قومی

Shashi Tharoor slams delimitation push: آٹھ سو پچاس ارکان کا ایوان اور سال میں صرف 50 دن پارلیمنٹ، یہ جمہوریت کے ساتھ مذاق ہوگا: ششی تھرور

کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے لوک سبھا کی نشستوں کی تعداد بڑھا کر 850 کرنے کی مجوزہ تجویز پر سخت اعتراض کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر 850 ارکان پر مشتمل پارلیمنٹ سال میں صرف 50 دن کام کرے گی تو جمہوری بحث اور ارکان پارلیمنٹ کی نمائندگی کا مقصد متاثر ہوگا۔ تھرور نے خواتین کے لیے 33 فیصد ریزرویشن کو حد بندی سے جوڑنے کی بھی مخالفت کی اور کہا کہ دونوں معاملات کا آپس میں کوئی تعلق نہیں ہے۔ ترواننت پورم میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے تھرور نے کہا کہ کانگریس خواتین کے ریزرویشن کی مکمل حمایت کرتی ہے اور چاہتی ہے کہ اسے قانون منظور ہونے کے فوراً بعد نافذ کیا جائے۔ ان کے مطابق حکومت نے پہلے اس قانون کو نافذ کرنے میں تین سال کی تاخیر کی اور اب اسے حد بندی سے جوڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

حد بندی کے معاملے پر ریاستوں سے مشاورت کا مطالبہ

ششی تھرور نے کہا کہ حد بندی ایک اہم معاملہ ہے، جس پر ملک گیر سطح پر وسیع بحث ہونی چاہیے۔ اس میں ان ریاستوں کو بھی شامل کیا جانا ضروری ہے جو اس فیصلے سے براہ راست متاثر ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ صرف پارلیمنٹ میں فیصلہ کرکے ریاستوں کے مفادات سے متعلق اتنا بڑا معاملہ طے نہیں کیا جا سکتا، بلکہ متعلقہ ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ سے بھی مشورہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ لوک سبھا کی تعداد 543 سے بڑھا کر 850 کرنے کے بعد ارکان کو پارلیمانی کارروائی میں حصہ لینے کے خاطر خواہ مواقع نہیں ملیں گے۔ ان کے مطابق پارلیمنٹ کے اجلاس کے دن پہلے ہی کم ہوتے جا رہے ہیں اور سالانہ تقریباً 70 دن ہی کارروائی ہو رہی ہے۔ ایسے میں 850 ارکان کے لیے صرف 50 دن کی پارلیمنٹ جمہوری عمل کو کمزور کر سکتی ہے۔

زیادہ تر ارکان کو بولنے کا موقع نہیں ملے گا

کانگریس رہنما نے کہا کہ اگر کسی موضوع پر بحث کے لیے چار گھنٹے مختص کیے جائیں تو زیادہ سے زیادہ 15 سے 20 ارکان ہی اپنی بات رکھ پائیں گے، جبکہ باقی ارکان کو بولنے، وزرا سے سوال کرنے اور اپنے حلقوں کے مسائل اٹھانے کا موقع نہیں ملے گا۔ انہوں نے مجوزہ ایوان کا موازنہ چین کے عوامی مشاورتی ادارے سے کرتے ہوئے کہا کہ ایسی پارلیمنٹ میں بیشتر ارکان محض خاموش تماشائی بن کر رہ جائیں گے۔ تھرور نے بی جے پی کی اس تجویز پر بھی تنقید کی۔

اسمبلیوں میں ارکان کی تعداد بڑھانے کی تجویز

آبادی میں اضافے کے باعث لوک سبھا کی نشستیں بڑھانے کے مرکزی حکومت کے موقف پر ردعمل دیتے ہوئے تھرور نے کہا کہ اگر مسئلہ عوامی نمائندگی کا ہے تو ریاستی اسمبلیوں میں ارکان کی تعداد بڑھائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ اتر پردیش اسمبلی کی موجودہ 400 نشستوں کو بڑھا کر 500 کیا جا سکتا ہے، تاکہ ارکان اپنے حلقوں کے لوگوں سے براہ راست رابطہ رکھ سکیں۔ انہوں نے امریکہ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں 1929 سے ایوانِ نمائندگان کی نشستوں کی تعداد 435 مقرر ہے، حالانکہ اس دوران ملک کی آبادی تقریباً 12 کروڑ سے بڑھ کر 38 کروڑ ہو چکی ہے۔ ان کے مطابق ہندوستان میں بھی ہر بار آبادی بڑھنے کے ساتھ پارلیمنٹ کی نشستیں بڑھانا ضروری نہیں ہے۔

پارلیمنٹ کا مختصر اجلاس 30 نومبر سے

واضح رہے کہ پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس 13 اگست کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کیا گیا تھا، تاہم اسے باضابطہ طور پر ختم نہیں کیا گیا تھا۔ اب حکومت نے ضروری سرکاری امور کی انجام دہی کے لیے مختصر توسیعی اجلاس طلب کیا ہے، جو 30 نومبر سے 3 دسمبر تک جاری رہے گا۔ لوک سبھا کا اجلاس 30 نومبر سے اور راجیہ سبھا کا اجلاس 2 دسمبر سے ہوگا۔ حد بندی سے متعلق آئینی ترمیم اور قانون سازی کا پیکیج بھی سیاسی توجہ کا مرکز ہے۔ اپریل 2026 میں حکومت کی اس سے متعلق سابقہ کوشش کو ایوان میں مطلوبہ دو تہائی اکثریت حاصل نہیں ہو سکی تھی۔ 27 نومبر کو مرکزی کابینہ نے حد بندی کے ایک نظرثانی شدہ منصوبے کو منظوری دی، جس میں ریاستوں میں نشستوں کی تعداد 50 فیصد تک بڑھانے اور 2051 تک بین ریاستی نمائندگی کے موجودہ تناسب کو برقرار رکھنے کی تجویز شامل ہے۔ ششی تھرور نے کہا کہ حکومت اگر مطلوبہ اکثریت حاصل بھی کر لیتی ہے تو اس سے یہ ثابت نہیں ہوگا کہ فیصلہ درست ہے۔ ان کے مطابق اتنے اہم معاملے پر عوامی اور وفاقی سطح پر سنجیدہ مشاورت ضروری ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔

Habiburrahman

Recent Posts

ممتا بنرجی کو بڑی راحت، ٹی ایم سی کے باغی رتبرتا بنرجی کو لگا بڑا جھٹکا، ہائی کورٹ نے اپوزیشن لیڈر کی تقرری کو کردیا منسوخ

 کلکتہ ہائی کورٹ نے مغربی بنگال اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر رتبرتا بنرجی کی تقرری منسوخ…

1 hour ago

انٹیگرل یونیورسٹی، لکھنؤ میں ہوگا 16ویں آل انڈیا ایجوکیشنل کانفرنس کا انعقاد، یہاں جانئے پوری تفصیل

دودنوں پر محیط اس کانفرنس کے 6 موضوعاتی اجلاسوں میں تعلیمی پالیسی اور سول سوسائٹی…

2 hours ago

Amit Shah to visit Kolkata: امت شاہ 30 نومبر کو کولکتہ کا  کریں گےدورہ ، بی جے پی کے آئین گورو پروگرام میں کریں گے شرکت

امت شاہ اس سے پہلے اکتوبر میں درگا پوجا کے تہوار کے دوران دو روزہ…

4 hours ago