قومی

UP SIR Draft List: یوپی میں ایس آئی آر: ریاست میں کل 12.55 کروڑ ووٹر، ڈرافٹ لسٹ سے 2.89 کروڑ نام کاٹے گئے

لکھنؤ: الیکشن کمیشن آف انڈیا نے منگل کے روز خصوصی نظرثانی (اسپیشل انٹینسیو ریویژن، ایس آئی آر) کے تحت اتر پردیش کی ووٹر لسٹ کا ڈرافٹ جاری کر دیا ہے۔ ڈرافٹ ووٹر لسٹ کے مطابق ریاست میں اہل ووٹروں کی مجموعی تعداد 12.55 کروڑ سے زائد ہے، تاہم اس عمل کے دوران تقریباً 2.89 کروڑ نام لسٹ سے کاٹے گئے ہیں۔ اس انکشاف کے بعد سیاسی حلقوں اور عوام میں خاصی بحث شروع ہو گئی ہے۔ اتر پردیش کے چیف الیکٹورل آفیسر نو دیپ رِنوَا نے صحافیوں کو بتایا کہ خصوصی نظرثانی کے دوران یہ سامنے آیا کہ 2.17 کروڑ ووٹر یا تو اپنے درج شدہ پتوں سے منتقل ہو چکے ہیں یا پھر تصدیق کے دوران دستیاب نہیں پائے گئے۔ ایسے ووٹروں کے نام ضابطے کے مطابق لسٹ سے ہٹا دیے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس نظرثانی کے دوران 25.47 لاکھ ووٹر ایسے پائے گئے جو ایک سے زیادہ مقامات پر رجسٹرڈ تھے۔ الیکشن قوانین کے مطابق ایک ووٹر کا نام صرف ایک ہی حلقے میں درج ہو سکتا ہے، اسی لیے ڈپلیکیٹ اندراجات کو خارج کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 46.23 لاکھ ووٹروں کی موت کی تصدیق ہونے کے بعد ان کے نام بھی ووٹر لسٹ سے ہٹا دیے گئے ہیں۔

سی ای او کے مطابق ایس آئی آر کے عمل میں یہ بھی پایا گیا کہ 18.70 فیصد ووٹروں کے دستخط یا تو دستیاب نہیں تھے یا تصدیق کے دوران موصول نہیں ہو سکے۔ ایسے معاملات میں قواعد کے تحت کارروائی کی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جن شہریوں کے نام ڈرافٹ ووٹر لسٹ میں شامل نہیں ہیں، وہ فارم-6 کے ذریعے دوبارہ اندراج کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے دعووں اور اعتراضات کے اندراج کے لیے 6 جنوری سے 6 فروری 2026 تک کا وقت مقرر کیا ہے۔ اس دوران ووٹر اپنے نام شامل کرانے، غلطیوں کی درستی یا نام کاٹے جانے پر اعتراض درج کرا سکتے ہیں۔ دعووں اور اعتراضات کی جانچ اور ان پر فیصلے کا عمل 27 فروری 2026 تک مکمل کیا جائے گا۔ نو دیپ رِنوَا نے بتایا کہ اتر پردیش کی حتمی ووٹر لسٹ 6 مارچ 2026 کو شائع کی جائے گی، جو یکم جنوری 2026 کو اہلیتی تاریخ مان کر تیار کی جا رہی ہے۔ اس سے قبل الیکشن کمیشن نے 12 دسمبر کو اتر پردیش سمیت آٹھ ریاستوں میں خصوصی رول آبزرورز کی تقرری کی تھی، جو ووٹر لسٹ کی نظرثانی کے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں۔ کمیشن کے مطابق اس مشق کا مقصد صاف، شفاف اور درست ووٹر لسٹ کو یقینی بنانا ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو

Sibghatullah

Recent Posts

No defeat is taken lightly: ہم کسی بھی شکست کو ہلکے میں نہیں لیتے، گیند اور بلے کے درمیان برابری کا مقابلہ ضروری۔ گوتم گمبھیر

گوتم گمبھیر نے نوجوان تیز گیند باز مایانک یادو کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا…

7 minutes ago

World Mental Health Day: عالمی یومِ ذہنی صحت، دنیا میں ہر 7 میں سے 1 شخص ذہنی صحت کے مسائل سے دوچار

ڈبلیو ایچ او کے مطابق، کئی ممالک کمیونٹی کی سطح پر ذہنی صحت کی خدمات…

41 minutes ago