CM Yogi on Asad Ahmed Encounter: امیش پال قتل سانحہ میں فرار عتیق احمد کا بیٹا اسد احمد اور شوٹر محمد غلام کے انکاؤنٹر پر وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ردعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے افسران کی تعریف کی۔ اس کے ساتھ ہی وزیراعلیٰ یوگی نے لا اینڈ آرڈر کی صورتحال پر میٹنگ طلب کی ہے۔ وزیراعلیٰ یوگی نے یوپی ایس ٹی ایف کی سراہنا کی۔ امیتابھ یش اور ان کے افسران کی سراہنا کی۔ چیف سکریٹری (داخلہ) سنجے پرساد نے اس انکاؤنٹر کی جانکاری وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو دی۔ اس پورے معاملے کی رپورٹ بھی وزیراعلیٰ کے سامنے رکھی گئی ہے۔
دوسری جانب، بی جے پی کے لیڈر سدھارتھ ناتھ سنگھ نے کہا کہ پولیس اور ایس ٹی ایف اپنا کام کر رہی ہے۔ ہم نے پہلے بھی کہا ہے کہ قانون کی بنیاد پر ٹھوس کارروائی کریں گے۔ یہ کارروائی بھی آئین کے تحت ہے۔ مجرمین کے تئیں بی جے پی حکومت کی زیرو ٹولرینس کی حکمت عملی رہتی ہے۔ پولیس کے ذریعہ مزید جانکاری ملے گی۔ وزیراعلیٰ کے کہنے اور کرنے میں فرق نہیں ہے، یہ اس کی بھی ایک مثال ہے۔
برجیش پاٹھک کا ردعمل
اس کے ساتھ ہی نائب وزیراعلیٰ برجیش پاٹھک نے کہا کہ ہمارا عزم ہے کہ ہم اترپردیش سے غنڈے مافیا اور مجرمین کو ختم کریں گے۔ ابھی ابھی حادثہ ہواہے، جیسے ہی پوری تفصیل آئے گی، اسے شیئر کریں گے۔ کوئی بھی ایسا جرم کرے گا وہ ریاست میں کھلا نہیں گھومے گا۔ اترپردیش لا اینڈ آرڈر کے ذریعہ سزا دلانے میں اترپردیش پہلے نمبر پر ہے۔ اترپردیش میں کوئی بھی مجرم جرم کرکے بچ نہیں پائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: سابق رکن پارلیمنٹ عتیق احمد کے بیٹے اسد اور شوٹر غلام کا ایس ٹی ایف نے جھانسی میں کیا انکاؤنٹر
واضح رہے کہ 24 فروری کو امیش پال کا دن دہاڑے قتل کردیا گیا تھا۔ اس معاملے میں امیش پال کی بیوی نے سابرمتی جیل میں بند عتیق احمد پراہم سازش کرنے کا الزام لگاتے ہوئے عتیق احمد سمیت اس کی اہلیہ شائستہ پروین اور اس کے بیٹے اور بھائی کے ساتھ ہی کئی شوٹروں کے خلاف نامزد مقدمہ درج کرایا تھا۔ تبھی سے پریاگ راج پولیس سمیت ایس ٹی ایف، کرائم برانچ اور دیگر ریاستوں کی پولیس بھی فرار ملزمین کی گرفتاری کے لئے تمام مشتبہ ٹھکانوں پر دبش دے رہی تھی۔