قومی

Lok Sabha Election 2024: انڈیا الائنس کو بڑا جھٹکا، ممتا بنرجی کا اعلان- بنگال میں اکیلے لڑیں گی الیکشن، کانگریس پر لگایا بڑا الزام

انڈیا الائنس کو بدھ کے روز بڑا جھٹکا لگا ہے۔ ترنمول کانگریس کی سربراہ اورمغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے اعلان کیا ہے کہ ان کی پارٹی ریاست میں اکیلے الیکشن لڑے گی۔ ممتا بنرجی کے اس اعلان کے ساتھ ہی اپوزیشن الائنس انڈیا کی تصویراورمستقبل پر بحران کے بادل گہرے ہوگئے ہیں۔ ممتا بنرجی نے جب یہ اعلان کیا تو اس میں نظراندازکئے جانے کا درد نظرآریا، ان کے لہجے میں تلخی بھی دیکھنے کوملی۔ انہوں نے راہل گاندھی کا نام لئے بغیریہ بھی کہا کہ یہ مغربی بنگال میں یاترا کرنے جا رہے ہیں، اس کی جانکاری خیرسگالی کے ناطے بھی ان کونہیں دی گئی۔

ممتا بنرجی نے کہا کہ ان سب کولے کرہم سے کسی بھی طرح کا کوئی تبادلہ خیال نہیں کیا گیا۔ یہ پوری طرح غلط ہے۔ ٹی ایم سی سربراہ ممتا بنرجی کانگریس پر جم کربرسیں اوران پرراہل گاندھی کی کل کی پریس کانفرنس میں یہ کہنے کا بھی کوئی اثرنظرنہیں آیا۔ راہل گاندھی نے یہ کہا تھا کہ ممتا بنرجی اورنتیش کمارسمیت الائنس کے دیگراتحادیوں کے سربراہان کو بھی بلایا جائے گا۔ ممتا بنرجی نے دو ٹوک کہا کہ ہم نے پہلے ہی کہہ رکھا ہے کہ کانگریس 300 سیٹوں پرالیکشن لڑے اورعلاقائی جماعتوں کو اپنے علاقے میں بی جے پی سے مقابلہ کرنے دیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ علاقائی پارٹی ایک ساتھ رہیں گی، لیکن ساتھ ہی یہ بھی واضح کیا کہ اگروہ مداخلت کریں گے توہمیں پھرسے تبادلہ خیال کرنا پڑے گا۔

ممتا بنرجی نے الائنس کی قیادت کانگریس کے کرنے پربھی سوال اٹھایا۔ واضح رہے کہ ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) نے واضح کیا تھا کہ وہ کانگریس کو دوسیٹیں دے گی۔ کانگریس کو 2019 کے لوک سبھا الیکشن میں مغربی بنگال کی 42 میں سے دو سیٹوں پرجیت حاصل کی تھی۔ مغربی بنگال کانگریس کے صدرادھیررنجن چودھری نے اسے لے کرتلخ بیان دیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ دو سیٹ توہم تب بھی جیتے ہوئے تھے، اب بھی جیت سکتے ہیں۔ ہمیں ٹی ایم سی سے کوئی بھیک نہیں چاہئے۔

واضح رہے کہ لوک سبھا الیکشن کے لئے 28 اپوزیشن پارٹیاں انڈیا الائنس کے بینرتلے ایک اسٹیج پرآئی تھیں۔ اپوزیشن اتحاد متحد ہوکربی جے پی کی قیادت والے این ڈی اے کو شکست دینے، اورالیکشن میں چیلنج دینے کا دم بھررہا تھا، لیکن اب ممتا بنرجی نے بنگال میں اپوزیشن الائنس کو بڑا جھٹکا دے دیا ہے، جس سے بی جے پی یا این ڈی اے کو ہرانے کے دعوے پربڑا اثر پڑ سکتا ہے۔

بھارت ایکسپریس۔

 

Nisar Ahmad

Recent Posts