سیاست

NCB Action: گجرات کے بعد دہلی میں این سی بی کی کارروائی! 900 کروڑ کی منشیات برآمد، دو گرفتار

نارکوٹکس کنٹرول بیورو (NCB) نے 15 نومبر 2024 کو دہلی میں 82.53 کلو گرام کوکین ضبط کی۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں اس کی تخمینہ قیمت تقریباً 900 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔ اس معاملے کی جانکاری دیتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ یہ برآمدگی  ہندوستان کو منشیات سے پاک بنانے کے لیے حکومت کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔

وزیر داخلہ امت  شاہ کے مطابق این سی بی نے منشیات کو پکڑنے میں ‘باٹم ٹو ٹاپ  ‘ کا طریقہ اپنایا۔ جب دہلی کے ایک کورئیر سنٹر سے منشیات کی کچھ مقدار پکڑی گئی تو اس کی بنیاد پر پورے نیٹ ورک کا پردہ فاش کیا گیا۔ حکام کے مطابق منشیات کی یہ کھیپ دہلی سے آسٹریلیا بھیجی جانی تھی اور اس کا مرکزی سرغنہ دبئی میں مقیم ایک بڑا ہوالا تاجر ہے جس کا دہلی میں کافی اثر و رسوخ بتایا جاتا ہے۔

دہلی، احمد آباد اور سونی پت سے جڑی تاریں

جانچ میں پتہ چلا کہ منشیات کی یہ کھیپ پہلے احمد آباد اور سونی پت سے دہلی لائی گئی تھی۔ پولیس نے اس معاملے میں دو ملزمین لوکیش چوپڑا اور اودھیش یادو کو گرفتار کیا ہے۔ یہ ضبطی ہندوستان میں ‘لینڈ بیسڈ    ‘ منشیات کی اب تک کی سب سے بڑی ضبطی بتائی جارہی ہے، جو دہلی میں این سی بی کی مسلسل چوکسی اور ٹھوس منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے۔ این سی بی نے اس آپریشن میں جدید ٹکنالوجی کا استعمال کیا اور پوری احتیاط کے ساتھ اس کنسائنمنٹ کو ٹریک کیا۔ وزیر داخلہ امت  شاہ نے کہا کہ اس طرح کی بہت سی کارروائیوں سے یہ واضح ہو رہا ہے کہ حکومت منشیات کے خلاف پوری طرح چوکس ہے۔

اکتوبر میں 13,000 کروڑ روپے کی منشیات ضبط کی گئیں

یہ معاملہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب گزشتہ ماہ 13 اکتوبر کو دہلی اور گجرات پولیس نے گجرات کے انکلیشور سے 5000 کروڑ روپے کی 518 کلو گرام کوکین ضبط کی تھی اور پانچ لوگوں کو گرفتار کیا تھا۔ یکم اکتوبر کو دہلی پولیس کے اسپیشل سیل نے مہیپال پور کے ایک گودام پر چھاپہ مارا تھا اور 562 کلو گرام کوکین اور 40 کلو گرام ہائیڈروپونک چرس ضبط کی تھی۔ 10 اکتوبر کو تحقیقات کے دوران دہلی کے رمیش نگر میں ایک دکان سے تقریباً 208 کلو گرام اضافی کوکین برآمد ہوئی تھی۔

بھارت ایکسپریس

Abu Danish Rehman

Recent Posts