نئی دہلی: بہار کے ضلع جموئی میں ہفتہ کی رات ایک شدید ٹرین حادثہ پیش آیا، جس میں سیمنٹ سے لدی ایک مال گاڑی کے کئی ڈبے پٹری سے اتر گئے۔ یہ حادثہ مشرقی ریلوے کے آسنسول ریلوے ڈویژن کے تحت جسیدیھ–جھاجھا ریلوے سیکشن پر سملتلہ کے تلوا بازار ہالٹ کے قریب بدوا ندی کے پل نمبر 676 کے پاس پیش آیا، جس سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔عینی شاہدین کے مطابق حادثہ رات تقریباً ساڑھے گیارہ بجے پیش آیا۔ اپ لائن سے گزرنے والی مال گاڑی جیسے ہی پل کے قریب پہنچی، اچانک پٹری اکھڑ گئی۔ اس کے نتیجے میں مال گاڑی کے تین ڈبے سیدھے بدوا ندی میں جا گرے، جبکہ دو ڈبے پل سے لٹک گئے۔ اس کے علاوہ نصف درجن سے زائد ڈبے پٹری سے اتر کر آپس میں ٹکرا گئے۔ ٹکر کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ آف لائن کی پٹری اکھڑ کر ڈاؤن لائن میں جا سمٹی۔
حادثے کے بعد جسیدیھ–جھاجھا ریلوے سیکشن پر اپ اور ڈاؤن دونوں لائنوں پر ریل آمد و رفت مکمل طور پر معطل ہو گئی ہے۔ کئی مسافر ٹرینوں اور مال گاڑیوں کو راستے میں ہی روک دیا گیا ہے۔ ریلوے انتظامیہ کی جانب سے ٹرینوں کے راستے تبدیل کرنے اور مسافروں کے لیے متبادل انتظامات کرنے کی کوششیں جاری ہیں، قابل ذکر بات یہ ہےکہ ریل ٹریفک بری طرح متاثر ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی آر پی ایف، ریلوے پولیس اور تکنیکی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ بھاری کرینوں کی مدد سے پٹری اور تباہ شدہ ڈبوں کو ہٹانے کا کام تیزی سے جاری ہے۔ ریلوے حکام کے مطابق ترجیحی بنیاد پر پٹری کو صاف کر کے جلد از جلد ریل سروس بحال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔اس حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، جو ایک بڑی راحت کی بات ہے۔ ریلوے انتظامیہ نے حادثے کی وجوہات جانچنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ ابتدائی طور پر پٹری میں تکنیکی خرابی یا گاڑی پر ضرورت سے زیادہ بوجھ ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، تاہم حتمی صورتحال جانچ رپورٹ آنے کے بعد ہی واضح ہو سکے گی۔
بھارت ایکسپریس اردو
25 نومبر کو دہلی این سی آر میں آسمان زیادہ تر صاف رہنے کا امکان…
متاثرہ لڑکی کڑکڑڈوما کے کراس ریور مال میں واقع کیفے نمبر 8 میں کام کرتی…
یرغمالی بحران کے بعد منگل کو کارٹاگینا ہوائی اڈے کا آپریشن عارضی طور پر روک…
قومی راجدھانی دہلی میں آج آسمان زیادہ تر صاف رہنے کا امکان ہے، تاہم صبح…
امریکہ چین، یورپی یونین اور بھارت سمیت کئی معیشتوں سے درآمد ہونے والی اشیا پر…
اتر پردیش اسمبلی انتخابات 2027 سے پہلے سماجوادی پارٹی نے اپنے امیدواروں کی پہلی فہرست…