نئی دہلی: قرآن کریم کوسیکھنا اورسکھانا دنیا کا سب سے محترم اوربابرکت عمل ہے اوراس کی تعلیم وتدریس سے وابستگان علی الاطلاق دنیا کے بہترین لوگ ہیں۔ اللہ جل شانہ نے اس قرآن مقدس کواپنے سب سے پیارے رسول محمد رسول اللہﷺ پرمقرب ترین فرشتے جبرئیل علیہ السلام کے ذریعہ نازل فرمایا۔ قرآن کریم ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ ہم اسے روئے زمین پر موجود ہرہرانسان تک پہنچائیں تاآں کہ زمین سے شروفساد کا خاتمہ ہواورانسان بھائی بھائی بن جائے۔ حاملین قرآن کریم اورطالبان علوم نبویہ نہایت معززاورقابل رشک ہیں۔ یقینا قرآن کریم سے نسبت بہت اہم نسبت ہے۔ قرآن کریم جس طرح نازل ہوا اس کواسی طرح پڑھنا اوراس پرعمل کرنا فرض ہے۔ ان خیالات کا اظہارمرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے مولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی نے کیا۔ وہ آج صبح مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے زیراہتمام بائیسواں آل انڈیا مسابقہ حفظ وتجوید وتفسیرقرآن پاک کے افتتاحی اجلاس میں خطاب کررہے تھے۔
قرآن پاک کے پیغام امن وآشتی، درس اخوت وبھائی چارگی کوعام کرنا ہوگا: مولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی
مولانا اصغرعلی امام مہدی نے کہا کہ حاملین قرآن پاک دنیا کے سب سے امن پسند، انسانیت کے علمبرداراوراخوت وبھائی چارہ کے سب سے بڑے مناد ہیں۔ قرآن مفضلہ کے مسلمانوں نے اس حقیقت کوجان لیا توانہیں دنیا جہاں میں عزت نصیب ہوئی۔ ہمیں اس حقیقت کوسمجھنا ہوگا اورقرآن پاک کے پیغام امن وآشتی، درس اخوت وبھائی چارگی اورانسانیت نوازی پرمبنی تعلیم کے پرچاروپرسارمیں اپنا کردارنبھانا ہوگا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسابقہ میں شریک قراء وحفاظ دلی شکریہ کے مستحق ہیں اوران کے والدین، اساتذہ اورجن مدارس وجامعات اوراسکولوں نے ان کونامزد کرکے یہاں بھیجا ہے، وہ سب ہمارے شکریہ کے مستحق ہیں۔ مدارس وجامعات اسلام کے قلعے اوردینی تعلیم کے روحانی مراکزہیں۔ ان مدارس وجامعات میں انسانیت کی تعمیرہوتی ہے اوریہاں دین وشریعت اوروطن سے محبت کی تعلیم دی جاتی ہے اورانسان کوانسانیت کا درس دیا جاتا ہے۔
مولانا محمد ہارون سنابلی نے شرکاء مسابقہ و مہمانان گرامی کا والہانہ استقبال کیا
مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے ناظم عمومی مولانا محمد ہارون سنابلی نے شرکاء مسابقہ و مہمانان گرامی کا والہانہ استقبال کیا اورکہا کہ مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے زیراہتمام اس پروگرام کے انعقاد کا مقصد یہ ہے کہ حفظ و تجوید اورتفسیرقرآن کا جذبہ پیدا ہو۔ اس مسابقے میں اتنی بڑی تعداد میں حفاظ وقراء کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ مرکزی جمعیت نے مسابقے کا جن مقاصد کے پیش نظرآغازکیا تھا، وہ بہرصورت پورے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت مولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی کی قیادت میں اپنی سرگرمیوں کومہمیزدیتے ہوئے اس عظیم الشان پروگرام کا جس طرح مسلسل انعقاد کررہی ہے، وہ اس کے لئے مبارک باد اورشکریہ کے مستحق ہے۔ ناظم اجلاس و کنوینرمسابقہ ڈاکٹرمحمد شیث ادریس تیمی نے مرکزی جمعیت کی ہمہ جہت اورمتنوع خدمات پرمختصراً روشنی ڈالتے ہوئے اس عظیم الشان مسابقے کوجمعیت کی خدمات کا اہم تسلسل اورسنہری کڑی قراردیا اورشرکاء مسابقہ، حکم حضرات وشرکاء اجلاس کا والہانہ خیرمقدم کیا۔
مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے عہدیداران کو مبارکباد پیش کی گئی
نائب امیرصوبائی جمعیت اہل حدیث بہار، مولانا خورشید عالم مدنی نے قرآن کریم کے اس کامیاب مسابقے کے انعقاد پرمرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کومبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ مولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی کی قیادت میں منعقد ہونے والا یہ مسابقہ ہرسال مزید حسن وخوبی کے ساتھ سامنے آتا ہے، جوامیرجمعیت اوران کے رفقائے کارکی شبانہ روزمحنتوں اورمخلصانہ کاوشوں کا ثمرہ ہے۔ دارالعلوم دیوبند وقف کے استاذ شعبۂ قراء ت قاری علاء الدین قاسمی نے مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے زیراہتمام منعقداس بائیسویں آل انڈیا مسابقہ حفظ وتجوید وتفسیرقرآن کریم چوتھی یا پانچویں مرتبہ شرکت کا موقع مل رہا ہے۔ دارالعلوم کے مہتمم حضرت مولانا سفیان قاسمی نے دعوت نامہ ملتے ہی نہایت خوش دلی سے اس پروگرام میں شرکت کی اجازت دی اوراسی وقت نہایت اہتمام کے ساتھ مرکزی جمعیت کے دفترکوخط لکھ کراس کی اطلاع بھی دی۔
قرآن کریم سے وابستگی یقینا ایک نہایت معززاوربابرکت عمل: مولانا محمد ابراہیم مدنی
نائب امیرصوبائی جمعیت اہل حدیث مشرقی یوپی، وکیل الجامعہ جامعہ خیرالعلوم ڈومریا گنج مولانا محمد ابراہیم مدنی نے اس مسابقے کے انعقاد پرمرکزی جمعیت کی موجودہ قیادت کومبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم سے وابستگی یقینا ایک نہایت معززاوربابرکت عمل ہے، جسے مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند تسلسل کے ساتھ فروغ دے رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس مسابقے کے نتیجے میں پورے ملک میں قرآن کریم کے حوالے سے مسابقاتی جذبہ پروان چڑھا ہے، جواس کی ایک اہم کامیابی ہے۔ ندوۃ المجاہدین، کیرالا کے سکریٹری اورکیرالا وقف بورڈ کے رکن ڈاکٹرعبدالمجید الصلاحی نے اپنے خطاب میں مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے ذمہ داران کومسابقے کے کامیاب انعقاد پرمبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید سے وابستگی نہایت قابلِ رشک عمل ہے، جوانسان کے اندرقرآن پرعمل کرنے کا جذبہ پیدا کرتی ہے اوریہی جذبہ ہرمسلمان سے مطلوب ہے۔
حفظ وتجوید کی یہ مجلس نہایت بابرکت ہے: مولانا عبدالاحد مدنی
مولانا عبدالقدوس عمری نے 22ویں آل انڈیا مسابقۂ حفظ وتجوید وتفسیرقرآن کریم کے انعقاد پرمرکزی جمعیت کومبارک باد پیش کی اورکہا کہ امیرجمعیت مولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی اوران کے رفقائے کارنے دور اندیشی اور مسلسل جدوجہد کے ساتھ اس مسابقے کے انعقاد کی روایت کو22 برس برقراررکھا ہے۔ نامساعد حالات کے باوجود اس علمی وقرآنی سلسلے کو جاری رکھنا یقینا قابل تحسین اورلائق مبارک باد ہے۔ جامعہ ریاض العلوم دہلی اورمرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے زیر اہتمام قائم اعلیٰ تعلیمی و تحقیقی ادارہ المعہد العالی للتخصص فی الدراسات الاسلامیہ کے موقراستاذ مولانا عبدالاحد مدنی نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ مجلس نہایت بابرکت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کا بنیادی مقصد کتاب و سنت کی تعلیمات کا فروغ ہے اوراسی مقصد کے تحت اس کے پلیٹ فارم سے مسلسل ایسے علمی ودینی پروگرام منعقد کئے جاتے ہیں۔ جامعہ فیض عام مئوکے استاذ مولانا محمد عامرمدنی نے جامعہ فیض عام کے ناظم محمد انس انصاری اورشیخ الجامعہ مولانا محمد مظہرمدنی کی جانب سے منتظمین کوپرخلوص مبارک باد پیش کی اوردعا کی کہ ایسے علمی وقرآنی پروگرام تسلسل کے ساتھ منعقد ہوتے رہیں۔
قرآن مجید سے وابستگی دنیا وآخرت میں سربلندی اورکامیابی کا ذریعہ: قاری شعیب مدنی
جامعۃ الفلاح حیدرآباد کے استاذ قاری شعیب مدنی نے اپنے خطاب میں کہا کہ قرآن مجید سے وابستگی دنیا وآخرت میں سربلندی اورکامیابی کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کواس مسابقے کے انعقاد پرمبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت اس مبارک اقدام کے ذریعہ امت کو قرآن کریم سے جوڑنے کا اہم ذریعہ انجام دے رہی ہے، جو یقینا لائق تحسین اورصد مبارک باد ہے۔ ناظم صوبائی جمعیت اہل حدیث آسام مولانا حفظ الرحمن مدنی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج ہم سب ایک نیک مقصد کے تحت جمع ہوئے ہیں۔ انہوں نے مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کو اس پروگرام کے انعقاد پر مبارک باد پیش کی اور بتایا کہ اس مسابقے میں صوبہ آسام کی بھی نمائندگی ہورہی ہے۔
جامعہ دار السلام عمرآباد کے استاذ حافظ عبدالقیوم مدنی صاحب نے اپنے خطاب میں کہا کہ قوموں کا عروج و زوال قرآن کریم سے وابستگی اور اس سے دوری پر منحصر ہے۔ انہوں نے اس مبارک مسابقے کے انعقاد پر مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کو مبارک باد پیش کی۔ اقرا انٹرنیشنل اسکول کے ڈائریکٹرمولانا محمد اظہرمدنی نے صحابہ اورتابعین سے متعلق آثارذکرکیا، جس سے قرآن کریم اورمعلم ومتعلم قرآن کی فضیلت ظاہرہوتی ہے اورکہا کہ قرآنی مسابقے کے انعقاد پرمرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کومبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ مسابقہ نہ صرف طلبہ میں صحت مند مسابقت کا جذبہ پیدا کرتا ہے، بلکہ اسلاف کی علمی وقرآنی روایت کے تحفظ اورتسلسل کا بھی ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے مسابقے ہمارے لئے اکسیرحیات کی حیثیت رکھتے ہیں۔
قرآنی مسابقوں کے نہایت مثبت اوردوررس اثرات مرتب ہوئے ہیں: قاری عبدالقیوم عثمانی
معہد عبداللہ بن مسعود لتحفیظ القرآن الکریم کے استاذ قاری عبدالقیوم عثمانی نے اپنے خطاب میں اس مفید اوربابرکت مسابقے کے انعقاد پرمرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کومبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے قرآنی مسابقوں کے نہایت مثبت اوردوررس اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ جامعہ محمدیہ منصورہ مالیگاؤں کے صدرشعبۂ قراء ت قاری امان اللہ سلفی نے اپنے خطاب میں کہا کہ قرآن کریم سیکھنے اورسکھانے والے نہایت معززومکرم ہیں۔ انہوں نے اپنے ادارے اوراس کے صدرمولانا ارشد مختارکی جانب سے مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کواس بابرکت مسابقے کے انعقاد پرمبارک باد پیش کی۔ ڈاکٹرفوازعبدالعزیزسلفی مدرس مدرسہ دارالتعلیم مئونے مسلسل 22 برس سے اس مسابقے کے انعقاد پرمرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے عہدیداران کومبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پورے ہندوستان کے طلبہ اس مسابقے کا شدت سے انتظارکرتے ہیں اورسال بھراس میں شرکت کے لئے بے تاب رہتے ہیں۔ یہ شوق وانتظاراس مسابقے کی کامیابی، مقبولیت اورافادیت کا واضح ثبوت ہے۔
