نئی دہلی: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے ریلائنس اے ڈی اے جی گروپ کے چیئرمین انل امبانی کو بینک فراڈ سے متعلق کیس میں پوچھ گچھ کے لیے پیر کے دن دہلی واقع ای ڈی ہیڈکوارٹر میں حاضر ہونے کا نیا سمن جاری کیا ہے۔ یہ اطلاع ایجنسی سے وابستہ ذرائع نے دی۔ ذرائع کے مطابق، پچھلے سمن کے جواب میں انل امبانی نے جمعہ کے روز ورچوئل طریقے سے پیش ہونے کی درخواست کی تھی، جسے ای ڈی نے مسترد کر دیا۔ ایجنسی نے انہیں صاف طور پر ذاتی طور پر حاضر ہونے کی ہدایت دی ہے۔
انل امبانی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ تمام معاملات میں ای ڈی کے ساتھ مکمل تعاون کے لیے تیار ہیں اور انہوں نے ورچوئل پیشی کی اجازت مانگی تھی، مگر ایجنسی نے اسے منظور نہیں کیا۔ بیان میں واضح کیا گیا کہ ای ڈی کا یہ سمن فیما انویسٹی گیشن سے متعلق ہے، نہ کہ منی لانڈرنگ کے کسی کیس سے اس کا براہ راست تعلق ہے۔ مزید کہا گیا کہ “انل امبانی ریلائنس انفراسٹرکچر کے بورڈ کے ممبر نہیں ہیں۔ انہوں نے اپریل 2007 سے مارچ 2022 تک تقریباً 15 برس صرف ایک غیر ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں اور کبھی بھی کمپنی کے روزمرہ انتظامی معاملات میں شامل نہیں رہے۔”
قابل ذکر ہے کہ ای ڈی نے 14 نومبر کو منی لانڈرنگ کیس کی تفتیش کے سلسلے میں بھی انل امبانی کو طلب کیا تھا۔ اس سے قبل اگست میں ای ڈی ہیڈکوارٹر میں مبینہ 17,000 کروڑ روپے کے قرض فراڈ کیس میں ان سے تقریباً نو گھنٹے تک سخت پوچھ گچھ کی گئی تھی۔ یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب حال ہی میں ای ڈی نے نوی ممبئی میں واقع دھیرُوبھائی امبانی نالج سٹی کی 132 ایکڑ سے زیادہ زمین کو، جس کی قیمت 4,462.81 کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے، منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت عارضی طور پر ضبط کر لیا تھا۔
اس سے پہلے، ایجنسی رلیانس کمیونیکیشن لمیٹڈ ، ریلائنس کمرشل فنانس لمیٹڈ اور ریلائنس ہوم فنانس لمیٹڈ سے منسلک بینک فراڈ کے کیسز میں 3,083 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کی 42 جائیدادیں ضبط کر چکی ہے۔ ای ڈی کی جانب سے کارروائیوں کے اس سلسلے نے کاروباری حلقوں میں ہلچل پیدا کر دی ہے اور اس معاملے پر سب کی نظریں پیر کو ہونے والی پیشی پر لگی ہوئی ہیں۔
بھارت ایکسپریس اردو
امریکہ کے شہر رینو میں منعقدہ عالمی ماسٹرز کلاسک پاور لفٹنگ چیمپئن شپ میں ہندوستانی…
بہار قانون ساز کونسل کے انتخابات سے پہلے جنتا دل یونائیٹڈ کے اندر جاری اختلافات…
مدھیہ پردیش کے گوالیار میں شیتلا ماتا مندر کے قریب پیش آنے والے بھیانک سڑک…
وزیر اعظم وکست بھارت روزگار یوجنا کے تحت پہلی بار ملازمت شروع کرنے والے نوجوانوں…
فرانس میں مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف ملک گیر احتجاج نے پرتشدد رخ اختیار…
محکمہ موسمیات نے 18 اکتوبر کو ملک کی کئی ریاستوں میں شدید بارش، آندھی اور…