نئی دہلی : چین کے صوبہ ہونان کے شہر لیویانگ میں پٹاخہ فیکٹری میں ہونے والے زور دار دھماکے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں کم از کم 21 افراد ہلاک جبکہ 61 زخمی ہو گئے ہیں۔یہ حادثہ پیر کی شام تقریباً 4 بج کر 43 منٹ پر شینگ فائر کریکر کمپنی کے پلانٹ میں پیش آیا، جو چانگشا شہر کے قریب واقع ہے اور پٹاخوں کی پیداوار کے لیے مشہور علاقہ مانا جاتا ہے۔ دھماکے کے بعد پورا علاقہ دھوئیں اور ملبے سے بھر گیا، جس سے خوف و ہراس پھیل گیا۔واقعے کے فوراً بعد ریسکیو آپریشن تیز کر دیا گیا۔ 480 سے زائد امدادی اہلکاروں پر مشتمل پانچ ٹیمیں موقع پر پہنچیں، جبکہ تین ریسکیو روبوٹس کو بھی استعمال میں لایا گیا۔ فیکٹری کے قریب بلیک پاؤڈر کے ذخائر موجود ہونے کے باعث قریبی آبادی کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا اور مزید خطرات سے بچنے کے لیے بفر زون قائم کیا گیا۔
منگل کی صبح تک ریسکیو ٹیموں نے ابتدائی سرچ آپریشن مکمل کرتے ہوئے ہلاکتوں اور زخمیوں کی تصدیق کر دی۔ تمام زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ زخمیوں میں ایک کم عمر بچہ بھی شامل ہے، تاہم اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔حادثے کے بعد کمپنی کے ذمہ دار افسر کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے، جبکہ دھماکے کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ چین کی ایمرجنسی مینجمنٹ وزارت نے بھی ماہرین کو جائے حادثہ پر روانہ کیا ہے تاکہ ریسکیو اور تفتیشی عمل کو مؤثر بنایا جا سکے۔
چین کے صدر شی جن پنگ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ لاپتہ افراد کی تلاش اور زخمیوں کو بچانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ذمہ دار افراد کو سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔ واضح رہے کہ لیویانگ شہر کو دنیا کا سب سے بڑا پٹاخہ پیدا کرنے والا مرکز سمجھا جاتا ہے، جہاں اس نوعیت کے حادثات ماضی میں بھی پیش آ چکے ہیں۔ اسی سال فروری میں ہوبی صوبے میں ایک پٹاخہ دکان میں دھماکے کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
بھارت ایکسپریس اردو
پولیس نے نوٹس میں کہا ہے کہ کناٹ پلیس میں بڑی تعداد میں دکانیں، شوروم،…
بہار میں قانون ساز کونسل کے انتخابات کے درمیان جے ڈی یو کے رکن اسمبلی…
گزشتہ ہفتے ایلن مسک نے ہندوستان میں اسٹارلنک کے داخلے کے معاملے پر ارب پتی…
۔ایس پی سربراہ اکھلیش یادو نے جمعہ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ…
بدھ کو کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے نئی دہلی میں وزیر اعظم مودی…
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) اور ویجلنس اینڈ اینٹی کرپشن بیورو (وی اے سی بی) دو…