نئی دہلی: وزیردفاع راجناتھ سنگھ نے پیر کے روز پارلیمنٹ کے ایوانِ زیریں لوک سبھا میں طویل انتظار کی حامل بحث کا باضابطہ آغاز کرتے ہوئے ’آپریشن سندور‘ کو ہندوستانی افواج کی طرف سے انجام دی گئی ایک تاریخی کارروائی قرار دیا۔ انہوں نے شہید سپاہیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ فوجی ہمیشہ ملک کے لیے اپنی جان قربان کرنے کو تیار رہتے ہیں۔ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ سب سے پہلے، میں پارلیمنٹ کی طرف سے ان بہادر جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے ملک کے لیے قربانیاں دی ہیں۔ آپریشن سندور نہ صرف ایک فوجی کارروائی تھی، بلکہ یہ ہندوستان کی دہشت گردی کے خلاف پالیسی کی ایک مؤثر اور فیصلہ کن مثال بھی تھی۔ یہ ہماری خودمختاری، شناخت اور شہریوں کی سلامتی سے وابستہ ذمہ داری کا عکاس تھا۔
انٹیلی جنس اور منصوبہ بندی کی بنیاد پر کارروائی
راجناتھ سنگھ نے ایوان کو بتایا کہ 6 اور 7 مئی کو شروع کی گئی اس کارروائی سے قبل ہندوستانی مسلح افواج نے ہر پہلو پر گہرائی سے مطالعہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس کئی متبادل تھے، لیکن ہم نے وہ راستہ چنا جس سے دہشت گردوں اور ان کے ٹھکانوں کو سب سے زیادہ نقصان ہو اور پاکستانی شہریوں کو کوئی گزند نہ پہنچے۔ وزیر دفاع نے بتایا کہ ’آپریشن سندور‘ میں کل 9 دہشت گردانہ بنیادی ڈھانچوں کو نشانہ بنایا گیا۔ اس کارروائی میں اندازاً 100 سے زائد دہشت گرد، ان کے ٹرینر، ہینڈلرز اور معاونین مارے گئے، جن میں سے بیشتر جیشِ محمد، لشکرِ طیبہ اور حزب المجاہدین جیسے تنظیموں سے جڑے ہوئے تھے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ پورا آپریشن محض 22 منٹ میں مکمل کر لیا گیا تھا۔
پارلیمنٹ میں بحث کے آغاز سے قبل کی ہلچل
راجناتھ سنگھ کی تقریر سے پہلے، ایوان کی کارروائی دن میں تین بار ملتوی ہوئی، کیونکہ اپوزیشن اراکین نعرے بازی کرتے ہوئے ایوان کے وسط میں آ گئے تھے۔ اسپیکر اوم برلا نے اپوزیشن اراکین کو تنبیہ کی کہ وہ کارروائی میں خلل ڈالنے سے باز رہیں۔
’آپریشن سندور‘ کا پس منظر
’آپریشن سندور‘ کا آغاز 7 مئی کو کیا گیا تھا، جو کہ جموں و کشمیر کے پہلگام میں 22 اپریل کو پیش آنے والے ہولناک دہشت گردانہ حملے کے بعد ہندوستان کی جوابی کارروائی تھی۔ اس حملے میں 26 عام شہری مارے گئے تھے۔ ہندوستان نے اس کے جواب میں پاکستان اور پاکستان مقبوضہ کشمیر (PoK) میں موجود دہشت گرد ٹھکانوں پر ہدفی کارروائیاں کی تھیں۔ یہ بحث لوک سبھا میں 16 گھنٹے تک جاری رہے گی، جب کہ 29 جولائی کو راجیہ سبھا میں بھی اسی موضوع پر تفصیلی بحث متوقع ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
ٹرمپ انتظامیہ نے صنعتی پیداوار میں ضرورت سے زیادہ گنجائش کو امریکی تجارت کیلئے نقصان…
ان لوگوں کے لیے جو ماہانہ ری چارجز سے بچنا چاہتے ہیں، جیو نے 3,999روپے…
شیخ حسینہ فی الحال ہندوستان میں جلاوطنی کی زندگی گزار رہی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے…
چورو میں بی جے پی کی امیدوار کنیکا سنگھ راٹھوڑ نے 39 رکنی ضلع پریشد…
رپورٹوں کے مطابق، پاکستان میں عمارتوں یا ان کی چھتوں کا منہدم ہونا ایک عام…
مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے بدھ کے روز ’نئی چیتنا 5.0‘ مہم کا آغاز…