اورنگ آباد (بہار): جن سوراج کے بانی پرشانت کشور نے بہار اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے سے قبل انتخابی مہم میں شدت پیدا کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نتیش کمار اور وزیراعظم نریندر مودی دونوں پر سخت حملہ کیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ دونوں رہنماؤں نے گزشتہ 15 برسوں میں ریاست میں صنعتی ترقی کے لیے کوئی مؤثر قدم نہیں اٹھایا۔
اورنگ آباد میں منعقد ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے، جہاں 11 نومبر کو ووٹنگ ہوگی، کشور نے کہا کہ عوام کو حکومت سے جواب طلب کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں آپ کو بتاؤں گا کہ نتیش کمار کو کیوں ہٹانا ضروری ہے۔ کیا تھانے میں پولیس والے رشوت نہیں لیتے؟ کیا بجلی کا بل زیادہ نہیں آتا؟ اور پچھلے 15 برس میں مودی جی نے کہاں فیکٹریاں لگائیں۔ بہار میں یا گجرات میں؟ آپ کو ووٹ بہار سے چاہیے، مگر فیکٹریاں گجرات میں لگائیں گے‘‘؟
پرشانت کشور نے اپنی تقریر میں دعویٰ کیا کہ جن سوراج پارٹی بہار کے عوام کو ایک نیا متبادل دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے عوام اب بدعنوانی اور خراب طرزِ حکمرانی سے تنگ آچکے ہیں اور تبدیلی چاہتے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ’’اب وقت آ گیا ہے کہ بہار کے نظام کو بدلنے کے لیے جن سوراج کو موقع دیا جائے‘‘۔
منگل کے روز کشور نے بھوج پور ضلع میں ایک شاندار روڈ شو کی قیادت کی، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ انہوں نے اپنی مہم کے دوران نعرہ دیا “جے بہار”، جو تیزی سے ان کی تحریک کی پہچان بنتا جا رہا ہے۔ قابلِ ذکر ہے کہ 2025 کے بہار اسمبلی انتخابات میں تین طرفہ مقابلہ متوقع ہے۔ نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) اور مہاگٹھ بندھن کے درمیان روایتی مقابلے کے ساتھ پرشانت کشور کی جن سوراج پارٹی نے ریاست کی تمام 243 نشستوں پر امیدوار کھڑے کرنے کا اعلان کیا ہے۔
این ڈی اے میں بھارتیہ جنتا پارٹی، جنتا دل (یونائیٹڈ)، لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس)، ہندوستانی عوام مورچہ (سیکولر) اور راشٹریہ لوک مورچہ شامل ہیں، جبکہ مہاگٹھ بندھن کی قیادت راشٹریہ جنتا دل کر رہی ہے، جس میں کانگریس، سی پی آئی، سی پی آئی (ایم)، سی پی آئی (ایم-ایل) اور مکیش سہنی کی وکاس شیل انسان پارٹی بھی شامل ہیں۔ انتخابات کے دوسرے مرحلے میں ریاست کی 122 نشستوں پر 11 نومبر کو ووٹنگ ہوگی، جبکہ ووٹوں کی گنتی 14 نومبر کو کی جائے گی۔
بھارت ایکسپریس اردو
اتر پردیش اسمبلی انتخابات سے قبل بی ایس پی میں بڑی سیاسی تبدیلی، مایاوتی نے…
وزیر اعظم نریندر مودی نے سوئٹزرلینڈ کے صدر گائے پرمیلین کو بھارت کے مالا مال…
بالی ووڈ اداکار راج پال یادو کی مشکلات ایک بار پھر بڑھتی نظر آرہی ہیں۔…
چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کے مطالبے پر احتجاج کے دوران واقعہ، نامعلوم…
سوئس صدر گائے پرمیلن کے دورۂ ہند کے دوران دونوں ممالک کے درمیان پانچ اہم…
انڈیگو نے پیر کے روز اعلان کیا کہ ایوی ایشن ٹربائن فیول (اے ٹی ایف)…