نئی دہلی: ڈاکٹرذاکرحسین لائبریری، جامعہ ملیہ اسلامیہ نے رمضان کے مقدس اورپاک مہینے میں قرآن سے متعلق فکری ودانشورانہ، جمالیاتی اورروحانی وراثت کا جشن منانے کے لئے’قرآن پاک‘ کے عنوان سے ایک خاص نمائش کا اہتمام کیا۔ اس نمائش میں پندرہویں صدی سے لے کربیسویں صدی کے اوائل تک کے 35 نادراورسائنسی طورپرمحفوظ قرآنی نسخے پیش کئے گئے، جومتنوع اسلامی خطاطی کی روایات اورفنی جمالیات کی عکاسی کرتے ہیں۔ ساتویں سے چودہویں صدی تک قرآنی خطاطی کے ارتقا کی کہانی بیان کرنے والے کیوریٹڈ پوسٹرزکا ایک سلسلہ بھی نمائش میں رکھا گیا، جوزائرین کوقرآنی رسم الخط کے اسلوب کی تاریخی ترقی کے بارے میں جامع بصیرت فراہم کرتا ہے۔
خصوصی نمائش کا افتتاح پروفیسرمظہرآصف، شیخ الجامعہ،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے پروفیسرمحمد مہتاب عالم رضوی، مسجل،جامعہ ملیہ اسلامیہ، پروفیسراحتشام الحق، کنٹرولرامتحانات، جامعہ ملیہ اسلامیہ، پروفیسرنیلوفرافضل، ڈین آف اسٹوڈنٹس ویلفیئر، جامعہ ملیہ اسلامیہ، پروفیسرمحمد کمال النبی، افسرمالیات، جامعہ ملیہ اسلامیہ اورڈاکٹروکاس ایس ناگرالے، یونیورسٹی لائبریرین، ڈاکٹرذاکرحسین لائبریری، جامعہ ملیہ اسلامیہ کی موجودگی میں کیا۔ نمائش میں یونیورسٹی کے ڈین، شعبہ جات کے سربراہان، مراکزکے ڈائریکٹرز، سیکورٹی مشیر، ہاسٹلزکے پرووسٹ، فیکلٹی اراکین، جامعہ اسکول کے پرنسپل، عملہ اورطلبہ بڑی تعداد شریک ہوئے اورسبھی نے اس مجموعہ اورنمائش کی خوب پذیرائی کی۔ قلمی نسخوں کے علاوہ نمائش میں، ملیالم، کنڑ، ہندی، اردو، تمل اوربنگالی سمیت متعدد ہندوستانی زبانوں میں قرآن پاک کے مطبوعہ نسخے بھی رکھے گئے ہیں۔ چینی، جاپانی، جرمن، فرانسیسی، ترکی، روسی، انگریزی، ہسپانوی، البانیائی، میانماری (برمی) اورفارسی زبانوں میں متعدد بین الاقوامی تراجم بھی نمائش میں رکھے گئے ہیں۔ قرآن پاک کا بریل ایڈیشن بھی نمائش میں رکھا گیاہے جولائبریری کی رسائی اورشمولیت کے تئیں اس کے عہد کواجاگرکرتا ہے۔
پروفیسرمظہرآصف شیخ الجامعہ، جامعہ ملیہ اسلامیہ اپنے صدارتی خطاب میں شاندارثقافتی اورفکری ورثے کے تحفظ اوراس کے تحفظ میں کتب خانے کے اہم کردارپرروشنی ڈالی۔ انہوں نے مزید کہا کہ”لائبریری تمام سرکاری زبانوں میں قرآن پاک کے نسخوں کوجمع کرنے کے لیے پابند عہد ہے تاکہ اس کا پیغام وسیع تراورمتنوع سامعین تک پہنچ سکے۔“ انہوں نے مزید کہا کہ ”تمام آسمانی صحیفے انسانیت کے لیے آفاقی پیغام۔ مہربانی، ہمدردی اورباہمی احترام کا درس دیتے ہیں۔”قرآن پاک کی آیات مقدسہ کا حوالہ دیتے ہوئے پروفیسرآصف نے کہا کہ ’ایک مذہبی اور متدین آدمی درحقیقت جملہ عقائد کا احترام کرتا ہے۔ انہوں نے دستاویزی ورثے کومحفوظ رکھنے کی کوششوں کے لیے ڈاکٹروکاس ایس ناگرالے، یونیورسٹی کے لائبریرین اوران کی ٹیم کی ستائش کی۔
اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے رجسٹرارجامعہ ملیہ اسلامیہ پروفیسرمحمد مہتاب عالم رضوی نے قرآنی نسخوں کی ڈیجیٹائزیشن کو سراہا اورلائبریری کے ان انمول خزانوں کو محفوظ کرنے اوراسکالراوروسیع ترکمیونٹی کے لیے قابل رسائی بنانے کے سلسلے میں کی جانے والی کوششوں کی ستائش کی۔ انہوں نے قرآن کوصرف پڑھنے کے بجائے اس کے معنی اور پیغام کوسمجھنے کی اہمیت پرزوردیا۔ انہوں نے کہا کہ ”قرآن پاک ذاتی زندگی، امن، اخلاقی اقداراوراخلاقی طرزعمل کوفروغ دینے کے لیے ایک مکمل رہنما کے طورپرکام کرتا ہے۔ قرآن، انسانیت کے لیے ایک جامع ضابطہ اخلاق فراہم کرتا ہے اوریہ سب کے لیے حکمت اوررہنمائی کا لازوال وسیلہ وذریعہ ہے۔“
