قومی

Modi Govt’s 24-Hour Power Supply Plan: چوبیس گھنٹے بجلی کی فراہمی کے لیے مودی حکومت کا بڑا منصوبہ، توانائی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت 15 گنا بڑھانے پر اتفاق

ملک بھر میں 24 گھنٹے بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مرکزی حکومت نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو مشن موڈ میں توانائی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت بڑھانے کا مشورہ دیا ہے۔ ہفتے کے اختتام پر منعقدہ دو روزہ بجلی وزرا کانفرنس میں کیے گئے فیصلوں کی تفصیلات اتوار کو جاری آفیشل بیان میں دی گئیں۔ بیان کے مطابق، دن اور رات دونوں اوقات میں قابلِ اعتماد بجلی کی فراہمی کے لیے قابلِ تجدید توانائی کے ساتھ توانائی ذخیرہ کرنے والی ٹیکنالوجی پر انحصار بڑھانا ضروری ہے۔ اس سے مہنگی قلیل مدتی بجلی منڈی سے بجلی خریدنے کی ضرورت بھی کم ہوگی۔ اجلاس میں ریاستوں نے توانائی ذخیرہ کرنے کی اپنی صلاحیت 15 گنا تک بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اس منصوبے میں بیٹری اور پمپڈ اسٹوریج پروجیکٹس کے علاوہ این ٹی پی سی (NTPC) اور ایس ای سی آئی (SECI) کے 40-40 گیگا واٹ آور کے منصوبے بھی شامل ہیں۔

سرکاری بجلی کنکشنز پری پیڈ اسمارٹ میٹر میں تبدیل ہوں گے

بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکام) کی مالی حالت بہتر بنانے کے لیے ریاستوں نے ایک سہ ماہی کے اندر سرکاری محکموں کے بجلی کے تمام زیرِ التوا بقایا جات ادا کرنے اور سرکاری بجلی کنکشنز کو پری پیڈ اسمارٹ میٹر میں تبدیل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ پیشگی ری چارج کے نظام کے نفاذ سے بجٹ کا انتظار کرتے ہوئے بجلی کے بل بقایا رہنے کا مسئلہ ختم ہو سکے گا۔

مارچ 2027 تک بیشتر گھروں کو بجلی کے گرڈ سے جوڑنے کا ہدف

مرکزی وزیر برائے بجلی منوہر لال نے بتایا کہ 14.5 لاکھ گھروں کو بجلی کے گرڈ سے جوڑنے کا کام شروع کیا گیا تھا، جن میں سے تقریباً 6.25 لاکھ گھروں تک بجلی پہنچائی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دور دراز کے بعض پہاڑی علاقوں کو چھوڑ کر باقی تمام گھروں کو مارچ 2027 تک بجلی کے گرڈ سے جوڑ دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ صارفین کی بجلی کے بلوں سے متعلق شکایات دور کرنے کے لیے ڈسکام چیک میٹر نصب کریں گے اور موبائل ایپس کا آڈٹ بھی کرایا جائے گا۔

جوہری توانائی، زرعی فیڈرز اور ضابطہ جاتی اصلاحات کا روڈ میپ تیار

کانفرنس میں ریاستوں نے مالی سال 30-2029 تک کے لیے وسائل کی دستیابی سے متعلق منصوبے ایک ماہ کے اندر جمع کرانے اور بجلی کی ترسیل کے نیٹ ورک کو مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا۔ زرعی فیڈرز کو شمسی توانائی سے چلانے کے عمل میں تیزی لانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی وزیر اعظم کے 2047 تک 100 گیگا واٹ جوہری توانائی پیدا کرنے کے ہدف کو پورا کرنے کے لیے مناسب مقامات پر زمین اور پانی دستیاب کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ ان مقامات میں بند پڑے تھرمل پاور پلانٹس کی جگہیں بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب، مرکزی بجلی ریگولیٹری کمیشن (سی ای آر سی) اور ریاستی بجلی ریگولیٹری کمیشنوں (ایس ای آر سی) کے ساتھ ہونے والی بات چیت میں ڈسکام کی مالی استحکام پر زور دیا گیا۔ اس مقصد کے لیے بجلی کے نرخ وقت پر اور حقیقی لاگت کے مطابق طے کرنے کے ساتھ مشاورت پر مبنی ضابطہ جاتی عمل اپنانے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا گیا۔

بھارت ایکسپریس اردو۔

Abdul Awwal

Recent Posts