قومی

Mamata Banerjee In SC On ECI SIR Case: ’میں بندھوا مزدور ہوں…‘، وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے سپریم کورٹ میں لگائی الیکشن کمیشن کی کلاس، جانئے عدالت میں کیا کچھ ہوا؟

نئی دہلی: بدھ کے روز سپریم کورٹ میں ایک غیر معمولی اور تاریخی منظر اس وقت دیکھنے کو ملا جب مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ اور ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی خود الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) کے خلاف دلائل پیش کرنے عدالت عظمیٰ پہنچیں۔ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی موجودہ وزیر اعلیٰ نے سپریم کورٹ میں ذاتی طور پر اپنی ریاست کا مقدمہ لڑا ہو۔ معاملہ مغربی بنگال میں ووٹر لسٹ کے خصوصی نظرثانی (ایس آئی آر) سے جڑا ہے، جسے ممتا بنرجی نے جمہوریت کے لیے خطرہ قرار دیا۔ سماعت کے دوران ممتا بنرجی نے الیکشن کمیشن پر سخت حملہ بولتے ہوئے اسے ’واٹس ایپ کمیشن‘ قرار دیا اور الزام لگایا کہ ادارہ غیر مصدقہ ڈیٹا اور افواہوں کی بنیاد پر ووٹر لسٹ سے نام ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔ ان کے مطابق یہ پوری مشق بنگال کے عوام کو دبانے اور ان کے جمہوری حقوق سلب کرنے کی سازش ہے۔

چیف جسٹس آف انڈیا سوریہ کانت کی صدارت والی تین رکنی بنچ، جس میں جسٹس جوی مالیا باگچی اور جسٹس وپل پنچولی شامل تھے، نے دلائل سننے کے بعد الیکشن کمیشن اور مغربی بنگال کے چیف الیکٹورل آفیسر کو باضابطہ نوٹس جاری کیا۔ عدالت نے معاملے کی اگلی سماعت 9 فروری کو مقرر کی ہے، تاہم ایس آئی آر کے عمل پر فوری روک لگانے سے انکار کر دیا۔ سماعت کے دوران عدالت کا ماحول خاصا سنجیدہ مگر غیر معمولی رہا۔ ممتا بنرجی نے ایک انٹرلوکیٹری درخواست کے ذریعے عدالت سے خود دلائل پیش کرنے کی اجازت مانگی تھی۔ ابتدا میں وہ پیچھے کی قطار میں بیٹھی رہیں، مگر اجازت ملتے ہی وہ آگے آئیں اور براہ راست بنچ کو مخاطب کیا۔ ان کا لہجہ جذباتی بھی تھا اور جارحانہ بھی۔

ممتا بنرجی نے کہا، ’’میں یہاں کسی سیاسی پارٹی کے لیے نہیں، بلکہ ایک بڑے عوامی مقصد کے لیے کھڑی ہوں۔ میں عوام کے لیے ایک بندھوا مزدور ہوں۔ جب انصاف بند دروازوں کے پیچھے روتا ہے تو ایسا لگتا ہے کہ ہمیں کہیں بھی انصاف نہیں مل رہا‘‘۔ ان کے اس بیان نے کمرہ عدالت میں خاموشی طاری کر دی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے ووٹر لسٹ میں مبینہ بے ضابطگیوں کے تعلق سے الیکشن کمیشن کو چھ خطوط لکھے، لیکن کسی ایک کا بھی جواب نہیں دیا گیا۔ بنرجی نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی بیٹی شادی کے بعد شوہر کا نام یا کنیت اختیار کرتی ہے تو اسے ’مسمیچ‘ کہہ کر مشتبہ مان لیا جاتا ہے، جو سراسر ناانصافی ہے۔

سماعت کا ایک بڑا نکتہ 8,300 مائیکرو آبزرورز کی تعیناتی رہا۔ ممتا بنرجی نے الزام لگایا کہ ان آبزرورز کو جان بوجھ کر بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں سے لایا گیا ہے تاکہ ووٹر لسٹ میں ہیرا پھیری کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ آئین میں انتخابی نظرثانی کے لیے ’مائیکرو آبزرور‘ جیسی کسی کیٹیگری کا ذکر نہیں ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے سینئر وکیل راکیش دویدی نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ مائیکرو آبزرورز کی تعیناتی اس لیے ضروری تھی کیونکہ ریاستی انتظامیہ ایس آئی آر کے عمل میں مکمل تعاون نہیں کر رہی تھی۔ اس پر چیف جسٹس نے درمیانی راستہ نکالتے ہوئے مغربی بنگال حکومت سے کہا کہ وہ ایس ڈی ایم اور کلاس-2 افسران کی ایک فہرست پیش کرے، تاکہ انہیں مائیکرو آبزرورز کی جگہ تعینات کیا جا سکے۔ بنچ کا کہنا تھا کہ اگر ریاستی افسران دستیاب ہوں تو بیرونی آبزرورز کی ضرورت شاید نہ پڑے۔

سپریم کورٹ نے یہ بھی واضح کیا کہ اگرچہ فی الحال ایس آئی آر کے عمل پر روک نہیں لگائی جا رہی، لیکن اس بات کو یقینی بنایا جانا چاہیے کہ کوئی بھی حقیقی اور اہل ووٹر فہرست سے باہر نہ ہو۔ عدالت نے زور دیا کہ جمہوریت کی بنیاد ووٹر ہے اور اس کے حق رائے دہی کا تحفظ سب سے اہم ہے۔ اس پورے معاملے نے سیاسی درجہ حرارت کو بھی خاصا بڑھا دیا ہے۔ بی جے پی کا الزام ہے کہ ترنمول کانگریس ایس آئی آر کی مخالفت اس لیے کر رہی ہے کیونکہ وہ ووٹر لسٹ سے ’دراندازوں‘ کے نام ہٹائے جانے سے خوفزدہ ہے۔ دوسری جانب، ممتا بنرجی نے اشارہ دیا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو وہ چیف الیکشن کمشنر کے خلاف مواخذے (امپیچمنٹ) کی حمایت کرنے سے بھی پیچھے نہیں ہٹیں گی۔ اب سب کی نظریں 9 فروری کی سماعت پر ٹکی ہیں، جب الیکشن کمیشن کو ممتا بنرجی کی درخواست پر اپنا تفصیلی جواب داخل کرنا ہوگا۔ یہ کیس نہ صرف بنگال بلکہ پورے ملک میں انتخابی عمل اور اداروں کے کردار پر ایک بڑی بحث چھیڑ چکا ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔

Sibghatullah

Recent Posts

PM Modi Attends ‘Bhajan Clubbing’: پنڈت دین دیال اپادھیائے کی جینتی پر ’بھجن کلبنگ‘ میں شریک ہوئے پی ایم مودی، کھنجری بجاتے آئے نظر

وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کی شام دہلی کے دین دیال اپادھیائے پارک پہنچ…

7 hours ago

Opposition Protest Against CEC Gyanesh Kumar: سی ای سی گیانیش کمار کے خلاف سڑک پر اپوزیشن، پٹنہ میں آر جے ڈی کا احتجاج، کانگریس نے مانگا استعفیٰ

انتخابی کمیشن کی کارروائی اور ووٹر فہرست کی نظرثانی سے متعلق اپوزیشن کا احتجاج، کانگریس…

8 hours ago