غزہ میں 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جنگ کے ان 13 ماہ سے زائد عرصے میں 43985 فلسطینی اسرائیلی فوج نے قتل کیے ہیں۔ یہ ماہانہ اوسط 3383 سے زائد بنتی ہے۔ یہ اعداد و شمار غزہ کی وزارت صحت نے 20 نومبر 2024 کوجاری کیے ہیں۔ وزارت صحت کے مطابق پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران 13 فلسطینیوں کواسرائیلی فوج نے قتل کیا ہے۔
اقوام متحدہ کے مختلف اداروں کی رپورٹس کے مطابق اب تک قتل کیے گئے 43985 فلسطینیوں میں 70 فیصد تعداد فلسطینوں کے بچوں اور عورتوں کی ہے۔ ان معصوم بچوں اور بے گناہ خواتین کے اتنی بڑی تعداد میں قتل کیے جانے پر امریکہ اور یورپ میں بھی عوامی سطح پر احتجاج کیا جاتا ہے اور اسرائیلی جنگ بند کرنے کے علاوہ اسرائیل کو اسلحے کی ترسیل بند کرنے کا مطالبہ کیا جاتا ہے۔
غزہ میں وزارت صحت کے مطابق ان تیرہ ماہ سے زائد عرصے میں زخمی ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد ایک لاکھ چار ہزار بانوے ہے۔ مگر ان کے لیے اسرائیلی فوج نے کوئی ایک ہسپتال بھی سالم نہیں رہنے دیا۔
غزہ پر حماس کی حکومت باقی نہیں رہنے دیں گے: نیتن یاہو
اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہونے کہا ہے کہ غزہ پر حماس کی حکومت باقی نہیں رہنے دیں گے۔ نیتن یاہو نے اس امر کا اظہار منگل کے روزغزہ میں اسرائیلی فوجیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ہے۔ انہوں نے کہا جنگ رکنے کے بعد غزہ کی پٹی پر اس امرکویقینی بنایا جائے گا کہ یہاں حماس کی حکومت نہ رہے۔ اسی لیے حماس کے عسکری ونگ کی جنگی صلاحیتوں کو نشانہ بنایا گیا ہے اور سارا انفراسٹرکچر تباہ کیا جا رہا ہے۔ نیتن یاہو نے اس موقع پر یہ بھی کہا اسرائیل اور اس کی فوج کی مسلسل کوشش ہے کہ حماس کی قید میں باقی رہ گئے 101 یرغمالیوں کی رہائی کے لیے تلاش کی جائے اور پتہ چلایا جائے وہ کہاں رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے اپنے فوجیوں کو پیش کش کی کہ جو ایک یرغمالی کو واپس لائے گا اس کے بدلے اسے پانچ ملین ڈالر انعام دیا جائے گا۔
نیتن یاہو نے کہا جو بھی ہمارے یرغمالی کو تکلیف پہنچائے گا یا جس کے ہاتھ یرغمالیوں کے خون سے رنگے ہوں گے۔ ہم اس کا شکار کریں گے اور اس تک پہنچ جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا فلسطینیوں میں سے جوکوئی ہمارے ایک یرغمالی کو رہا کرانے میں مدد دے گا کہ یرغمالی اپنے گھرتک بحفاظت پہنچ جائے اسے اوراس کے خاندان کوغزہ سے محفوظ نکل جانے کی اجازت دے دیں گے۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے دورے کے موقع پراسرائیلی فوج کے سربراہ بھی موجود تھے۔ جنہوں نے نیتن یاہو کو غزہ کی صورتحال اور اسرائیلی فوج کی کارروائیوں پر بریفنگ دی۔
بشکریہ العربیہ اردو