قومی

Rahul Gandhi PC on Delimitation Bill: ’’بی جے پی نیا انتخابی نقشہ بنانا چاہتی ہے، 850 جمہوریت ختم کرنے کا نمبر…‘‘ پارلیمنٹ میں حد بندی بل پیش کئے جانے سے پہلے راہل گاندھی کا بڑا حملہ

نئی دہلی: لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈراورکانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے حد بندی بل (ڈی لمیٹیشن بل) سے متعلق مرکزی حکومت پرسخت حملہ کیا ہے۔ انہوں نے ہفتہ کے روزنئی دہلی میں واقع اندرا بھون میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حکومت کی منشا پرسوال اٹھائے۔ راہل گاندھی نے الزام لگایا کہ بی جے پی ملک کا نیا انتخابی نقشہ تیارکرنا چاہتی ہے اورملک کوآمریت میں تبدیل کرنے کی کوشش کررہی ہے، لیکن اپوزیشن ایسا نہیں ہونے دے گی۔ راہل گاندھی نے کہا کہ لوگوں کا ماننا ہے کہ ووٹوں کی چوری ہورہی ہے اورگزشتہ 10 سال سے ووٹ چوری کرکے انتخابات جیتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس راستے کوبند کردیا ہے، لیکن اب ان لوگوں نے نیا منصوبہ بنایا ہے اورنیا راستہ تلاش کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ بی جے پی نیا انتخابی نقشہ تیارکرنا چاہتی ہے۔

لوک سبھا میں 850 نشستیں کیوں؟ راہل گاندھی نے اٹھایا سوال

راہل گاندھی نے کہا کہ ان کا ماننا ہے کہ لوک سبھا میں موجودہ 543 اراکین کے بجائے 850 اراکین ہونے چاہئیں، لیکن حکومت خواتین ریزرویشن کا بہانہ بنا رہی ہے۔ خواتین ریزرویشن بل پہلے ہی منظورہوچکا ہے اوراسے کل بھی نافذ کیا جاسکتا ہے۔ ایسے میں سوال یہ ہے کہ 850 نشستیں کیوں کی جا رہی ہیں؟ انہوں نے کہا کہ اس سوال کا جواب آسام اورجموں وکشمیرمیں ہے، کیونکہ جب 850 نشستیں ہوں گی توانتخابی نقشے میں اپنی مرضی سے بڑی تبدیلیاں کرنے کا موقع ملے گا۔

’بی جے پی انتخابی نقشہ اپنے فائدے کے لیے تبدیل کرنا چاہتی ہے‘

راہل گاندھی نے الزام لگایا کہ انتخابی نقشے کوازسرنوسے ترتیب دینے کے ذریعے بی جے پی کواپنے فائدے کے لیے انتخابی حلقوں کی تشکیل کا موقع ملے گا۔ اس سے بی جے پی مخالف طبقات کی نمائندگی کمزورکرنے اور مخصوص اپوزیشن لیڈروں کونشانہ بنانے کا راستہ کھل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وہ وقت نہیں رہا جب کوئی اپنی مرضی سے، کہیں بھی انتخابات میں دھاندلی کرسکتا تھا۔ دھاندلی اب بھی ہوسکتی ہے، لیکن ملک جانتا ہے کہ ایسا کیا جا رہا ہے۔ راہل گاندھی نے دعویٰ کیا کہ ان کے سروے کے مطابق ملک کے 80 فیصد لوگ اورتقریباً 100 فیصد Gen Z کا ماننا ہے کہ نریندرمودی، امت شاہ اورگیانیش کمارانتخابات میں دھاندلی کرتے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ الیکشن کمیشن کے مطابق 2024 میں 14 کروڑایسے لوگوں نے ووٹ دیا، جوووٹ دینے کے اہل نہیں تھے۔ راہل گاندھی نے دعویٰ کیا کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ الیکشن کمیشن کے مطابق 2024 کے انتخابات غیرقانونی تھے۔

جموں وکشمیر، بہار، آسام اوربنگال میں بھی دھاندلی کا الزام

راہل گاندھی نے کہا کہ جموں وکشمیرمیں انتخابی نشستوں کی نئی تشکیل کی گئی، بہارمیں ووٹروں کے نام حذف کئے گئے، آسام میں بی جے پی کے فائدے کے لیے پورے ریاستی انتخابی ڈھانچے کوتبدیل کیا گیا اورمغربی بنگال میں 100 سے زیادہ نشستیں چوری کی گئیں۔ راہل گاندھی نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے وزیراعظم نریندرمودی، وزیرداخلہ امت شاہ اورچیف الیکشن کمشنرگیانیش کمارکوبے نقاب کیا ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ ان کے پاس گیانیش کمارکے بارے میں کافی معلومات ہیں اوروہ جلد ہی اسے عوام کے سامنے پیش کریں گے۔

’850 ہندوستانی جمہوریت کے قتل کا نمبر ہے‘

راہل گاندھی نے نوجوانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ Gen Z اس نمبرکویاد رکھے۔ ان کے مطابق، 850 ہندوستانی جمہوریت کے قتل کا نمبرہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اس منصوبے کے ذریعہ نریندرمودی، امت شاہ اورگیانیش کمارکوملک کے انتخابی نقشے میں اپنی مرضی سے تبدیلی کرنے کا موقع دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد ملک کے انتخابی حلقوں کے نقشے کواس طرح تبدیل کرنا ہے کہ بی جے پی کوفائدہ پہنچے اوروہ ملک کے وسائل پراپنا کنٹرول برقراررکھ سکے۔

حد بندی کمیشن کی تشکیل پر بھی سوال

راہل گاندھی نے حد بندی کمیشن کی تشکیل پربھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس میں گیانیش کمارایک رکن ہوں گے، جبکہ ایک سابق سپریم کورٹ جج کونریندرمودی اورامت شاہ منتخب کریں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کمیشن کے تیسرے رکن کا انتخاب بھی گیانیش کمارخود کریں گے۔ راہل گاندھی نے الزام لگایا کہ الیکشن کمیشن پرقبضہ کرلیا گیا ہے اوراب حد بندی کمیشن کوبھی اسی مقصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق، حد بندی کمیشن کی تشکیل حکومت کومکمل کنٹرول دیتی ہے اوراس کے فیصلوں کوعدالت میں چیلنج بھی نہیں کیا جاسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ملک کوآمریت میں تبدیل نہیں ہونے دے گی۔

بھارت ایکسپریس اردو-

Nisar Ahmad

Recent Posts

PDP Angry over Summons to Maulana Qasmi: ’’مذہبی شخصیت کو دبانے کی کوشش برداشت نہیں…‘‘، مولانا قاسمی کو پولیس کے سمن پر پی ڈی پی برہم

جموں و کشمیر وقف بورڈ کے ایک پروگرام میں ’وندے ماترم‘ بجائے جانے کی مخالفت…

1 hour ago