انڈین پریمیئر لیگ 2026 کے افتتاحی مقابلے میں رائل چیلنجرس بنگلورو نے سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ آر سی بی کے کپتان رجت پاٹیدار نے ٹاس جیتنے کے بعد کہا کہ ٹیم پہلے گیندبازی کرے گی۔ انہوں نے کہا: ’’ہماری ٹیم میں کئی بہترین کھلاڑی موجود ہیں، سب فٹ ہیں اور اس میچ کے لیے پرجوش ہیں۔ ہم اپنی جرسی پر دوسرا اسٹار لگانے کے لیے بھرپور کوشش کریں گے۔‘‘ آر سی بی کی جانب سے جیکب ڈفی اور ابھینندن سنگھ نے اس میچ میں ڈیبیو کیا ہے۔ ٹاس ہار کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے سن رائزرس حیدرآباد نے 20 اوورز میں 201 رن بنائے ہیں اور بنگلورو کو جیت کے لیے 202 رن کا نشانہ دیا ہے۔ آر سی بی نے گزشتہ سیزن میں پہلی بار آئی پی ایل ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ شائقین کے مطابق موجودہ ٹیم پہلے سے زیادہ مضبوط ہے اور اس بار بھی ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کر سکتی ہے۔
میچ شروع ہونے سے قبل بنگلورو کے ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں ایک جذباتی منظر دیکھنے کو ملا، جب گزشتہ سیزن میں بھگدڑ کے دوران جان گنوانے والے 11 شائقین کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ آئی پی ایل کے 19ویں سیزن کے افتتاحی میچ میں رائل چیلنجرس بنگلورو اور سن رائزرس حیدرآباد کے درمیان مقابلہ شروع ہونے سے پہلے میدان میں ایک منٹ کا سکوت اختیار کیا گیا۔ اس دوران کھلاڑی، سپورٹ اسٹاف، انتظامیہ اور اسٹیڈیم میں موجود ہزاروں شائقین خاموش کھڑے رہے۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے جاں بحق شائقین کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے اپنے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں۔ یہ منظر اس بات کی یاد دہانی تھا کہ کرکٹ میں شائقین کی اہمیت کتنی زیادہ ہے۔
گزشتہ سیزن کا افسوسناک واقعہ
یاد رہے کہ انڈین پریمیئر لیگ 2025 میں رائل چیلنجرس بنگلورو نے پہلی بار ٹائٹل جیتا تھا، جس کے جشن کے لیے 4 جون 2025 کو اسی اسٹیڈیم میں ایک تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب کے دوران توقع سے زیادہ شائقین جمع ہونے کے باعث بھگدڑ مچ گئی، جس میں 11 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔ آر سی بی نے جاں بحق شائقین کے اہل خانہ کے لیے مالی امداد کا اعلان کیا تھا۔ اس کے علاوہ انڈین پریمیئر لیگ کے افتتاحی مقابلے میں ٹیم نے فیصلہ کیا ہے کہ اسٹیڈیم میں 11 نشستیں ان شائقین کی یاد میں خالی رکھی جائیں گی۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
مشہور لوک گلوکارہ کلپنا پٹواری کا چھٹھ گیت ’جگت کے پالک دیناناتھ‘ عقیدت مندوں میں…
بالی ووڈ اداکارہ دیا مرزا کی آلودگی سے پاک دیوالی مہم سے متعلق شروع ہوا…
ہندوستانی خاتون کرکٹ ٹیم کی نوجوان اسپنر ویشنوِی شرما نے آئی سی سی ویمنز ون…
ڈی آر ڈی او کے تیار کردہ پرلے میزائل کا اڈیشہ کے چندی پور میں…
اتر پردیش اسمبلی انتخابات 2027 سے پہلے انڈیا اتحاد میں شمولیت کے معاملے پر سیاسی…
اسرائیل میں نئی حکومت کی تشکیل کے سلسلے میں سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔…