نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے کاشی تمل سنگمم کے پانچویں ایڈیشن کے آغاز پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سال کا موضوع ’تروکُرل پَیلوُم‘ (آئیے تروکُرل سیکھیں) خاص اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عظیم شاعر تروولوور کے نظریات اور تعلیمات کو نوجوانوں میں مزید مقبول بنانے کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔ وزیر اعظم نے ہفتہ کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا، ’’مجھے بہت خوشی ہے کہ آج کاشی تمل سنگمم 5.0 کا آغاز ہوا ہے۔ کاشی کے اس لافانی شہر میں تمل ناڈو اور ملک کے دیگر حصوں سے آنے والے تمام لوگوں کا میں تہہ دل سے خیر مقدم کرتا ہوں۔‘‘
تروکُرل کا 50 زبانوں میں ترجمہ جاری
انہوں نے کہا کہ اس سال سنگمم کا موضوع ’تروکُرل پَیلوُم‘ (آئیے تروکُرل سیکھیں) خاص اہمیت رکھتا ہے۔ عظیم شاعر تروولوور کی تعلیمات انسانی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر قیمتی رہنمائی فراہم کرتی ہیں۔ پی ایم مودی نے کہا کہ تروکُرل کا 50 زبانوں میں ترجمہ جاری کیا جانا ایک شاندار کوشش ہے، جس میں 10 غیر ملکی زبانیں بھی شامل ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس سے عظیم شاعر تروولوور کے خیالات نوجوانوں میں مزید مقبول ہوں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ کئی برسوں کے دوران کاشی تمل سنگمم ثقافتی اور علمی تبادلے کا ایک فعال پلیٹ فارم بن چکا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اس انعقاد سے ’ایک بھارت، شریشٹھ بھارت‘ کے جذبے کو بھی تقویت ملی ہے۔
نائب صدر جمہوریہ نے پانچویں ایڈیشن کا کیا افتتاح
اس سے قبل ہفتہ کے روز نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن نے وارانسی میں کاشی تمل سنگمم کے پانچویں ایڈیشن کا افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا مشترکہ تہذیبی اور روحانی ورثہ لسانی اور علاقائی تنوع کے باوجود ملک کو ایک لڑی میں پروئے رکھتا ہے۔ نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ اسی تاریخی اور ثقافتی رشتے نے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں کاشی تمل سنگمم کے آغاز کی تحریک دی۔ لسانی ہم آہنگی پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر شخص کو اپنی مادری زبان پر فخر ہونا چاہیے اور دوسری زبانوں کا بھی احترام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا، ’’اپنی زبان سے محبت کبھی دوسری زبان کے تئیں دشمنی میں تبدیل نہیں ہونی چاہیے۔‘‘
رادھا کرشنن نے کہا کہ ہندوستان کی طاقت اس کی متعدد زبانوں اور مشترکہ اقدار میں پوشیدہ ہے۔ انہوں نے 2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان کے ہدف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی خواہش صرف اقتصادی ترقی تک محدود نہیں ہونی چاہیے، بلکہ ہندوستان کو اپنے تہذیبی ورثے، ثقافتی اقدار اور انسانیت نوازی کے حوالے سے بھی دنیا کے سامنے ایک مثال بننا چاہیے۔ انہوں نے عالمی سطح پر جاری تنازعات، غیر یقینی صورتحال اور تقسیم کے ماحول میں ’وسودھیو کٹمبکم‘ اور ’سروے بھونتو سکھنہ‘ جیسے ہندوستانی فلسفوں کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔
تمل شاعر کے پیغام کا اقوام متحدہ میں ذکر
نائب صدر جمہوریہ نے اقوام متحدہ میں وزیر اعظم مودی کی جانب سے سنگم دور کے شاعر کنیئن پونگندرنار کی مشہور سطر ’یادھوم اورے، یاوروم کیلیِر‘ کا حوالہ دیے جانے کو بھی یاد کیا۔ اس کے ذریعے تمل فکر کے آفاقی بھائی چارے کے پیغام کو عالمی سطح پر پہنچایا گیا۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ پیرنتھلیور کے کامراج اور پسومپون متھوراملنگا تھیور جیسے رہنماؤں سے تحریک حاصل کریں اور قومی اتحاد کے جذبے کو برقرار رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان کی تہذیبی اقدار کو آگے بڑھانے اور ملک کو جوڑنے والے رشتوں کو مضبوط بنانے میں نوجوان نسل کا اہم کردار ہے۔ رادھا کرشنن نے کہا کہ کاشی تمل سنگمم اب محض ایک ثقافتی پروگرام نہیں رہا، بلکہ تمل ناڈو اور کاشی کے تاریخی تعلقات کو پھر سے زندہ کرنے اور ’ایک بھارت، شریشٹھ بھارت‘ کے جذبے کو مضبوط بنانے والی قومی تحریک بن چکا ہے۔
تروکُرل کی 50 زبانوں میں اشاعت
اس موقع پر تروکُرل کے 50 زبانوں میں ترجمہ شدہ نسخے جاری کیے گئے، جن میں 10 غیر ملکی زبانیں بھی شامل ہیں۔ اس سال کا موضوع ’تروکُرل پَیلوُم‘ یعنی تروکُرل کا مطالعہ اور اس کی مشق کرنا ہے۔ اس کا مقصد شاعر تروولوور کی لازوال تعلیمات اور آفاقی اقدار کو ملک بھر کے طلبہ اور نوجوانوں تک پہنچانا ہے۔ نائب صدر جمہوریہ نے تروکُرل کو زندگی کے لیے ایک آفاقی رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں مساوات، انسانیت نوازی اور اخلاقیات کا جو پیغام دیا گیا ہے، وہ زبان، خطے اور ملک کی سرحدوں سے بالاتر ہے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس کی تعلیمات کا مطالعہ کریں اور انہیں اپنی روزمرہ زندگی میں اپنائیں۔
بھارت ایکسپریس۔
طالبان کے دور حکومت میں خواتین کے نام، تعلیم اور ملازمتوں پر پابندیاں اسلام کی…
ڈاکٹرسید مبین زہرا نے اپنی کتاب کا تفصیلی تعارف کراتے ہوئے کہا کہ میں نے…
بالی ووڈ اداکارسلمان خان کوراجستھان ہائی کورٹ سے بڑی راحت ملی ہے۔ راج شری پان…
انگلینڈ کی ٹیم اگلے سال فروری میں دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لیے…
عرفان پٹھان نے کہا کہ کے کے آر کی جانب سے ریلیز کیے گئے کھلاڑیوں…
تروپرنکنڈرم پہاڑی کے دیپاتھون پر سپریم کورٹ کے حکم کے بعد روشن کیا گیا پوتر…