نئی دہلی: بہار کی ریاست پٹنہ میں مئی کی غیر متوقع بارش نے تباہی مچا دی، جہاں پیر (4 مئی) کی شام اچانک موسم بدلنے کے بعد آسمانی بجلی، آندھی اور تیز بارش کے سبب پیش آنے والے مختلف حادثات میں 12 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ سرکاری حکام نے اس افسوسناک واقعے کی تصدیق کی ہے۔دارالحکومت پٹنہ سمیت کئی علاقوں میں دن بھر کی شدید گرمی کے بعد شام تقریباً 4 بجے آسمان پر گھنے بادل چھا گئے، جس سے دن میں ہی اندھیرا سا چھا گیا۔ اس کے بعد تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش شروع ہو گئی، جس نے معمولاتِ زندگی کو بری طرح متاثر کیا۔وزیر اعلیٰ دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مشرقی چمپارن ضلع میں 5 افراد، گیا ضلع میں 4 جبکہ اورنگ آباد میں 3 افراد کی موت واقع ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے پہلے ہی پٹنہ اور آس پاس کے اضلاع میں تیز آندھی، گرج چمک اور آسمانی بجلی گرنے کی وارننگ جاری کی تھی، تاہم اس کے باوجود جانی نقصان کو مکمل طور پر روکا نہ جا سکا۔
ریاست کے وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے ان اموات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں ریاستی حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے مہلوکین کے لواحقین کو چار چار لاکھ روپے بطور معاوضہ دینے کی ہدایت جاری کی ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔
اس شدید موسمی تبدیلی نے ریاست کے کئی اضلاع میں بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا ہے۔ سیوان اور بکسر میں ژالہ باری کی اطلاعات ہیں، جبکہ متعدد مقامات پر ٹرانسفارمرز اور بجلی کے کھمبے اکھڑ گئے۔ سمستی پور، مدھوبنی، دربھنگہ اور سیتامڑھی میں درخت سڑکوں پر گرنے سے ٹریفک بری طرح متاثر ہوا۔حیرت انگیز طور پر مئی جیسے گرم مہینے میں اس قدر شدید بارش نے لوگوں کو چونکا دیا ہے۔ پٹنہ میں 39 ملی میٹر جبکہ گیا میں 47.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ والمیکی نگر میں 26.2 ملی میٹر، موتیہاری میں 22.3 ملی میٹر اور سمستی پور میں 19.5 ملی میٹر بارش درج کی گئی۔ماہرین کے مطابق یہ غیر معمولی موسمی تبدیلیاں مستقبل میں مزید خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں، اس لیے عوام کو محتاط رہنے اور پیشگی تیاری رکھنے کی ضرورت ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
این ڈی اے حکومت کا حصہ ہونے کے باوجود مرکزی وزیر نے خواتین کے خلاف…
غیر تعاون کرنے والے مکینوں کے لیے ٹرانزٹ کرایہ کم کرنے کا فیصلہ، رضاکارانہ طور…
پی ایم مودی نے کہا کہ ستمبر کا مہینہ سوءِ تغذیہ کے خلاف جنگ کے…
غزہ میں تقریباً تین سال سے جاری جنگ کی وجہ سے بڑا حصہ ملبے میں…
مرکزی وزیر داخلہ و تعاون امت شاہ 3 اکتوبر کو بھوپال میں نئے فوجداری قوانین…
عامر خان اور کرینہ کپور کی آخری آن اسکرین جوڑی 2022 میں ریلیز ہونے والی…