اسپورٹس

T20 World Cup: ٹی-20 عالمی کپ میں ٹیم انڈیا کا فاتحانہ آغاز، امریکہ کو 29 رن سے دی شکست

ممبئی: دفاعی چمپئن بھارتی ٹیم نے ٹی20 عالمی 2026 میں اپنے مہم کا شاندار آغاز کرتے ہوئے گروپ اے کے پہلے میچ میں امریکہ (یو ایس اے) کو 29 رن سے شکست دے دی۔ ممبئی کے تاریخی وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس مقابلے میں بھارتی کپتان سوریہ کمار یادو کی شاندار اننگز فیصلہ کن ثابت ہوئی، جس کی بدولت ٹیم انڈیا نے مضبوط اسکور کھڑا کیا اور پھر گیند بازوں کی عمدہ کارکردگی سے حریف ٹیم کو قابو میں رکھا۔

سوریہ کمار یادو کی طوفانی اننگز

ٹاس ہار کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے بھارتی ٹیم نے مقررہ 20 اوور میں 9 وکٹ کے نقصان پر 161 رن بنائے۔ کپتان سوریہ کمار یادو نے شاندار فارم کا مظاہرہ کرتے ہوئے 49 گیندوں پر ناقابل شکست 84 رن کی دلکش اننگز کھیلی، جس میں 4 چھکے اور 10 چوکے شامل تھے۔ ان کی اس جارحانہ بلے بازی نے بھارتی اننگز کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔ سوریہ کمار کے علاوہ تلک ورما نے 16 گیندوں پر 25 رن اور ایشان کشن نے بھی 16 گیندوں پر 20 رن کا تعاون کیا۔ اس میچ میں اوپننگ آرڈر کوئی خاص مظاہرہ نہیں کرسکا۔ ابھیشیک شرما اور شیوم دوبے بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے جبکہ رنکو سنگھ 6، ہارڈک پانڈیا 5 اور اکشر پٹیل 14 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ امریکہ کی جانب سے شیڈلی وان شالکوک سب سے کامیاب گیند باز رہے، جنہوں نے 4 اوور میں 25 رن دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ ہرميت سنگھ نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ علی خان اور محمد محسن کو ایک ایک کامیابی ملی۔ تاہم سوربھ نیتراؤلکر مہنگے ثابت ہوئے اور انہوں نے 4 اوور میں 65 رن دیے اور  انہیں کوئی وکٹ نہیں ملی۔

یو ایس اے کی کمزور شروعات

162 رن کے ہدف کے تعاقب میں اتری امریکی ٹیم کی شروعات انتہائی خراب رہی۔ اوپنر اینڈریس گوس 6 رن، سیتیجا مکملّا 2 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے، جبکہ کپتان مونانک پٹیل صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ محض 13 رن پر تین وکٹیں گرنے سے امریکی ٹیم شدید دباؤ میں آ گئی۔ اس نازک موقع پر ملند کمار اور سنجے کرشن مورتی نے چوتھی وکٹ کے لیے 58 رن کی اہم شراکت قائم کی اور اسکور کو 71 تک پہنچایا۔ ملند کمار 34 رن بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ سنجے کرشن مورتی نے 37 رن کی اننگز کھیلی۔ ان دونوں کے آؤٹ ہوتے ہی امریکی ٹیم کا نچلا ترتیب لڑکھڑا گیا۔ نچلے نمبر پر شبھم رنجنے نے 22 گیندوں پر 37 رن کی جارحانہ اننگز کھیل کر کچھ دیر تک امید جگائے رکھی، لیکن انہیں دیگر بلے بازوں کا ساتھ نہ مل سکا۔ نتیجتاً امریکی ٹیم 20 اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 132 رن ہی بنا سکی اور 29 رن سے میچ ہار گئی۔

بھارتی گیند بازوں کی شاندار کارکردگی

بھارت کی جانب سے محمد سراج نے شاندار گیند بازی کرتے ہوئے 4 اوور میں 29 رن دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ ارشدیپ سنگھ نے 2 وکٹیں لیں اور صرف 18 رن دیے۔ اکشر پٹیل نے بھی 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ورون چکرورتی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ اس شاندار جیت کے ساتھ بھارتی ٹیم نے نہ صرف ٹورنامنٹ میں اپنے عزائم واضح کر دیے بلکہ یہ پیغام بھی دیا کہ وہ اپنا خطاب برقرار رکھنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ کپتان سوریہ کمار یادو کی فارم اور گیند بازوں کی منظم کارکردگی نے ٹیم انڈیا کو ایک مضبوط آغاز فراہم کیا ہے، جو آئندہ میچوں میں بھی اعتماد کا باعث بنے گا۔ بھارتی شائقین کے لیے یہ فتح نہایت خوش آئند ہے اور ٹیم سے آئندہ مقابلوں میں بھی اسی طرح کی عمدہ کارکردگی کی توقع کی جا رہی ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔

Habiburrahman

Recent Posts

Union Home Minister Amit Shah: بنگال جینتی پر امت شاہ نے ایشور چندر ودیا ساگر کو پیش کی خراج تحسین

امت شاہ نے ودیا ساگر کی تعلیمی خدمات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں…

1 hour ago

Dr. Manmohan Singh: پی ایم مودی، ملکارجن کھرگے، پرینکا گاندھی سمیت کئی لیڈروں نے سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کو یوم پیدائش پر کیا یاد

کانگریس رہنما پرینکا گاندھی نے بھی سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کو یاد کرتے ہوئے…

3 hours ago

CEC Gyanesh Kumar: گیانیش کمار کو جانا ہی ہوگا، کانگریس کا مطالبہ، کاکروچ جنتا پارٹی کا آج ختم ہو رہا ہےالٹی میٹم

کے سی وینوگوپال نے مرکزی حکومت کو بھی نشانہ بنایا۔ انہوں نے حکومت اور اس…

4 hours ago