امپھال: منی پور کے گھاٹی علاقے میں اتوار کے روز مشتبہ عسکریت پسندوں کی فائرنگ سے ایک خاتون سمیت دو افراد ہلاک اور ایک پولیس افسر اور مہلوک خاتون کی نابالغ بیٹی سمیت 9 افراد زخمی ہو گئے۔ سیکورٹی فورسز نے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔
منی پور کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس راجیو سنگھ نے کہا کہ بھاری ہتھیاروں سے لیس عسکریت پسندوں نے پہاڑی چوٹی سے اندھا دھند فائرنگ کی اور امپھال مغربی ضلع کے تحت کوتروک اور پڑوسی کڈانگ بند کے نچلے گھاٹی علاقوں میں بم بھی پھینکے۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایک 31 سالہ خاتون اور ایک مقامی ہلاک ہو گئے جبکہ خاتون کی آٹھ سالہ بیٹی اور ایک پولیس افسر سمیت 9 افراد زخمی ہو گئے۔
اہلکار نے کہا کہ مشتبہ عسکریت پسندوں کے اچانک حملے سے کشیدگی اور خوف و ہراس پھیل گیا۔ جس کی وجہ سے خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت کئی مقامی لوگوں نے بھاگ کر محفوظ مقامات پر پناہ لی۔
ہلاک ہونے والی میتی کمیونٹی کی خاتون کی شناخت نگانگبام سوربالا دیوی کے طور پر ہوئی ہے۔ اس کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے گورنمنٹ ریجنل انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (RIMS) لے جایا گیا۔ خاتون کی بیٹی، 30 سالہ پولیس افسر این۔ رابرٹ اور دیگر زخمیوں کو بھی RIMS اور دیگر اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔
فائرنگ کے وقت خاتون اور دیگر افراد اپنے گھروں میں موجود تھے۔ فائرنگ اور بم حملوں میں کئی مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔ ریاستی فورسز کے ساتھ سینٹرل آرمڈ پولیس فورسز (سی اے پی ایف) کے اہلکاروں کی ایک بڑی نفری علاقے میں پہنچی اور عسکریت پسندوں کو پکڑنے کے لیے تلاشی مہم شروع کی۔
محکمہ داخلہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ کوکی عسکریت پسندوں کی طرف سے غیر مسلح لوگوں میں تباہی پھیلانے کی کارروائی کو ریاستی حکومت کی طرف سے ریاست میں امن قائم کرنے کی کوششوں کو پٹڑی سے اتارنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایسی کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ریاستی حکومت نے صورت حال پر قابو پانے اور امپھال مغربی ضلع کے کوتروک گاؤں میں اتوار کے حملے میں ملوث افراد کو سزا دینے کے لیے کارروائی شروع کی ہے۔
اتوار کا واقعہ منی پور میں ایک ماہ میں دوسرا قتل ہے۔ ایک سابق ایم ایل اے کی بیوی چاروبالا ہاوکیپ 11 اگست کو منی پور کے قبائلی اکثریتی ضلع کانگپوکپی کے ایکاؤ ملم میں ہونے والے دھماکے میں ہلاک ہوگئی تھیں۔
پولیس کے مطابق، سابق ایم ایل اے یومتھونگ ہاوکیپ کی بیوی چاروبالا ہاوکیپ دھماکے میں شدید زخمی ہو گئی تھیں اور انہیں سائکول کے کمیونٹی ہیلتھ سنٹر لے جایا گیا تھا، جہاں ان کی موت ہو گئی۔ چاروبالا کا تعلق میتی کمیونٹی سے ہے جبکہ یومتھونگ کا تعلق کوکی-جو کمیونٹی سے ہے۔
وزارت نے کہا کہ دواسازی کے محکمے نے دواسازی کی صنعت کو مضبوط بنانے کے…
یورپ میں مینوفیکچرنگ کی سرگرمیاں ابھی تک تیز نہیں ہوئی ہیں، جب کہ سروس سیکٹر…
درخواست میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ مسجد سرکاری اراضی پر تعمیر کی…
ہیومن میٹاپنیووائرس (HMPV) کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے، تمل ناڈو حکومت نے کہا کہ…
ریاستہائے متحدہ کے جیولوجیکل سروے کے مطابق، زلزلہ نیپال تبت سرحد کے قریب لوبوچے سے…
قومی راجدھانی میں ہوا کا معیار مسلسل دوسرے دن بھی ’انتہائی خراب‘ زمرے میں ہے۔…