اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی۔ (فائل فوٹو)
اتراکھنڈ کابینہ نے بدھ کے روز وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں ’’اتراکھنڈ فریڈم آف ریلیجن (ترمیمی) بل 2025‘‘ کو منظوری دے دی ہے۔ ریاستی حکومت کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق اس قانون میں غیر قانونی مذہبی تبدیلی پر سخت سزائیں، ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے تبدیلی مذہب کے پرچار پر پابندی اور متاثرین کے تحفظ جیسے اہم نکات شامل ہیں۔
اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ کے دفتر (CMO) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بل میں لالچ یا دھوکہ دہی کے ذریعے مذہب تبدیل کروانے کو وسیع پیمانے پر جرم قرار دیا گیا ہے۔ اس میں مذہبی تبدیلی کے لیے تحفے، نقدی یا سامان، ملازمت، مفت تعلیم یا شادی کا وعدہ، مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانا یا کسی دوسرے مذہب کی بڑائی کرنا، ان سب کو جرم کے زمرے میں شامل کیا گیا ہے۔
عمر قید کی سزا بھی دی جا سکتی ہے
اس بل کے مطابق سوشل میڈیا، میسیجنگ ایپس یا کسی بھی آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے تبدیلی مذہب کے لیے پرچار یا اکسانا بھی ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ اس بل میں عام خلاف ورزی پر 3 سے 10 سال قید، حساس طبقوں سے متعلق معاملات میں 5 سے 14 سال قید اور سنگین معاملات میں 20 سال سے عمر قید تک کی سزائیں اور بھاری جرمانے تجویز کیے گئے ہیں۔ اس کے تحت مذہب چھپا کر شادی کرنے والوں کو بھی سخت سزا دی جائے گی۔ وہیں غیرقانونی مذہبی تبدیلی کے متاثرین کے لیے تحفظ، بازآبادکاری، علاج، سفر اور روزمرہ اخراجات کی سہولت فراہم کرنے کی شقیں بھی بل کا حصہ ہیں۔ ریاستی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ قانون شہریوں کے مذہبی حقوق کی حفاظت، لالچ، دھوکہ یا دباؤ کے ذریعے کی جانے والی تبدیلی مذہب کو روکنے اور سماجی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے۔
اس کے ساتھ ہی اتراکھنڈ حکومت نے یکساں سول کوڈ (UCC) قوانین کے تحت شادی کی رجسٹریشن فیس ₹250 میں چھوٹ کی مدت کو 26 جنوری 2026 تک بڑھا دیا ہے۔ ریاستی محکمہ داخلہ کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وہ شہری جن کی شادی UCC کے نفاذ سے قبل ہو چکی ہے یا جنھیں طلاق یا شادی کے خاتمے کا عدالتی حکم حاصل ہو چکا ہے اور جن کی شادی اب تک رجسٹرڈ نہیں ہے وہ اب اس مقررہ مدت تک رجسٹریشن کروا کر فیس میں چھوٹ حاصل کر سکتے ہیں۔
بھارت ایکسپریس اردو
آر سی بی کے ساتھ شاندار سیزن گزارنے کے بعد گریس ہیرس یوپی واریئرز میں…
شیفالی ورما نے محض 26 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کرکے بھارتی خواتین ون…
دسمبر 2030 تک نیا ٹرمینل تیار کرنے کا منصوبہ، سالانہ 2 کروڑ مسافروں کو سنبھالنے…
وکلا کے ایک گروپ نے جسٹس اجے بھنوٹ کی عدالت میں ہنگامہ آرائی کی اور…
جامعہ ملیہ اسلامیہ میں طلبا کا احتجاج 17ویں روز بھی جاری رہا۔ کیمپس کے قرب…
انڈمان و نکوبار جزائر کی انتظامیہ نے ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ مرکز کے زیر…