قومی

حکومت ڈی لمیٹیشن بل پر کسی بھی قسم کی پیش رفت سے قبل ڈی لمیٹشن اور نئے سیاسی حلقوں کی تشکیل کے سلسلے میں واضح، غیر جانبدار اور منصفانانہ ضابطہ عمل ملک کے سامنے پیش کرے: سید سعادت اللہ حسینی

نئی دہلی: جماعت اسلامی ہند کے امیر سید سعادت اللہ حسینی نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ڈی لمیٹیشن اور نئے انتخابی حلقوں کی تشکیل کے سلسلے میں ایک واضح، فول پروف اور آئینی اصولوں کے تحت ضابطہ عمل وضع کرے۔ میڈیا کے لیے جاری اپنے بیان میں جماعت اسلامی ہند کے امیر سید سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ حکومت کو سب سے پہلے ایک ایسا واضح، فول پروف اور آئینی طور پر مستحکم فریم ورک وضع کرنا چاہیے جو ڈی لمیٹیشن میں من مانی، سیاسی مداخلت اور کسی بھی طرح کی جانبدارانہ ردوبدل کو روک سکے۔ اس پورے عمل کے لیے طے شدہ طریقۂ کار اور حفاظتی ضوابط کو واضح طور پر عوام کے سامنے پیش کیا جائے۔ اگر ڈی لمیٹیشن کا عمل انجام دینا ہی ہے تو مجوزہ بل کو آگے بڑھانے سے پہلے سیاسی اور عوامی اتفاق رائے پیدا کیا جائے۔

ڈی لمیٹیشن کے عمل میں تمام متعلقہ فریقوں سے مشاورت ضروری

انہوں نے کہا کہ مجوزہ ڈی لمیٹیشن کے عمل کے حوالے سے اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ انتخابی حلقوں کی تشکیل کا طریقۂ کار منصفانہ اور شفاف ہو۔ ڈی لمیٹیشن کے عمل سے جمہوری نمائندگی، وفاقی توازن، خطے اور مختلف طبقات کے سیاسی حقوق پر دور رس اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ سید سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ حکومت کو یہ سمجھنا چاہیے کہ ڈی لمیٹیشن ایک حساس معاملہ ہے، اسے عجلت میں قانون سازی کی کارروائی تک محدود نہیں کیا جا سکتا۔ اس سلسلے میں ریاستی حکومتوں، سیاسی جماعتوں، سماجی و شہری تنظیموں اور دیگر متعلقہ فریقوں سے مشاورت نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو بھی چاہیے کہ وہ صرف نشستوں کی تعداد میں اضافے پر توجہ مرکوز کرنے کے بجائے ایک منصفانہ، شفاف اور فول پروف ڈی لمیٹیشن کے عمل اور اس کے لیے مؤثر حفاظتی اقدامات کے مطالبے کو اپنی پہلی ترجیح بنائیں۔

مذہبی اقلیتوں کی سیاسی نمائندگی متاثر ہونے کے خدشات

سید سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ اگر ڈی لمیٹیشن کی منظوری دی جاتی ہے تو اس کا مقصد جمہوریت کو مضبوط کرنا، وفاقی توازن کا تحفظ کرنا اور ہر خطے اور برادری کو منصفانہ نمائندگی کی ضمانت دینا ہونا چاہیے۔ مجوزہ ڈی لمیٹیشن کمیشن کی تشکیل اور اس کے کام کرنے کے طریقۂ کار میں ادارہ جاتی نگرانی اور مؤثر عدالتی نظرثانی کا فقدان سنگین تشویش کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسام اور جموں و کشمیر میں ہونے والی ڈی لمیٹیشن کے تجربات نے بھی ایسے خدشات پیدا کیے ہیں کہ انتخابی حلقوں کی جغرافیائی حدود میں اس طرح سے ردوبدل کیا جا سکتا ہے جس سے مذہبی اقلیتوں کی سیاسی نمائندگی متاثر ہو۔ اس لیے اس پورے عمل کو کسی بھی قسم کی جانبدارانہ یا امتیازی مداخلت سے محفوظ رکھنا ضروری ہے، تاکہ تمام متعلقہ فریقوں کا اس عمل پر اعتماد برقرار رہے۔

خواتین کا ریزرویشن اور ڈی لمیٹیشن دو الگ الگ معاملات ہیں

سید سعادت اللہ حسینی نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کے لیے ریزرویشن اور ڈی لمیٹیشن دو الگ الگ معاملات ہیں اور انہیں ایک دوسرے سے منسلک نہیں کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہند خواتین کی سیاسی نمائندگی اور ان کو بااختیار بنانے کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ تاہم خواتین کے لیے ریزرویشن کو موجودہ نظام کے تحت ہی نافذ کیا جانا چاہیے اور اس میں ذیلی کوٹے رکھے جانے چاہئیں، تاکہ تمام طبقات کی شمولیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

دوسری طرف انتخابی حلقوں کی حد بندی کا معاملہ الگ سے ایک شفاف اور آئین کے اصولوں پر قائم طریقۂ کار کے ذریعے طے کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مرکزی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ڈی لمیٹیشن سے متعلق تمام تفصیلات کو عوام کے سامنے پیش کرے، اس عمل کے لیے طے شدہ معیارات اور حفاظتی ضوابط کو عوام کے سامنے لائے اور پارلیمنٹ میں بل پیش کرنے سے پہلے وسیع تر سیاسی اور عوامی اتفاق رائے پیدا کرے۔ جمہوری اداروں کی ساکھ، ہر ووٹ کی یکساں قدر اور تمام خطوں اور برادریوں کی منصفانہ نمائندگی کو ہر حال میں اولین اہمیت حاصل رہنی چاہیے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔

Abdul Awwal

Recent Posts

PDP Angry over Summons to Maulana Qasmi: ’’مذہبی شخصیت کو دبانے کی کوشش برداشت نہیں…‘‘، مولانا قاسمی کو پولیس کے سمن پر پی ڈی پی برہم

جموں و کشمیر وقف بورڈ کے ایک پروگرام میں ’وندے ماترم‘ بجائے جانے کی مخالفت…

23 minutes ago

Delhi Riots 2020 Case: دہلی فسادات 2020: قتل کے مقدمے میں 6 مسلمان باعزت بری، جمعیۃ علماء ہند کی قانونی کوششوں سے انصاف کی راہ ہموار

کڑکڑ ڈوما عدالت کے ایڈیشنل سیشن جج پروین سنگھ نے 48 صفحات پر مشتمل فیصلے…

46 minutes ago

Karachi Building Collapsed: کراچی میں چھ منزلہ عمارت گرنے سے مہلوکین کی تعداد 11 ہوئی، 8 افراد اب بھی لاپتہ، امدادی کارروائی جاری

پاکستان میں عمارتوں اور چھتوں کے منہدم ہونے کے واقعات اکثر سامنے آتے رہے ہیں۔…

58 minutes ago

Pauri Garhwal Accident: اتراکھنڈ کے ریکھنی کھال میں گاڑی کھائی میں گری، سات افراد ہلاک، پانچ زخمی

حکام کے مطابق، حادثے کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر راحت اور بچاؤ کا…

1 hour ago