علاقائی

Urdu Academy Delhi: دہلی اُردو اکادمی نے دہلی کی بجھتی شمعوں کو روشن کرنے کی کوشش کی: پروفیسر خالد محمود

نئی دہلی: دہلی صرف ایک شہر ہی نہیں، بلکہ تہذیب و تمدن، زبان و بیان اور طرز و اسلوب کا حسین مرقع ہے۔ مجھے بے حد خوشی ہے کہ اردو اکادمی، دہلی نے اسی تہذیب و تمدن، اسلوب و طرز اور دہلی کی بجھتی شمعوں کو روشن کرنے کی پہل کی ہے۔ اس موقع پر میں اپنی اس مسرت کا بھی اظہار کرتا ہوں کہ اردو اکادمی، دہلی کے زیر اہتمام یہ اپنی نوعیت کا پانچویں سیمینار ہے جس میں دہلی اور دہلویت کو ہی موضوع بنایا گیا ہے۔ اس طرح سے ہم نہ صرف قدیم دہلی، دہلویت اور زبان و اسلوب سے واقف ہوتے ہیں بلکہ وہ کردار بھی ہمارے سامنے زندہ ہوجاتے ہیں جو اِن تحریروں میں آگئے ہیں اور اُن سے دہلویت کی تشکیل و تعمیر ہوئی ہے۔ ہماری ذمے داری ہے کہ ہم اِن روایات کی پاسبانی کریں اور انھیں آنے والی نسلوں تک پہنچائیں۔

مذکورہ خیالات کا اظہار دہلی اردو اکادمی کے زیر اہتمام ، بیسویں صدی میں دہلوی اردو نثر کے عنوان سے منعقدہ سمینار کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پروفیسر خالدمحمود نے کیا۔ انھوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ اچھا مقالہ لکھنے کے لیے اچھا پڑھنے اور اچھا مطالعہ کرنے کی سخت ضرورت ہے۔ بغیر اس کے نہ تو ہم کامیاب مقالہ لکھ سکتے ہیں اور نہ ہی سامعین پر کوئی اچھا و مثبت تاثر قائم کر سکتے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ میں اپنے طلبا سے کہتا ہوں کہ آپ سمینار اور علمی اور پروگراموں میں شرکت کیا کریں، اس کا فائدہ یہ ہوگا کہ آپ سوسے زائدکتابوں کا مطالعہ ان مخصوص نشستوں میں کرسکتے ہیں۔ بعدازاں انھوں نے تمام مقالوں پر فرداً فرداً اظہار خیال کیا۔

اجلاس کے دوسرے صدر پروفیسر غلام یحییٰ انجم نے تمام مقالوں پر فرداً فرداً تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام ہی مقالے بہترین تھے یعنی جو ذرہ جس جگہ ہے وہیں آفتاب ہے۔ انھوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ دہلوی نثر کا مطلب ہے دہلوی تہذیب کی بازیافت اوران کرداروں و زمانوں کی یاددہانی جنھیں وقت کی گردش کے سبب ہم فراموش کرچکے ہیں یا وہ ہماری نظروں سے اوجھل ہوچکے ہیں۔اردو اکادمی کا یہ اقدام احسن اقدام ہے جس نے اس بازیافت و تلاش میں ہماری معاونت کی ہے۔

اس اجلاس میں کل چھ مقالے پڑھے گئے جن میں ڈاکٹر محمد فیروز دہلوی(میر ناصر علی کی نثر نگاری) پروفیسر قمر الہدیٰ فریدی(اشرف صبوحی کی خاکہ نگاری) ڈاکٹر امتیاز احمد (’’اجڑادیار‘‘ کا نثری اسلوب) جناب خالد سیف اللہ (خلیق انجم کی خاکہ نگاری) ڈاکٹر محمد احسن ایوبی(راشد الخیری کی افسانہ نگاری) ڈاکٹر یوسف رام پوری(اخلاق احمد دہلوی کی نثر) شامل ہیں۔ اجلاس کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر فرمان چودھری نے انجام دیے۔

