لارڈز: انگلینڈ کے خلاف تاریخی لارڈز میدان میں جمعہ سے شروع ہونے والے واحد ٹیسٹ میچ میں بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 285 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ خراب آغاز کے باوجود اسمرتی مندھانا، کپتان ہرمن پریت کور اور دیپتی شرما کی ذمہ دارانہ نصف سنچریوں نے ٹیم کو باعزت اسکور تک پہنچایا۔ ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ کرنے اتری بھارتی ٹیم کی شروعات مایوس کن رہی۔ شیفالی ورما صرف 4 اور یاستیکا 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئیں۔ 37 رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد جمائما روڈریگز اور اسمرتی مندھانا نے تیسری وکٹ کے لیے 61 رنز کی اہم شراکت قائم کی اور ٹیم کا اسکور 101 تک پہنچایا۔ تاہم اسی اسکور پر جمائما 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئیں۔
مندھانا، ہرمن پریت اور دیپتی کی نصف سنچریاں
ایک اینڈ سنبھالے رکھنے والی اسمرتی مندھانا نے کپتان ہرمن پریت کور کے ساتھ چوتھی وکٹ کے لیے 89 رنز جوڑے۔ مندھانا اپنی سنچری کی جانب بڑھ رہی تھیں، لیکن 83 رنز پر آؤٹ ہوگئیں۔ انہوں نے 108 گیندوں پر 11 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے شاندار اننگز کھیلی۔ مندھانا کے آؤٹ ہونے کے بعد ہرمن پریت کور بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکیں۔ وہ 121 گیندوں پر 58 رنز بنا کر ٹیم کے مجموعی اسکور 202 پر پانچویں وکٹ کے طور پر آؤٹ ہوئیں۔ اس کے بعد دیپتی شرما نے نچلے درجے کے بلے بازوں کے ساتھ مفید شراکتیں قائم کرتے ہوئے 87 گیندوں پر 57 رنز کی اننگز کھیلی، جس کی بدولت بھارت کا مجموعہ 285 رنز تک پہنچ سکا۔
انگلینڈ کی جانب سے ایکلسٹن کی عمدہ بولنگ
انگلینڈ کی جانب سے سوفی ایکلسٹن نے سب سے کامیاب بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ لارین فلر، ایزی وونگ اور میڈی ولرز نے دو-دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ لارین بیل کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔ پہلے دن کا کھیل ختم ہونے پر انگلینڈ نے 11 اوورس میں ایک وکٹ کے نقصان پر 21 رن بنالیے تھے۔ انگلینڈ ٹیم اب بھارت سے 264 رن پیچھے ہے۔ اپنا آخری ٹیسٹ کھیلنے والی ٹیمی بیومونٹ صرف 2 رنز بنا کر کرانتی گوڑ کی گیند پر آؤٹ ہوئیں، جبکہ مایا بوشیئر 17 اور ہیدر نائٹ ایک رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھیں۔
اسمرتی مندھانا کا 300واں بین الاقوامی میچ
اس قبل انگلینڈ نے لارڈز کے تاریخی میدان میں کھیلے جا رہے واحد خواتین ٹیسٹ میچ میں ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ یہ مقابلہ کئی حوالوں سے تاریخی اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ پہلی مرتبہ لارڈز میں خواتین کا ٹیسٹ میچ منعقد ہو رہا ہے۔ بھارتی اوپنر اسمرتی مندھانا نے اس میچ کے ساتھ اپنے بین الاقوامی کریئر کا 300واں میچ کھیل کر ایک اہم سنگ میل عبور کیا۔ 18 جولائی کو 30 برس کی ہونے والی مندھانا 300 بین الاقوامی میچ کھیلنے والی کم عمر ترین خاتون کرکٹر بن گئی ہیں۔ وہ خواتین کی بین الاقوامی کرکٹ میں یہ اعزاز حاصل کرنے والی صرف 12ویں کھلاڑی ہیں، جبکہ بھارت کی جانب سے اس فہرست میں متھالی راج (333 میچ) اور ہرمن پریت کور (374 میچ) کے بعد تیسری کرکٹر ہیں۔
لارڈز میں خواتین کے ٹیسٹ کی پہلی میزبانی
یہ میچ لارڈز میں منعقد ہونے والا پہلا خواتین ٹیسٹ ہے۔ انگلینڈ میں اب تک کھیلے گئے 56 خواتین ٹیسٹ میچوں میں سے پہلے 55 مقابلے 19 مختلف میدانوں پر منعقد ہوئے تھے۔ انگلینڈ میں سب سے زیادہ نو خواتین ٹیسٹ میچ کاؤنٹی گراؤنڈ، ووسٹر میں 1951 سے 2009 کے درمیان کھیلے گئے، جبکہ دی اوول نے 1937 سے 1976 کے درمیان چھ ٹیسٹ میچوں کی میزبانی کی۔
ٹیمی بیومونٹ کا آخری بین الاقوامی میچ
انگلینڈ کی تجربہ کار بلے باز ٹیمی بیومونٹ اپنے بین الاقوامی کریئر کا آخری میچ کھیل رہی ہیں۔ وہ انگلینڈ کی واحد خاتون کرکٹر ہیں جنہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں ڈبل سنچری اسکور کی، جبکہ خواتین کی کرکٹ کی تاریخ میں صرف دوسری ایسی کھلاڑی ہیں جنہوں نے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی-20 بین الاقوامی کرکٹ، تینوں فارمیٹس میں سنچریاں اسکور کی ہیں۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
اتر پردیش کے گریٹر نوئیڈا میں یمنا ایکسپریس وے پر ایک دل دہلا دینے والا…
پیوپلس اویرنس فورم کے صدر اور سپریم کورٹ کے سینئر ایڈوکیٹ زیڈ کے فیضان نے…
ایشین گیمز 2026 میں میرابائی چانو نے خواتین کے 49 کلوگرام ویٹ لفٹنگ مقابلے میں…
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں امریکی صدر ڈونلڈ…
خصوصی گہری نظرثانی یعنی ایس آئی آر کو لے کر شیوسینا (یو بی ٹی) کے…
گریٹر نوئیڈا کے دیولا میں سرکاری اسکول کا معائنہ کرنے پہنچے سی جے پی ترجمان…