مولانا سید سلمان حسینی ندویؒ کے انتقال پر اپنے تعزیتی پیغام میں امیر جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ سید سلمان حسینی ندوی صاحبؒ کے اچانک انتقال کی خبر سے گہرا صدمہ ہوا۔ وہ دور حاضر کے ممتاز عالم دین، معروف مصنف، ماہر تعلیم اور دانشور تھے۔ ان کا انتقال نہ صرف ان کے اہلِ خانہ اور شاگردوں بلکہ پوری امتِ مسلمہ اور عالمِ اسلام کے علمی حلقوں کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔
مولانا سید سلمان حسینی ندویؒ کی پوری زندگی دین کے لیے وقف
سید سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ مولانا سید سلمان حسینی ندویؒ نے اپنی پوری زندگی تعلیم، تحقیق، دعوتِ دین، فکری رہنمائی اور علمی و تعلیمی اداروں کی تعمیر و ترقی کے ذریعے اسلام کی خدمت کے لیے وقف کر دی۔ قرآن، حدیث، سیرت رسولؐ اور اسلامی فقہ کے ایک ممتاز استاد کی حیثیت سے انہوں نے ہندوستان اور بیرونِ ملک ہزاروں طلبہ کی تعلیم و تربیت کی۔ ان کی تصانیف، مقالات، خطبات اورعلمی خدمات ایک ایسا علمی سرمایہ ہے جس سے امتِ مسلمہ طویل عرصے تک استفادہ کرتی رہے گی۔
متعدد تعلیمی و طبی اداروں کے قیام میں مولانا مرحوم کا کلیدی کردار
جماعت اسلامی ہند کے امیر نے کہا کہ دارالعلوم ندوۃ العلماء اور جامعہ سید احمد شہید سے ان کی طویل وابستگی، جمعیت شباب الاسلام کی قیادت اور متعدد تعلیمی و طبی اداروں کے قیام میں اپنے کلیدی کردار نیز علم دین کی اشاعت، کردار سازی اور سماجی خدمات میں اپنی سرگرمی کے لیے وہ ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ سید سلمان حسینی ندوی نے دینی علوم کی گہری بصیرت کو عصرِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے ہندوستان اور عالمی سطح پر اسلامی فکر و دانش کو نئی جہت عطا کی۔
سید سعادت اللہ حسینی نے مزید کہا کہ بڑے سے بڑا مفکر بھی غلطیوں اور لغزشوں سے مکمل پاک نہیں ہوسکتا۔مولانا سلمان ندوی صاحب کے بعض خیالات، مواقف اور بیانات سے اختلاف ہوسکتا ہے۔ لیکن اس کی وجہ سے ان کی ہمہ جہت گراں قدر خدمات کی اہمیت کو کم نہیں کیا جا سکتا۔ جماعت اسلامی ہند کی جانب سے میں ان کے اہلِ خانہ، شاگردوں، رفقائے کار، عقیدت مندوں اور پوری ملت اسلامیہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ ہم ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ تمام پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
ہم اللہ سبحانہٗ و تعالیٰ سے دعا کرتے ہیں کہ وہ مولانا مرحوم کی لغزشوں کو معاف فرمائے، اسلام کے لیے ان کی تمام عمر کی خدمات کو صدقۂ جاریہ بنائے، انہیں صالحین کے اعلیٰ درجات میں جگہ عطا فرمائے اور جنت الفردوس میں بلند مقام نصیب فرمائے۔ نیز اللہ تعالیٰ امتِ مسلمہ کو ایسے باکردار اور باصلاحیت علماء عطا فرمائے جو دین کی خدمت کے اس عظیم مشن کو آگے بڑھاتے رہیں۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
صرف بجلی پیدا کرنے کی نصب شدہ صلاحیت اور منصوبوں کے اعداد و شمار کافی…
انقلاب زندہ باد کا اصل مطلب کیا ہے؟ بھگت سنگھ کے خیالات سے نکلا یہ…
بہار کے ضلع ویشالی کے راگھوپور میں کشتی حادثے نے کئی خاندانوں کی خوشیاں چھین…
راہل گاندھی نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف احتجاج کے دوران این ایس…
میرٹھ کے مشہور سوربھ راجپوت قتل معاملے میں عدالت نے مسکان رستوگی اور اس کے…
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے اس بیان پر کہ گجرات میں بیلٹ پیپر سے…