سمینار کا دوسرا اجلاس پروفیسر قمرالہدیٰ فریدی اور پروفیسر ابوبکر عباد کی صدارت میں دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوا جس کی نظامت کے فرائض شہباز ریحان نے انجام دیے۔ اس اجلاس میں کل پانچ مقالے پڑھے گئے جن میں پروفیسرکوثرمظہری(خلیقی دہلوی کی کتاب’ادبستان‘کا رومانوی اسلوب) ڈاکٹرفیاض احمد فیضی(دہلوی نثر کا مزاحیہ اسلوب:ظریف دہلوی ) جناب دوست محمد نبی خان(دہلی کا کرخنداری اسلوب:نرالی اردو) ڈاکٹرشبانہ نذیر (کتاب’دلّی کا سنبھالا اور خواجہ محمد شفیع‘) ڈاکٹر عارف اشتیاق(سید ضمیرحسن دہلوی کی افسانہ نگاری ) شامل ہیں۔

اجلاس کے صدارتی خطبے میں پروفیسر قمر الہدیٰ فریدی نے کہا کہ دہلوی اردو نثر کا مطالعہ دراصل دہلی کی بازیافت کی کوشش ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ اس سیمینار کے ذریعے یہ کامیاب ترین کوشش کی گئی ہے جس کے آنے والے دنوں میں نہایت عمدہ اور کارآمد اثرات واقع ہوں گے۔ دہلی تہذیب وتمدن کا گہوارہ اور مرقع ہے اسی طرح ایک وراثت بھی ہے جس کاتحفظ لازم بھی ہے اور اس کا فروغ بھی بطورمشن ہماری ذمہ داری ہونا چاہیے۔

اجلاس کے دوسرے صدر پروفیسر ابوبکر عباد نے صدراول کے خیالات کی تائید کرتے ہوئے دہلوی زبان و محاوروں اور اسلوبیات و تہذیب کے متعلق تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ آج کے دلّی کے طلبا و طالبات کی زبان میڈیا سے متاثر ہے اس طرح نہایت تیزی سے ان کی روایت،اسلوب اور ان کی تہذیب ختم ہوتی جارہی ہے جس کو بچانا نہایت ضروری ہے۔ بعدازاں انھوں نے فرداً فرداً تمام مقالوں پر اظہار خیال کیا اور ان کی اہمیت و معنویت اور افادیت سے سامعین کو روشناس کریا۔ اجلاس میں کثیر تعداد میں طلبا و طالبات اور معززین نے شرکت کی۔

بھارت ایکسپریس اردو۔

Habiburrahman

Recent Posts

Asian Games 2026: ایشین گیمز 2026، وزیر اعظم نریندر مودی نے روشیبینا دیوی، ستنم سنگھ اور سلمان خان کو دی مبارکباد

ووشو میں روشیبینا دیوی نے سلور جبکہ روئنگ کے مینز ڈبل اسکلز مقابلے میں ستنم…

33 minutes ago

Adani Group Plans: دو ہزار بستروں والے غیر منافع بخش اسپتال کے سنگِ بنیاد پر گوتم اڈانی کا بڑا اعلان، ’یہ بنگال کے طبی مستقبل کو بہتر بنائے گا‘

’اڈانی آروگیہ مندر‘ میں جدید میڈیکل کالج، جدید تحقیق اور طبی نگہداشت کی سہولیات ہوں…

50 minutes ago

PHDCCI Seminar: نئے لیبر کوڈز سے آسان ہوگی تعمیل، روزگار اور سماجی تحفظ کے مواقع بڑھیں گے: لیبر سکریٹری

پی ایچ ڈی سی سی آئی کے سیمینار میں لیبر کوڈز کے عملی نفاذ، اجرت،…

52 minutes ago

Gyanesh kumar Arresting Issue: کیا سی ای سی گیانیش کمار گرفتار ہو سکتے ہیں؟ گرفتاری کے مطالبے کے درمیان جانیے کیا کہتا ہے قانون

اپوزیشن کی جانب سے گرفتاری کا مطالبہ، 2023 کے قانون کی دفعہ 16 میں انتخابی…

2 hours ago

Bigg Boss 20: بگ باس 20، منوج تیواری کی بیٹی ریتی نے قاضی توقیر کو دی گالی، کیمرے کے سامنے گلوکار نے والد سے کی شکایت

’ڈِس بیٹل‘ کے دوران ریتی تیواری اور قاضی توقیر کے درمیان شدید جھڑپ، ریتی کی…

2 hours ago