پارومیتا پین
امریکی یونیورسٹیوں میں درخواست دینے کے لیے مختلف انتخابات اورلوازمات کوملحوظِ خاطررکھنا پڑتا ہے۔ کالجوں اورمطالعہ کے شعبوں کے انتخاب سے لے کردرخواست دینے کا مقررہ وقت اور معیاری امتحانات تک، اس عمل میں محتاط منصوبہ بندی کی ضرورت ہوتی ہے۔ کولمبیا یونیورسٹی کے اسکول آف انٹرنیشنل اینڈ پبلک افیئرس(ایس آئی پی اے) میں گریجویٹ طالبہ قانتہ سریش محمد اپنے تجربے کی بنیاد پر طلبہ کو بعض مشورے دیتی ہیں۔ بین الاقوامی مالیات اوراعداد وشماراورمقداری تجزیہ میں مہارت پرمرکوزماسٹرآف انٹرنیشنل افیئرس کی طالبہ قانتہ کہتی ہیں کہ انہوں نے انٹرن شپ اورکام کے تجربات سے تشکیل پانے والے اپنے کریئرکے اہداف کودیکھتے ہوئے اس کی شروعات کی۔ وہ بتاتی ہیں ’’ان تجربات نے مجھے یہ جاننے میں مدد کی کہ میں واقعی کیا کرنا چاہتی ہوں اورسب سے اہم بات یہ ہے کہ میں کیا نہیں کرنا چاہتی۔‘‘
اپنی خواہشات کی بنیاد پرانہوں نے ایسی ڈگری کا انتخاب کیا، جوان کی صلاحیتوں کو بہترین طریقے سے فروغ دے اورملازمت کے مواقع کے لیے اہم رابطے فراہم کرے۔ اس کے بعد قانتہ نے امریکہ بھرمیں ان پروگراموں پر تحقیق کی جو ان کے شعبے میں خاص وصف کے لیے جانے جاتے ہیں۔ پھرانہوں نے معیاری امتحانات اورمضامین کے مطابق تیاری کرتے ہوئے ان کی درخواست کی شرائط کا جائزہ لیا۔
ڈیڈ لائن سے باخبر رہنا
قانتہ کے لیے درخواست جمع کرانے، خاص طور پراسکالرشپ اورسفارشی خطوط کے مقررہ وقت کی خبررکھنا ضروری تھا۔ وہ کہتی ہیں ’’میں درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ، خاص طور پر ہر یونیورسٹی میں اسکالرشپ کی ڈیڈ لائن اور ساتھ ہی سفارشی خطوط کی مقررہ تاریخوں سے محتاط طور پر باخبر رہی۔ میں نے اس بات پر توجہ دی کہ یونیورسٹیاں اپنے نتائج کب جاری کر رہی ہیں تاکہ میں داخلہ نہیں ملنے کی صورت میں اپنے ہنگامی منصوبہ پر کام کر سکوں۔‘‘
ایجوکیشن یو ایس اے کا ۵ مراحل پرمبنی منصوبہ
ان طلبہ کے لیے جنہیں ایک منظم طریقے کی ضرورت ہے، ایجوکیشن یو ایس اے پانچ مراحل پر مبنی ایک کارآمد منصوبہ پیش کرتا ہے۔ ۱۷۵ سے زائد ممالک میں۴۳۰ سے بھی زیادہ بین الاقوامی طلبہ مشاورتی مراکز کے ساتھ امریکی محکمہ خارجہ کا نیٹ ورک یعنی ایجوکیشن یو ایس اے طلبہ کوامریکی کالجوں میں درخواست کے عمل میں مدد کرتا ہے۔ نئی دہلی میں ایجوکیشن یو ایس اے میں تعینات سینئر پروگرام آفیسر بھاونا جولی اورسینئرایڈوائزرآستھا ورک سنگھ کے مطابق طلبہ کو سرکاری ذرائع پر اعتبار کرتے ہوئے اور شارٹ کٹ سے گریز کرتے ہوئے مکمل تحقیق کے ساتھ پانچ مراحل پرمبنی منصوبے پرکام کرنا چاہئے۔
ایجوکیشن یو ایس اے کا یہ منصوبہ بیش قیمت ثابت ہو سکتا ہے۔ سنگھ اس بات پر زور دیتی ہیں کہ اس کا ’’پہلا مرحلہ اداروں کا انتخاب ہے لیکن یہ صرف درجہ بندی کی بنیاد پرنہیں بلکہ طالب علم کی ترجیحات کی بنیاد پرہونا چاہیے۔ اس میں مطالعہ کا پروگرام، قبولیت کی شرح، ادارے کا سائز، کورس اوررہائش کی لاگت جیسے عوامل شامل ہیں۔‘‘
حصولِ تعلیم کے لیے مالی اعانت
مالیات کی منصوبہ بندی: اس مرحلے کو اکثر نظرانداز کر دیا جاتا ہے۔ یونیورسٹی کے انتخاب کے وقت ہی اس پر کام شروع کرنا چاہیے۔ اسکالرشپس، اسسٹنٹ شپس اور ذاتی وسائل جیسے فنڈز کے ذرائع کی نشاندہی کے ساتھ یونیورسٹی میں آنے والے اخراجات کا تخمینہ، نیز مالی امداد کے لیے ترجیحی آخری تاریخوں کی تکمیل امریکی ڈگری حاصل کرنے کے اہم اقدامات ہیں۔
