ممبئی: معروف ٹی وی اداکارہ روپالی گنگولی نے مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے پیش نظر بھارتیہ جنتا پارٹی کی کھل کر حمایت کرتے ہوئے ریاستی حکومت اور وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی پر سخت تنقید کی ہے۔ ایک خصوصی گفتگو کے دوران انہوں نے بنگال کی موجودہ صورتحال پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بات پر شرم محسوس ہوتی ہے کہ ممتا بنرجی جیسی شخص ریاست کی قیادت کر رہی ہیں۔ اپنے بیان میں روپالی گنگولی نے کہا کہ وہ روزانہ درگا ماتا سے پرارتھنا کرتی ہیں کہ مغربی بنگال میں بی جے پی کی حکومت قائم ہو اور ریاست میں مثبت تبدیلی آئے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ترنمول کانگریس کے دورِ حکومت میں عام لوگوں، خاص طور پر ہندو خاندانوں کو مشکلات اور دباؤ کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
اداکارہ نے اپنے ذاتی تجربات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کے خاندان نے بھی اس دور میں خوف کا ماحول محسوس کیا۔ ان کے مطابق، ”میرے خاندان کے افراد ووٹ ڈالنے سے گھبراتے تھے کیونکہ غنڈے گھروں تک پہنچ جاتے تھے۔ گھروں میں نوجوان لڑکیاں موجود تھیں، جس کے باعث خوف مزید بڑھ جاتا تھا“۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ بنگال وہ نہیں رہا جسے وہ اپنے بچپن میں جانتی تھیں، بلکہ ان کے والد کا بنگال ”سونار بنگلہ“ تھا۔
روپالی گنگولی نے ممتا بنرجی پر براہِ راست تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے ریاست کی شبیہ کو نقصان پہنچایا ہے۔ ان کے بقول، ”جو کچھ کیا گیا ہے وہ حد سے آگے بڑھ چکا ہے اور اس پر خاموش رہنا ممکن نہیں“۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس بار انتخابات میں بھرپور حصہ لیں اور اپنی رائے کا اظہار کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ”یہ وقت ہے کہ اصل بنگالی اور بنگال کے شہری متحد ہوں اور اپنے حقوق کے لیے کھڑے ہوں۔ اگر ہمیں اپنا بنگال واپس چاہیے اور جرائم کا خاتمہ کرنا ہے تو بلا خوف ووٹ دینا ہوگا“۔
اداکارہ نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بھی عوام کو یقین دلایا ہے کہ انہیں کسی قسم کا خوف نہیں ہونا چاہیے۔ روپالی کے مطابق، ”جب قیادت خود ساتھ کھڑی ہے تو عوام کو اپنے اور اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے آگے آنا چاہیے“۔ واضح رہے کہ مغربی بنگال کی 294 رکنی اسمبلی کی مدت 7 مئی کو مکمل ہو رہی ہے۔ الیکشن کمیشن کے اعلان کے مطابق ریاست میں دو مرحلوں میں ووٹنگ 23 اور 29 اپریل کو ہوگی، جبکہ ووٹوں کی گنتی 4 مئی کو کی جائے گی، جس کے بعد نئی حکومت کی تشکیل عمل میں آئے گی۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈر کیپٹن…
آئچی-ناگویا ایشین گیمز 2026 میں بھارتی ایتھلیٹس نے ٹریک اینڈ فیلڈ میں دو سلور اور…
وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کی شام دہلی کے دین دیال اپادھیائے پارک پہنچ…
انتخابی کمیشن کی کارروائی اور ووٹر فہرست کی نظرثانی سے متعلق اپوزیشن کا احتجاج، کانگریس…
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس سے خطاب میں ایرانی صدر نے امریکہ…
آئی بی سی کے ذریعے ممبئی کے ٹیک ٹین بی کے سی اور بھارت نگر…