دہلی پولیس نے ترکمان گیٹ پتھراؤ معاملے میں اتوار کو دو مزید ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار افراد کی شناخت فہیم عرف سانو اور شہزاد کے طور پر ہوئی ہے۔ ان گرفتاریوں کے بعد اس معاملے میں حراست میں لیے گئے افراد کی مجموعی تعداد 18 تک پہنچ گئی ہے۔یہ واقعہ اس وقت پیش آیا تھا ،جب دہلی ہائی کورٹ کے حکم پر میونسپل کارپوریشن آف دہلی (ایم سی ڈی) اور پولیس کی ٹیمیں فیض الہی مسجد کے قریب غیر قانونی تجاوزات ہٹانے کے لیے جے سی بی مشینوں کے ساتھ موقع پر پہنچیں۔ اسی دوران تقریباً 25 سے 30 افراد نے پولیس اور ایم سی ڈی اہلکاروں پر پتھراؤ کیا، جس سے حالات کشیدہ ہو گئے۔
پتھراؤ کے واقعے کے بعد دہلی پولیس نے فیض الہی مسجد کے اطراف بھارتیہ ناگرک سرکشا سنہیتا (بی این ایس ایس) کی دفعہ 163 نافذ کر دی، جس کے تحت علاقے میں اجتماعات پر پابندی عائد کر دی گئی۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ حالات کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے گھروں میں ہی نماز ادا کریں۔پولیس حکام کے مطابق جمعرات کو اس تشدد میں مبینہ طور پر ملوث 30 افراد کی شناخت کر لی گئی تھی۔ یہ شناخت سی سی ٹی وی فوٹیج اور سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز کی مدد سے کی گئی۔ اس کے بعد باقی ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
دہلی پولیس کے ایک بیان کے مطابق 7 جنوری کو ترکمان گیٹ، رام لیلا میدان کے قریب فیض الہی مسجد کے آس پاس تجاوزات کے خلاف انہدامی کارروائی ہائی کورٹ کے حکم پر علی الصبح شروع کی گئی تھی۔ اسی دوران مشتعل ہجوم نے پتھراؤ کیا، جس کے نتیجے میں پانچ پولیس اہلکاروں کو معمولی چوٹیں آئیں۔ سینٹرل ڈسٹرکٹ کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس ندھِن ولسن کے مطابق زخمی اہلکاروں کو قریبی اسپتال میں علاج فراہم کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انہدامی کارروائی سے قبل امن برقرار رکھنے کے لیے امن کمیٹی اور مقامی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ کئی تال میل میٹنگز کی گئی تھیں۔ سینٹرل رینج کے جوائنٹ کمشنر آف پولیس مدھر ورما کے مطابق امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام ممکنہ احتیاطی اور اعتماد سازی کے اقدامات کیے گئے تھے، تاہم چند شرپسند عناصر نے حالات خراب کرنے کی کوشش کی، جسے محدود اور مناسب طاقت کے استعمال سے فوری طور پر قابو میں لے لیا گیا۔
بھارت ایکسپریس اردو
پونم نے جمعرات کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے لکھا، ’’کافی…
اتر پردیش اور بہار سمیت 17 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ووٹر…
دہلی پولیس کی ڈی سی پی پی آر او نیہا یادو نے بتایا کہ این…
موبائل پر کال آتے ہی دکھائی دے گا کال کرنے والے کا نام، نئے نظام…
547 مقدمات درج، 182 کروڑ روپے سے زائد کی منشیات ضبط ہوئی ہیں اور منشیات…
راہل گاندھی کی حامی نیہا بورا نے کہا کہ ’بنگلہ دیش نے ہمیں ایک راستہ…