درخواست مکمل کرنے کے بعد جو مرحلہ آتا ہے، اس میں زبان کی مہارت کی معیاری جانچ، ذاتی مضامین، تعلیمی کوائف، سفارشی خطوط اور مالی دستاویزات شامل ہیں۔ جولی اور سنگھ زور دے کر کہتی ہیں ’’اگر طالب علم مکمل تحقیق اور منصوبہ بندی کے ساتھ ان پہلے مراحل کو مکمل کرتے ہیں تو اسٹوڈنٹ ویزا کی درخواست اور روانگی کی تیاری کے مراحل ہموار ہو جاتے ہیں اور وہ ہر قسم کے تناؤ سے آزاد ہو جاتے ہیں۔‘‘
شروع میں ہی منصوبہ بنائیں
ایجوکیشن یو ایس اے طلبہ کو اس عمل کو جلدی شروع کرنے کا مشورہ دیتا ہے۔ عموماً داخلہ لینے کا ارادہ کرنے سے بھی ایک یا دو سال پہلے۔ تقریباً چارہزارتسلیم شدہ اداروں کے گھرامریکہ میں طلبہ کو تحقیق، ٹیسٹ لینے اور مطلوبہ دستاویزات جمع کرنے کے لیے کافی وقت کی ضرورت ہوتی ہے۔ ایک منظم طریقہ جلد بازی میں فیصلے کرنے سے آپ کو محفوظ رکھتا ہے اور درخواستوں کے ادخال میں آپ کی مدد کرتا ہے۔
قانتہ اس مشورے کی تائید کرتے ہوئے مزید کہتی ہیں کہ انہوں نے کولمبیا ایس آئی پی اے کا انتخاب دانستہ طور پر کیا تھا جس کی بنیاد اثر پرمبنی مالیات اورعالمی تبدیلی میں ان کی دلچسپی تھی۔ انہوں نے جان ہاپکنس یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف پنسلوانیاکے بارے میں بھی غورکیا کیونکہ دونوں کے کورس ورک ان کے کریئر کے مطابق تھے۔ وہ کہتی ہیں ’’چونکہ امریکی یونیورسٹیاں داخلوں کے ایک جامع عمل پرکام کرتی ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ ہر مرحلے کے لیے ایک تفصیلی منصوبہ تیار کیا جائے اور اس کے ساتھ ہی ٹیسٹ، مضامین اور سفارشات جیسے اجزا کے لیے مقرررہ وقت کا تعین بھی کیا جائے۔‘‘
درخواستوں کوحتمی شکل دینا
درخواست کا ایک اہم حصہ بیان برائے مقصد (ایس او پی) ہے۔ قانتہ کہتی ہیں ’’ایس او پی ایک اہم مضمون ہے، جوہرطالب علم کی انوکھی کہانی بیان کرتا ہے۔ اسے تیار کرنے کے لئے وقت، متعدد بارتبدیلیاں اورصبرکی ضرورت ہوتی ہے۔ طلبہ کواپنے ایس اوپی کومکمل کرنے کے لئے کچھ ہفتے وقف کرنا چاہئے جبکہ اس کے ساتھ اپنے تعلیمی کوائف کو بھی بہتربنانا چاہئے۔ کسی کی رائے حاصل کرنا بھی کارآمد ہے، لیکن ضرورت سے زیادہ معلومات کونکالنا بھی اتنا ہی اہم ہے۔‘‘ جیسے جیسے مقررہ وقت آتا ہے، طلبہ کواپنی درخواستوں کو مرتب کرنے اورمنظم کرنے پرتوجہ مرکوزکرنی چاہیے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ ساری چیزیں مکمل ہیں اورجمع کرانے کے لیے بالکل تیارہیں۔
سفارشات کے لیے بھی محتاط منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ قانتہ مشورہ دیتی ہیں ’’اپنے سفارش کنندگان سے پہلے سے بات کریں اور انہیں اپنے خطوط تیارکرنے کے لیے وقت دیں تاکہ اسے صحیح طریقے سے جمع کیا جا سکے۔ بروقت جمع کرانے کویقینی بنانے کے لیے روابط برقراررکھیں۔‘‘
کالجوں کے انتخاب کو متوازن رکھنا
متعدد اداروں میں درخواست دینا ایک دانشمندانہ قدم ہے۔ اس میں آپ کے خواب کے اسکول اورمحفوظ متبادل شامل ہونے چاہئیں۔ امریکہ میں تعلیم حاصل کرنے کے بارے میں مزید معلومات کے لیے جولی اورسنگھ طلبہ کوایجوکیشن یو ایس اے مرکز کا دورہ کرنے کا مشورہ دیتی ہیں۔
بشکریہ اسپَین میگزین، امریکی سفارت خانہ، نئی دہلی
ہندوستان کے پاس AI ایجنٹ اپنانے کے لیے ایک منفرد ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر ہے، جو…
اقوام متحدہ کی رپورٹ میں اس بات پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے کہ مشرقی…
انارک کے مطابق 2024 میں الٹرا لگژری گھروں کی فروخت میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا،…
چدانند سرسوتی نے کہاکہ ہندوستان کے پرجوش اور کامیاب وزیر اعظم نے پہلے ہی 13…
ہندوستان میں بنیادی افراط زر گزشتہ ایک سال کے دوران معمول پر آ گیا ہے،…
ائیر نے کہا کہ وسطی ہندوستان میں کانپور جیسے چھوٹے شہروں میں، جس کی آبادی…