انٹرٹینمنٹ

Salman Khan Pan Masala Controversy: پان مسالہ معاملے میں سلمان خان کو راجستھان ہائی کورٹ سے بڑی راحت، کنزیومرکمیشن کی کارروائی پر روک

بالی ووڈ اداکارسلمان خان کوراجستھان ہائی کورٹ سے بڑی راحت ملی ہے۔ راج شری پان مسالہ کے مبینہ گمراہ کن اشتہارسے متعلق قانونی معاملے میں عدالت نے کنزیومر کمیشن (صارفین کمیشن) کی کارروائی پرعبوری روک لگا دی ہے۔ جودھپورواقع راجستھان ہائی کورٹ نے سلمان خان کی عرضی پرسماعت کرتے ہوئے ضلع صارفین تنازعات کے ازالے کے کمیشن، جودھپوردوم میں زیرالتوا معاملے کی مزید کارروائی روکنے کا حکم دیا ہے۔

جسٹس ڈاکٹرنوپوربھاٹی کی سنگل بنچ نے 26 نومبر2026 کویہ حکم جاری کیا۔ سلمان خان نے اپنی عرضی میں دلیل دی تھی کہ کنزیومر کمیشن کوگمراہ کن اشتہارات سے متعلق الزامات پرسماعت کرنے کا اختیارنہیں ہے۔ عرضی میں یہ بھی کہا گیا کہ وہ صرف برانڈ ایمبیسڈرہیں اوران کے خلاف ذاتی معلومات، کسی آزاد وجہ یا کسی قسم کی لاپروائی کا الزام نہیں ہے۔ اس کے باوجود کمیشن نے فریقین کی فہرست سے ان کا نام ہٹانے کی درخواست مسترد کردی تھی۔

عرضی گزار نے کیا دلیل دی؟

عرضی گزارکی جانب سے یہ بھی دلیل دی گئی کہ صارفین تحفظ قانون 2019 کی دفعات کے تحت صارفین کمیشن کے اختیارات اورمعاملے کی سماعت کی قانونی حیثیت سے متعلق ابتدائی قانونی سوالات پرپہلے فیصلہ ہونا چاہئے تھا، لیکن کمیشن نے ان اعتراضات پرحتمی سماعت کے وقت غورکرنے کی بات کہی۔ ہائی کورٹ نے عرضی پرسماعت کرتے ہوئے نوٹس جاری کرنے کی ہدایت دی۔ اسٹے درخواست پربھی نوٹس جاری کیا گیا۔ مدعا علیہ نمبردوراج شری پان مسالہ کی جانب سے وکیل پہلے سے موجود ہونے کے سبب مدعا علیہ نمبرایک گجیندرکمارکونوٹس جاری کرنے کا حکم دیا گیا۔

ہائی کورٹ کا اہم حکم

عدالت نے اگلی سماعت تک کنزیومرکمیشن میں زیرالتوا شکایت نمبر416/2025، گجیندرکماربنام راج شری پان مسالہ، کی تمام مزید کارروائی پرروک لگا دی ہے۔ اس حکم کے بعد راج شری پان مسالہ کے مبینہ گمراہ کن اشتہار سے متعلق معاملے میں فی الحال سماعت رک گئی ہے۔ تاہم، ہائی کورٹ نے ابھی معاملے کے میرٹ پرکوئی حتمی فیصلہ نہیں سنایا ہے۔

سلمان خان کی آنے والی فلم

دریں اثنا، سلمان خان اپنی آنے والی فلم ’ماتربھومی‘ کو لے کر بھی سرخیوں میں ہیں۔ اس فلم میں وہ پہلی باراداکارہ چترانگدا سنگھ کے ساتھ اسکرین پرنظرآئیں گے۔ فلم 4 دسمبرکوسینما گھروں میں ریلیزہونے والی ہے۔ باکس آفس پر اس کا مقابلہ شردھا کپورکی فلم ’ایتھا‘ سے ہوگا۔

بھارت ایکسپریس اردو-

Nisar Ahmad

Recent Posts

IPL: آئی پی ایل 2027 میں رنکو سنگھ بن سکتے ہیں کے کے آر کے کپتان، عرفان پٹھان نے بتائی وجہ

عرفان پٹھان نے کہا کہ کے کے آر کی جانب سے ریلیز کیے گئے کھلاڑیوں…

49 minutes ago