قومی

فنکار کی درخواست پر جاپانی وزیر اعظم نے سنتور پر چھیڑا راگ، وزیر اعظم مودی نے تالیاں بجا کر کی حوصلہ افزائی

نئی دہلی: جاپان کی وزیراعظم سنائے تاکائیچی تین روزہ دورے پربھارت میں ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کومزید مستحکم بنانے کے لئے اس دورے کوانتہائی اہم قراردیا جا رہا ہے۔ اس دوران ثقافتی ہم آہنگی سے لے کراقتصادی شراکت داری تک کئی اہم پہلو اجاگرہوئے۔ وزیراعظم نریندرمودی کی جانب سے دیئے گئے ظہرانے میں مہمانوں کی تواضع کے ساتھ روایتی بھارتی سازوں کی دلکش موسیقی بھی پیش کی گئی۔ پروگرام کے اختتام پر وزیراعظم سنائے تاکائیچی نے تمام فنکاروں کا شکریہ ادا کیا۔

اسی دوران ایک فنکارنے انہیں روایتی بھارتی سازسنتوربجانے کی دعوت دی۔ جاپانی وزیراعظم نے خوش دلی سے دعوت قبول کی اورسنتورکے تارچھیڑنے کی کوشش کی۔ ان کی اس کوشش پروزیراعظم نریندرمودی مسکراتے رہے اورتالیاں بجا کران کی حوصلہ افزائی کی۔ اس خوبصورت لمحے کو جاپان کے کابینہ کے شعبۂ تعلقات عامہ کے ایک عہدیدارنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پرایک خوبصورت تصویرکے ساتھ شیئرکیا اوراس دلچسپ واقعہ کی مختصرمگردلکش روداد بیان کی۔

اقتصادی تعاون کونئی رفتاردینے پراتفاق

اس سے قبل بھارت اورجاپان نے اقتصادی شراکت داری کونئی رفتاردینے کا فیصلہ کیا۔ بھارت-جاپان مشترکہ اقتصادی فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نریندرمودی نے جاپانی کمپنیوں کودرپیش مسائل کے حل کے لئے “جاپان بزنس ویک” شروع کرنے کا اعلان کیا۔ اس اقدام کے تحت وزیراعظم کے دفترکے سینئرحکام براہِ راست جاپانی سرمایہ کاروں سے بات چیت کریں گے۔ وزیراعظم مودی نے کہا کہ دنیا بھرمیں فروخت ہونے والی سوزوکی کی دوتہائی گاڑیاں بھارت میں تیارکی جا رہی ہیں اورانہیں 100 سے زائد ممالک کوبرآمد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ جاپان کے تعاون سے ملک میں تقریباً ایک ہزارکھاد (فرٹیلائزر) کے کارخانے قائم کئے جائیں گے۔ دونوں ممالک نے آئندہ دس برسوں کے دوران بھارت میں 10 ٹریلین ین کی جاپانی سرمایہ کاری کا ہدف بھی مقرر کیا ہے۔ اس موقع پروزیراعظم مودی اورجاپان کی وزیراعظم سنائے تاکائیچی نے ہریانہ کے کھرکھودا میں ماروتی سوزوکی کے چوتھے آٹوموبائل مینوفیکچرنگ پلانٹ کا مشترکہ افتتاح بھی کیا۔

‘چھوٹی بہن’ کے رشتے کا جذباتی ذکر

دوطرفہ مذاکرات کے بعد وزیراعظم نریندرمودی نے سنائے تاکائیچی کواپنی “چھوٹی بہن” قراردیا تھا۔ اس کے بعد جاپانی وزیراعظم نے”چھوٹی بہن” کہے جانے کا ذکرکرتے ہوئے جذباتی اندازمیں کہا: “وزیراعظم مودی، آپ نے مجھے اپنی خوبصورت چھوٹی بہن کہا، لیکن ہماری باضابطہ ملاقات سے پہلے ہونے والی مختصرملاقات میں ہی ہم نے طے کرلیا تھا کہ ہم اپنے تعلقات کوبھائی بہن کے رشتے کے طورپرآگے بڑھائیں گے۔” انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ عالمی حالات کے تناظرمیں بھارت اورجاپان کا ایک دوسرے کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہونا پہلے سے کہیں زیادہ ضروری ہو گیا ہے۔

 بھارت ایکسپریس اردو-

Nisar Ahmad

Recent Posts

INDIA Alliance Rally: ’عوامی مواخذے‘ کے بعد اتوار کو رام لیلا میدان میں ’انڈیا‘ اتحاد کی عظیم ریلی

چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) گیانیش کمار کے خلاف اپوزیشن اتحاد ’انڈیا‘ کی جانب…

57 minutes ago

نیشنل کانفرنس میں بغاوت کے آثار، عمرعبداللہ کے لئے بڑا جھٹکا، 15 سے زائد اراکین اسمبلی کی خفیہ میٹنگ

خفیہ میٹنگ کی اطلاعات کے بعد کوئی بھی رکن اسمبلی کھل کرکیمرے کے سامنے قیادت کے…

2 hours ago

جو ہمیں دوسرے درجے کا شہری بنانا چاہتے ہیں، وہ دراصل ملک کے دشمن ہیں: مولانا محمود مدنی نے کیوں کہی یہ بڑی بات؟

جمعیۃ علماء ہند کی مجلسِ منتظمہ کے دو روزہ اجلاس میں ملک کی موجودہ صورت…

3 hours ago

Guwahati GMCH: کیا کینسر کے علاج میں آئے گی بڑی پیش رفت؟ آسام میں ملک کا پہلا سرکاری پروٹون بیم تھراپی مرکز قائم کرنے کی تیاری

آسام کے گوہاٹی میڈیکل کالج (جی ایم سی ایچ) میں ہندوستان کا پہلا سرکاری اور…

3 hours ago

Gold-Silver Rate: سونا اور چاندی کی قیمتیں 12 ماہ کی کم ترین سطح پر، بڑی گراوٹ سے بازار میں ہلچل،کیا یہی ہے خریداری کا صحیح وقت؟

کموڈیٹی مارکیٹ میں زبردست فروخت کے دباؤ کے باعث سونے اور چاندی کی قیمتوں میں…

3 hours ago