قومی

Kerala Assembly Elections: دنیا سے کمیونسٹ اور ملک سے کانگریس ختم ہو رہی، اب کیرالہ میں این ڈی اے کی باری: امت شاہ

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کیرالہ میں ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا سے کمیونسٹ نظریہ ختم ہو رہا ہے اور ملک میں کانگریس کا اثر کم ہوتا جا رہا ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ کیرالہ میں بھی این ڈی اے حکومت قائم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا این ڈی اے کی اولین ترجیح ہوگی تاکہ انہیں خلیجی ممالک میں ملازمت کے لیے ہجرت نہ کرنی پڑے۔ امت شاہ نے کہا کہ اگر ہندوستان میں سب سے پہلے کسی ریاست نے تعلیم کے میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کی تو وہ کیرالہ تھا۔ یہاں کے نوجوان تعلیم یافتہ اور باصلاحیت ہیں، لیکن انہیں مناسب روزگار دستیاب نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی اے ایسی پالیسی لے کر آئے گی جس سے ریاست میں صنعتوں اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ ان کے مطابق نوجوانوں کو اپنے گھر کے قریب ہی نوکری ملے گی اور انہیں بیرون ملک جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں سیاسی تبدیلی کا دور چل رہا ہے اور کمیونسٹ نظریہ اپنی اہمیت کھو رہا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ملک میں کانگریس بھی کمزور ہو رہی ہے جبکہ نریندر مودی کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ امت شاہ نے کہا کہ 2014 کے لوک سبھا انتخابات میں کیرالہ سے این ڈی اے کو صرف 14 فیصد ووٹ ملے تھے، لیکن اب صورتحال بدل رہی ہے اور ریاست میں این ڈی اے کی حکومت بنانے کا وقت آ گیا ہے۔ امت شاہ نے واضح کیا کہ یہ انتخاب صرف حکومت تبدیل کرنے کے لیے نہیں بلکہ کیرالہ کے مستقبل کو مضبوط بنانے کے لیے ہے۔ انہوں نے کہا کہ برسوں سے کیرالہ کے عوام یو ڈی ایف اور ایل ڈی ایف کو باری باری منتخب کرتے رہے ہیں، لیکن دونوں جماعتیں بدعنوانی میں ملوث رہی ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر حقیقی ترقی چاہتے ہیں تو این ڈی اے کو موقع دیا جائے۔

مرکزی وزیر داخلہ نے ایل ڈی ایف اور یو ڈی ایف پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی پالیسی واضح ہے کہ سب کو انصاف دیا جائے اور کسی کی خوشامد نہ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جب پی ایف آئی کو ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا تو حکومت نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اس کے کارکنوں کے خلاف سخت قدم اٹھایا۔ انہوں نے وقف ترمیمی بل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ارناکولم میں وقف بورڈ نے تقریباً 400 ایکڑ زمین پر دعویٰ کیا، جو دراصل 600 کے قریب عیسائی اور ہندو خاندانوں کی زمین تھی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پارلیمنٹ میں اس معاملے پر بحث کے دوران ایل ڈی ایف اور یو ڈی ایف نے متاثرہ خاندانوں کی آواز نہیں اٹھائی۔

امت شاہ نے کانگریس اور کمیونسٹ جماعتوں پر دہرا معیار اپنانے کا الزام بھی لگایا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے دیگر حصوں میں دونوں جماعتیں اتحاد کر کے انتخابات لڑتی ہیں، لیکن کیرالہ میں ایک دوسرے کے خلاف میدان میں آ جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سیاسی مفاد پرستی کی مثال ہے اور عوام کو اس حقیقت کو سمجھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں راہل گاندھی کیرالہ آئے تھے اور انہوں نے ایل ڈی ایف کو بی جے پی کی بی ٹیم قرار دیا۔ امت شاہ نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اس بار بی جے پی اے ٹیم ہوگی اور باقی جماعتیں بی ٹیم بن جائیں گی۔ امت شاہ نے کیرالہ حکومت پر مرکزی اسکیموں کا نام بدلنے کا بھی الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کی جانب سے بھیجے گئے فنڈز کو ریاستی حکومت اپنے نام سے پیش کرتی ہے۔ مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مفت چاول کی اسکیم کو بھی ریاستی پروگرام کے طور پر پیش کیا جاتا ہے۔

انہوں نے سبری مالا مندر کے سونے سے متعلق معاملے پر بھی حکومت کو نشانہ بنایا اور کہا کہ اس معاملے میں ملوث افراد کو جیل بھیجا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر این ڈی اے حکومت بنی تو دو ماہ کے اندر ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ امت شاہ نے پٹرول کی قیمتوں کے معاملے پر بھی اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے غلط معلومات پھیلائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 460 روپے فی لیٹر کی قیمت کیرالہ میں نہیں بلکہ پاکستان میں ہے۔ اپنے خطاب کے اختتام پر امت شاہ نے کہا کہ کیرال کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں اور این ڈی اے ہی ریاست کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ این ڈی اے کو موقع دیں تاکہ نوجوانوں کو روزگار، ریاست کو ترقی اور عوام کو بہتر مستقبل فراہم کیا جا سکے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔

Sibghatullah

Recent Posts

PM Modi Attends ‘Bhajan Clubbing’: پنڈت دین دیال اپادھیائے کی جینتی پر ’بھجن کلبنگ‘ میں شریک ہوئے پی ایم مودی، کھنجری بجاتے آئے نظر

وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کی شام دہلی کے دین دیال اپادھیائے پارک پہنچ…

5 hours ago

Opposition Protest Against CEC Gyanesh Kumar: سی ای سی گیانیش کمار کے خلاف سڑک پر اپوزیشن، پٹنہ میں آر جے ڈی کا احتجاج، کانگریس نے مانگا استعفیٰ

انتخابی کمیشن کی کارروائی اور ووٹر فہرست کی نظرثانی سے متعلق اپوزیشن کا احتجاج، کانگریس…

5 hours ago