نئی دہلی — افغانستان، بنگلہ دیش اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے چھ اقلیتی برادریوں ہندو، عیسائی، سکھ، بدھ، جین اور پارسی کے وہ مہاجرین جو 31 دسمبر 2024 تک بھارت میں بغیر درست پاسپورٹ یا سفری دستاویز کے داخل ہوئے یا جن کے دستاویزات کی معیاد ختم ہو گئی ہے، اب امیگریشن اینڈ فارنرز ایکٹ 2025 کے تحت قانونی کارروائی سے مستثنیٰ ہوں گے۔ وزارت داخلہ نے پیر کو یہ حکم نامہ ’’امیگریشن اینڈ فارنرز (ایگزمپشن) آرڈر 2025‘‘ کے تحت جاری کیا۔
سزائیں اور نئے قوانین کی تفصیل
امیگریشن اینڈ فارنرز ایکٹ کی دفعہ 21 کے تحت بغیر درست پاسپورٹ یا ویزا بھارت آنے والے غیر ملکیوں کو پانچ سال تک قید اور پانچ لاکھ روپے تک جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے، جبکہ دفعہ 23 کے تحت ویزا کی معیاد ختم ہونے کے بعد قیام پر تین سال تک قید اور تین لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ نئے آرڈر کے تحت مذکورہ ممالک کے غیر مسلم مہاجرین، جو 31 دسمبر 2024 تک بھارت پہنچے ہیں، کو حراست یا ملک بدری سے بچایا جائے گا، لیکن شہریت ترمیمی قانون 2019 (CAA) کے تحت شہریت حاصل کرنے کی شرائط پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، کیونکہ اس قانون میں کٹ آف تاریخ 31 دسمبر 2014 ہی رہے گی۔
دیگر ممالک کے شہریوں کے لیے بھی رعایت
اسی آرڈر کے تحت نیپال اور بھوٹان کے شہریوں اور وہ تبتی باشندے جو 1959 سے 30 مئی 2003 کے درمیان خصوصی اجازت نامے پر بھارت آئے اور رجسٹرڈ ہیں، کو بھی کارروائی سے استثنیٰ دیا گیا ہے۔ البتہ اگر نیپال یا بھوٹان کے شہری چین، مکاؤ، ہانگ کانگ یا پاکستان کے راستے بھارت میں داخل ہوں یا باہر جائیں تو انہیں یہ رعایت نہیں ملے گی۔
سری لنکن تمل اور دیگر استثنیٰ
وہ سری لنکن تمل جو 9 جنوری 2015 تک بھارت میں پناہ لے چکے ہیں، ان پر قیام کی حد یا ملک سے باہر جانے کے قواعد لاگو نہیں ہوں گے۔ تینوں مسلح افواج کے اہلکار اور ان کے اہلِ خانہ، جو سرکاری ڈیوٹی پر بھارت میں داخل یا خارج ہوں، بھی اس سے مستثنیٰ ہوں گے۔ اسی طرح سفارتی پاسپورٹ رکھنے والے غیر ملکیوں کو ویزا کی ضرورت نہیں ہوگی۔
جرمانوں کا نیا ڈھانچہ
وزارت داخلہ نے ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے نیا جرمانہ نظام بھی جاری کیا ہے۔ مستثنیٰ فہرست کے علاوہ دیگر غیر ملکی اگر بغیر درست پاسپورٹ یا ویزا داخل ہوں تو انہیں پانچ لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔ ویزا کی مدت ختم ہونے کے بعد قیام پر تبت کے باشندے، منگولیا کے بدھ راہب اور اہل پاکستانی، بنگلہ دیشی و افغانی مہاجرین کے علاوہ دیگر افراد کو 30 دن تک زائد قیام پر 10 ہزار روپے اور 31 تا 90 دن زائد قیام پر 20 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
انہوں نے PM سوریا گھر مفت بجلی یوجنا کے ذریعے گھروں کی چھتوں پر سولر…
تقریباً 40 فنکاروں کی ٹیم نے اپنی پرفارمنس اور مکالموں کے ذریعے مغلیہ دور کے…
پی ایم مودی نے کہا کہ ہر جگہ الگ الگ روایات ہیں اور کھانے پینے…
گریٹر نوئیڈا میں منعقد ہونے والا یہ بین الاقوامی ٹریڈ شو محض ایک نمائش نہیں…
دوسرا زمرہ، 50 فیصد فیس معافی: جن خاندانوں کی سالانہ آمدنی 4.1 لاکھ روپے سے…
کانگریس آج ملک بھر میں الیکشن کمیشن کے دفاتر تک احتجاجی مارچ نکالے گی۔ وہیں…