیان مضبوط روابط نے مزید مستحکم کیا ہے۔وزارت کے مطابق، تجارت، ترقیاتی شراکت داری، توانائی، آبی وسائل اور سڑک و ڈیجیٹل رابطہ کاری جیسے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون مسلسل آگے بڑھ رہا ہے۔وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ بالیندر شاہ کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کے سلسلے کو آگے بڑھائے گا۔ ساتھ ہی یہ بھی ظاہر کرے گا کہ بھارت کی ’پڑوسی پہلے‘ پالیسی میں نیپال کو کتنی اہمیت حاصل ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو

Abu Danish Rehman

Recent Posts

Rajasthan Road Accident: راجستھان میں دو خوفناک سڑک حادثے، 12 افراد جاں بحق، ایک ہی خاندان کے 9 افراد کی موت

ابتدائی اطلاعات کے مطابق، حادثے کی ممکنہ وجہ ڈرائیور کو نیند کی جھپکی آنا بتائی…

1 hour ago

Delhi AQI Today: دہلی کی فضا میں گھلا زہر، کئی علاقوں میں سانس لینا دشوار، جانئے کہاں کتنا ہے اے کیو آئی

فی الحال دہلی-این سی آر میں گریڈیڈ رسپانس ایکشن پلان (جی آر اے پی) کے…

2 hours ago

Cricketer Yuzvendra Chahal Joins BJP: بھارتی کرکٹر یوزویندر چہل نے سیاست میں رکھا قدم، بی جے پی میں شمولیت کے بعد ملی بڑی ذمہ داری

بھارتی کرکٹ ٹیم کے معروف اسپنر یوزویندر چہل کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)…

11 hours ago