تقریب میں ڈاکٹرذاکرحسین انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک اسٹڈیزکے اعزازی ڈائریکٹرپروفیسرحبیب اللہ خان کا قرآن پاک کے موضوع پرایک خطبہ بھی ہوا۔ اپنی تقریرمیں انہوں نے واضح کیا کہ قرآن اللہ کی طرف سے نازل کردہ کلام الہی ہے اوراس کا پیغام صرف مسلمانوں تک محدود نہیں بلکہ تمام انسانوں کے لیے ہے۔ انہوں نے قرآن کی آفاقی اقدارجیسے انصاف، مساوات، مہربانی اور انسانی حقوق کے احترام پرزوردیا نیزعدل اورحلال وحرام کی تمیزکے سلسلے میں مشعل راہ ہمدرد معاشرے کی تعمیرکے اخلاقی اصولوں پرروشنی ڈالی۔ ڈاکٹروکاس ناگرالے، یونیورسٹی لائبریرین، ڈاکٹرذاکرحسین لائبریری نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ ”قرآن کی نمائش کا بنیادی مقصد قرآن پاک کے پیغام کوتمام انسانوں تک پہنچانا نیزقلمی نسخوں کے تحفظ اور فروغ کی اہمیت کواجاگرکرنا ہے۔ اس پروگرام کے انعقاد کا بنیادی مقصد قرآن پاک میں موجود انسانی تعلیمات کوعوام تک پہنچانا اورمعاشرے میں امن، اخوت وبھائی چارے اور اخلاقی اقدارکے تئیں بیداری کوفروغ دینا ہے۔
اس کے بعد تقریب کی کنوینرڈاکٹرعمیمہ نے قرآنی نسخوں کے کیٹلاگ (مطبوعہ اورویب پرمبنی) اورلائبریری کے محفوظ شدہ دستاویزات اورڈیجیٹلائزیشن کے اقدامات کا تعارف پیش کیا۔ تقریب کی ایک خاص بات ڈاکٹرذاکرحسین لائبریری میں محفوظ قرآنی نسخوں اورنایاب مطبوعہ ایڈیشنوں کے کیٹلاگ کا اجرا تھا۔ اس میں قرآن کے 71 نسخے شامل ہیں، جن میں تراجم اور تفسیریں بھی ہیں۔ ایک بریل قرآن، کپڑے پرکندہ ایک لیتھوگراف مخطوطہ اورقرآن پاک کے سینتیس نادرمطبوعہ ایڈیشن۔ ویب پرمبنی انٹرایکٹیوکیٹلاگ کے اجرا کے ساتھ جس کا مقصد لائبریری کے قیمتی مخطوطات کے وسائل کوقومی اوربین الاقوامی اسکالرس کے لیے مزید قابل رسائی بنانا ہے۔ تقریب کے دوران لائبریری کے اندرون خانہ آرکائیول کنزرویشن اورڈیجیٹلائزیشن کی سرگرمیوں کی عکاس ایک مختصرکلپ بھی دکھائی گئی۔ پروگرام کے کنوینرجان اورایم میرنے نظامت کے فرائض انجام دیئے اورپروفیسرشہبازایچ نقوی، ڈاکٹرذاکرحسین لائبریری، جامعہ ملیہ اسلامیہ نے شکریے کی رسم ادا کی۔ زائرین کے لیے یہ نمائش 18 مارچ 2026 تک ڈاکٹرذاکرحسین لائبریری، جامعہ ملیہ اسلامیہ میں کھلی رہے گی۔
انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر (IICC) میں منعقدہ ’ہندی میری جان‘ پروگرام میں بھارت ایکسپریس کے…
وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر گینڈوں کے تحفظ سے متعلق…
بھارتی خواتین ٹیم کی اس تاریخی اور ریکارڈ ساز جیت پر مرکزی وزیر داخلہ امت…
وزیر اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ٹیم کو مبارکباد دیتے…
وزیر اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر سچیکا تاریال کو مبارکباد…
ایران کا کہنا ہے کہ اگر امریکہ فوجی دباؤ کم کرنے اور ایرانی بندرگاہوں کی…