نئی دہلی :کیتن اگروال قتل کیس کی تحقیقات میں ایک نہایت چونکا دینے والی ٹائم لائن سامنے آئی ہے، جس سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ مرکزی ملزمان سیا اور چیتن نے کیتن کو راستے سے ہٹانے کی سازش 31 مئی سے پہلے ہی تیار کر لی تھی۔ تفتیشی ایجنسیوں کے مطابق دونوں نے پہلی بار لوہ گڑھ قلعے کے دورے کے دوران ہی واردات کو انجام دینے کا منصوبہ بنایا تھا، تاہم اس وقت خطرہ زیادہ ہونے کی وجہ سے صرف مقام کا جائزہ لیا گیا اور بعد میں اسی جگہ کو قتل کے لیے حتمی طور پر منتخب کیا گیا۔پولیس کے مطابق 31 مئی کو کیتن اور سیا پہلی مرتبہ لوہ گڑھ قلعہ گئے تھے۔ اسی روز دونوں کا انڈونیشیا کے جزیرے بالی میں پری ویڈنگ فوٹو شوٹ کے لیے روانہ ہونے کا بھی پروگرام تھا، لیکن سیا اس سفر کے لیے آمادہ نہیں تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس وقت لوہ گڑھ کی جغرافیائی صورتحال کا مکمل اندازہ نہ ہونے کی وجہ سے منصوبہ مؤخر کر دیا گیا۔
تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ 3 جون کو سیا نے مبینہ طور پر ممبئی جاتے ہوئے جان بوجھ کر کیتن کا پاسپورٹ پھاڑ کر پھینک دیا، جس کے باعث 4 جون کو بالی میں ہونے والا پری ویڈنگ پروگرام منسوخ ہوگیا۔ پولیس کا ماننا ہے کہ یہ اقدام بھی پہلے سے تیار کی گئی سازش کا حصہ تھا تاکہ بیرون ملک سفر نہ ہو سکے اور منصوبہ متاثر نہ ہو۔تحقیقات کے دوران سب سے حیران کن انکشاف یہ ہوا کہ ملزمان نے قتل کی باقاعدہ مشق بھی کی تھی۔ پولیس کے مطابق 14 جون کو سیا نے ایک بار پھر کیتن پر لوہ گڑھ جانے کے لیے دباؤ ڈالا اور وہاں مبینہ طور پر اسے دھکا دینے کی کوشش کی، تاہم وہ خوش قسمتی سے بچ گیا۔ اس پہلی کوشش کی ناکامی کے بعد 15 سے 17 جون کے درمیان سیا اور چیتن نے پونے کے “ایریا-37” نامی پہاڑی علاقے میں واردات کی مشق کی۔ اس دوران دونوں نے اندازہ لگایا کہ کیتن کو کتنی طاقت سے دھکا دیا جائے تاکہ وہ سیدھا گہری کھائی میں جا گرے۔
پولیس کے مطابق 18 جون، جو سیا کی سالگرہ بھی تھی، کیتن نے مہابلیشور جانے کی تیاری کر رکھی تھی، لیکن سیا نے اصرار کرکے اسے دوبارہ لوہ گڑھ لے جانے پر آمادہ کر لیا۔ الزام ہے کہ اسی دوران سیا نے چیتن کی مدد سے منصوبے کو عملی جامہ پہنایا اور کیتن کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔تفتیشی ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ ابتدائی منصوبہ کیتن کو قتل کرنے کے بجائے صرف شدید زخمی کرنے کا تھا تاکہ کسی کو شک نہ ہو۔ اس مقصد کے لیے دونوں نے مبینہ طور پر کسی کو سپاری دینے، حادثہ کرانے، مارپیٹ کرانے یا لوٹ مار کی آڑ میں حملہ کرانے جیسے مختلف طریقوں پر بھی غور کیا تھا۔ تاہم وقت گزرنے کے ساتھ منصوبہ مزید سنگین ہوتا گیا اور بالآخر قتل کی واردات انجام دی گئی۔ پولیس کی تحقیقات آگے بڑھنے کے ساتھ اس کیس کے مزید اہم اور پیچیدہ پہلو بھی سامنے آ رہے ہیں، جن سے یہ معاملہ مزید سنگین بنتا جا رہا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈر کیپٹن…
آئچی-ناگویا ایشین گیمز 2026 میں بھارتی ایتھلیٹس نے ٹریک اینڈ فیلڈ میں دو سلور اور…
وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کی شام دہلی کے دین دیال اپادھیائے پارک پہنچ…
انتخابی کمیشن کی کارروائی اور ووٹر فہرست کی نظرثانی سے متعلق اپوزیشن کا احتجاج، کانگریس…
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس سے خطاب میں ایرانی صدر نے امریکہ…
آئی بی سی کے ذریعے ممبئی کے ٹیک ٹین بی کے سی اور بھارت نگر…