کشمیرسے کنیا کماری تک 600 سے زائد حفاظ وقراء کی شرکت
جامعہ ریاض العلوم دہلی کے استاذ قاری ہاشم نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس مسابقے کا جماعتی و ملی حلقے میں ایک نمایاں مثبت اثریہ مرتب ہوا ہے کہ تجوید کے ساتھ قرآن کریم کی تلاوت کا شعورعام ہوا ہے اوراس جانب لوگوں کی توجہ میں اضافہ ہوا ہے۔ جامعہ ابوہریرہ الاسلامیہ لال گوپال گنج کے استاذ قاری نوشاد احمد نے اپنے خطاب میں مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت ہرسال یہ قیمتی موقع فراہم کرتی ہے، جہاں ملک بھرکے حاملین قرآن ایک جگہ جمع ہوکرقرآن کریم کے اس اہم مسابقے میں شرکت کرتے ہیں۔ ان کے علاوہ قاری صلاح الدین مظاہری استاذ شعبہ قراء ت مدرسہ مظاہرالعلوم سہارن پورنے بھی اپنی تائیدات سے نوازا۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے ناظم مالیات الحاج وکیل پرویزنے تمام متسابقین، ان کے سرپرستوں، معززحکم صاحبان اورپروگرام میں شریک دیگرمہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ اورانہوں نے یقین دلایا کہ مرکزی جمعیت اوراس کے عہدیداران آپ حضرات کی خدمت اورتعاون کے لئے ہمہ وقت حاضرہیں۔ اس اجلاس کا آغازحافظ دلشاد احمد کی پرسوزتلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ اس مسابقہ میں کشمیرسے کنیاکماری تک سے تقریباً 600 سے زائد حفاظ وقراء اس کے کل 6 زمروں میں شریک ہیں اورمسابقہ میں حکم کی ذمہ داری ملک کے بلا امتیازمسلک ومشرب ناموردینی مدارس وجامعات کے اپنے فن میں ماہرترین اساتذہ انجام دے رہے ہیں۔ اس افتتاحی پروگرام میں مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے ذمہ داران واراکین ، شرکاء مسابقہ، حکم حضرات اورذمہ داران جمعیات و معززین جماعت اورمدارس وجامعات کے اساتذہ اورطلبہ کے سرپرست حضرات نے شرکت کی، جن میں نائب ناظم مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند مولانا ریاض احمد سلفی، استاذ المعہد العالی للتخصص فی الدراسات الاسلامیہ مولانا عبدالغنی مدنی، ناظم جامعہ فیض عام مئومحمد انس انصاری وغیرہ قابل ذکرہیں۔
بھارت ایکسپریس اردو-
انٹرنیشنل پریاگ راج فلم فیسٹیول 2026 کا شاندارانعقاد ایم این آئی ٹی آڈیٹوریم میں ہوا۔…
مہاتما جیوتی با پھولے روہیل کھنڈ یونیورسٹی نے کئی بڑے فیصلے کئے ہیں۔ اب یونیورسٹی…
امت شاہ نے منشیات کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وزیر اعظم…
راہل گاندھی نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو براہِ راست نشانہ بنایا۔ انہوں نے…
مرکزی وزیر داخلہ نے کانگریس اور راہل گاندھی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بی…
راہل گاندھی نے بی جے پی پر سنگین الزام عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ…