جھارکھنڈ کے دارالحکومت رانچی میں جمعرات کو مشرقی زونل کونسل کا 27 واں اجلاس مرکزی وزیر داخلہ و تعاون امت شاہ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین، اوڈیشہ کے وزیر اعلیٰ موہن چرن مانجھی، بہار کے نائب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری، مغربی بنگال کی وزیر چندریما بھٹاچاریہ سمیت چاروں ریاستوں کے چیف سکریٹریز اور مرکزی حکومت کے سینئر افسران شریک ہوئے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ ’’ آپریشن سندور میں ہماری فورسز نے جس دلیری، درستگی اور بہادری کا مظاہرہ کیا، اُس پر پورے ملک کو فخر ہے۔ مشرقی زونل کونسل نے ان جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کی متفقہ قرارداد منظور کی ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے دنیا کو ہندوستان کے مضبوط عزم سے آگاہ کر دیا ہے۔
پی ایم مودی کے ’ٹیم بھارت‘ وژن کے ساتھ ہمیں 2047 تک بنانا ہے ملک کو ترقی یافتہ
امت شاہ نے مزید کہا کہ ’’وزیر اعظم نریندر مودی نے تعاون پر مبنی وفاقیت کی بنیاد پر ’ٹیم بھارت‘ کا وژن ملک کے سامنے پیش کیا ہے۔ مودی جی کے ’ٹیم بھارت‘ کے وژن کے تحت ہم سب کو مل کر ریاستوں کی ترقی کے ذریعے ہندوستان کی ترقی کے ہدف کو حاصل کرنے اور 2047 تک ہندوستان کو ایک مکمل ترقی یافتہ ملک بنانے کے لیے آگے بڑھنا چاہیے۔‘‘
تاریخی اور علمی رہی ہے مشرقی ہندوستان کی سرزمین: امت شاہ
امت شاہ نے تحریکِ آزادی میں جھارکھنڈ کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ سرزمین بھگوان برسا منڈا جیسے عظیم مجاہدینِ آزادی کی جدوجہد کی گواہ ہے۔ اس کے علاوہ مشرقی ہندوستان نے تعلیم، علم، موسیقی اور سائنسی تحقیق کی بنیادوں میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔‘‘
انھوں نے مزید کہا کہ علاقائی کونسلز اب صرف مشاورتی فورمز نہیں بلکہ ’’عملی پلیٹ فارمز‘‘ بن چکی ہیں اور 2014 سے 2025 کے دوران ان اجلاسوں کی تعداد 63 ہو چکی ہے، جب کہ 2004 سے 2014 تک صرف 25 اجلاس ہوئے تھے۔انھوں نے کہا کہ ’’ہم نے سالانہ 2-3 اجلاسوں سے بڑھ کر 6 اجلاس سالانہ کی سطح حاصل کی ہے، جس میں 83 فیصد مسائل کا حل نکالا گیا ہے۔‘‘
متعدد مسائل پر ہوئی بات چیت
اجلاس میں مسنجور ڈیم، طیب پور بیراج، اندراپوری ذخیرہ جیسے دیرینہ مسائل، بہار-جھارکھنڈ کے عوامی اداروں کی جائیداد اور واجبات کی تقسیم جیسے امور پر بھی تفصیل سے بات ہوئی۔ مرکزی وزیر داخلہ نے چاروں ریاستوں پر زور دیا کہ وہ جلد از جلد نئے فوجداری قوانین کو مکمل طور پر نافذ کریں اور منشیات کے خلاف اضلاع کی سطح پر NCORD میٹنگز باقاعدگی سے منعقد کریں۔
دریں اثنا انھوں نے نکسل ازم پر بھی بات کی اور کہا کہ ’’ہم 31 مارچ 2026 تک ملک کو نکسل ازم سے آزاد کر دیں گے۔‘‘ اس کے علاوہ اس اجلاس میں خواتین و بچوں سے متعلق مقدمات کے لیے فاسٹ ٹریک عدالتوں، دیہی علاقوں میں بینکنگ سہولیات، ایمرجنسی سپورٹ سسٹم (ERSS-112)، تعلیم، صحت اور توانائی جیسے اہم مسائل پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
بھارت ایکسپریس اردو
29 جون کو سی بی ایس ای نے تین زبانوں کی پالیسی کے حوالے سے…
کے سی وینوگوپال نے مرکزی حکومت کو بھی نشانہ بنایا۔ انہوں نے حکومت اور اس…
فوج کے ترجمان کے مطابق، دونوں اعلیٰ فوجی افسران کے علاوہ وفد کے 12 ارکان…
پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈر کیپٹن…
آئچی-ناگویا ایشین گیمز 2026 میں بھارتی ایتھلیٹس نے ٹریک اینڈ فیلڈ میں دو سلور اور…
وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کی شام دہلی کے دین دیال اپادھیائے پارک پہنچ…