نئی دہلی : وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو ایشین پیرا گیمز 2026 میں حصہ لینے والے ہندوستانی کھلاڑیوں سے ملاقات اور گفتگو کی۔ نئی دہلی کے اندرا گاندھی اسپورٹس کمپلیکس میں منعقدہ اس پروگرام کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان کا مقصد عالمی معیار کے کھلاڑی تیار کرنے کے ساتھ ساتھ عالمی معیار کا کھیلوں کا سامان بھی بنانا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے کہا، ’’اولمپکس کو ذہن میں رکھتے ہوئے اس بار لال قلعے سے میں نے ٹیلنٹ ہنٹ مہم کے تحت نوجوانوں سے آگے آنے کی اپیل کی تھی۔ ان کوششوں میں پیرا گیمز کو بھی اتنی ہی اہمیت دی جا رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آپ جیسے باصلاحیت کھلاڑی ابھر کر سامنے آ رہے ہیں اور بڑے مقابلوں میں ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔ اس بار کے پیرا گیمز میں بھی اس کی مثال دیکھنے کو ملی۔
اس مقابلے میں ٹاپس (ٹارگٹ اولمپک پوڈیم اسکیم) سے مدد حاصل کرنے والے کھلاڑیوں نے 41 تمغے جیتے، جبکہ کھیلو انڈیا کے کھلاڑیوں نے 19 میڈل اپنے نام کیے۔ یہ ظاہر کرتا ہے کہ ہماری کوششیں صحیح سمت میں آگے بڑھ رہی ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہندوستان عالمی معیار کے کھلاڑی بھی تیار کرے اور عالمی معیار کا کھیلوں کا سامان بھی بنائے۔‘‘انہوں نے کہا کہ حکومت نے کھیلو انڈیا اسپورٹس گڈز مینوفیکچرنگ اسکیم کو منظوری دے دی ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ہندوستان کی کھیلوں کا سامان تیار کرنے والی صنعت بھی نئی کامیابیاں حاصل کرے۔ جب کوئی ہندوستانی یا غیر ملکی کھلاڑی کسی میدان میں اترے تو اس کے کھیلوں کے آلات کے ساتھ ساتھ لباس اور جوتے بھی ’میک اِن انڈیا‘ ہونے چاہئیں۔وزیر اعظم مودی نے کہا، ’’کچھ دن پہلے ہی حکومت نے 1800 کروڑ روپے سے زیادہ کے بجٹ کے ساتھ کھیلو انڈیا اسپورٹس گڈز مینوفیکچرنگ اسکیم کو منظوری دی ہے۔
ہماری کھیلوں کا سامان تیار کرنے والی صنعت کچھ کر دکھائے۔ جب بھی کوئی کھلاڑی، چاہے وہ ہندوستانی ہو یا بین الاقوامی، میدان میں اترے تو اس کے کھیلوں کے آلات فخر کے ساتھ ’میک اِن انڈیا‘ ہونے چاہئیں۔ اس کے جوتوں، لباس اور دیگر سامان پر ہندوستانی مہارت کی چھاپ ہونی چاہیے۔ ہمارا دوہرا مقصد ہے: ہندوستان میں عالمی معیار کے کھلاڑی تیار کرنا اور پوری دنیا کے لیے عالمی معیار کا کھیلوں کا سامان بنانا۔‘‘
ایشین پیرا گیمز میں ہندوستان کی تاریخی کامیابی
قابل ذکر ہے کہ جاپان کے آئچی ناگویا میں منعقدہ ایشین پیرا گیمز 2026 میں ہندوستان نے اب تک کی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 114 میڈل جیتے۔ ان میں 30 گولڈ، 35 سلور اور 49 برنزمیڈل شامل ہیں۔
بھارت ایکسپریس اردو
پاکستانی سکیورٹی فورسز پر راولاکوٹ میں پُرامن مظاہرین اور رہائشی علاقوں کو نشانہ بنانے کا…
نائب سنگھ سینی نے امت شاہ کی تنظیمی صلاحیتوں کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے…
اردواکادمی، دہلی کی جانب سے ان مقابلوں میں شرکت کرنے والے تمام طلبہ وطالبات کو…
گزشتہ ماہ حکومت نے وزیر اعظم دیویانگ جن پنشن اسکیم کے تحت معذور افراد کے…
جنوری 2025 میں ایک حملہ آور ممبئی میں واقع سیف علی خان اور کرینہ کپور…
ہندوستان کی مجموعی کامیابی میں پیرا ایتھلیٹکس کا سب سے بڑا کردار رہا۔ اس شعبے…