کولکاتا: مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی تاریخی کامیابی کے بعد مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعہ کو کولکاتا میں بی جے پی لیجسلیچر پارٹی کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے بنگال کے عوام کا شکریہ ادا کیا اور اس جیت کو ملک کی سیاسی تاریخ کا اہم موڑ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بنگال کے عوام نے خوف، تشدد اور سیاسی دباؤ کے ماحول کے باوجود بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی پر اعتماد ظاہر کیا، جس کے لیے وہ ریاست کے عوام کے بے حد شکر گزار ہیں۔ امت شاہ نے کہا کہ کمیونسٹ دور حکومت سے بنگال میں سیاسی تشدد اور خوف کا جو ماحول شروع ہوا تھا، ممتا بنرجی کی حکومت میں وہ مزید گہرا ہوگیا۔ ان کے مطابق ریاست میں حالات ایسے بن گئے تھے کہ عام لوگوں کے لیے آزادانہ رائے کا اظہار تقریباً ناممکن ہوچکا تھا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اپوزیشن کارکنوں پر حملے، سیاسی تشدد اور بربریت کے باوجود عوام نے جمہوریت پر یقین رکھتے ہوئے بی جے پی کو زبردست اکثریت دی۔
مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ بنگال کے عوام نے بی جے پی سے بڑی امیدیں وابستہ کی ہیں اور پارٹی پوری ذمہ داری کے ساتھ ان توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کرے گی۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب تمام کارکنوں کی ذمہ داری ہے کہ ”سونار بنگلہ“ کے خواب کو حقیقت میں بدلیں اور ریاست کو ترقی، امن اور خوشحالی کی نئی راہ پر لے جائیں۔ امت شاہ نے اس کامیابی کو نظریاتی جدوجہد کی تاریخی منزل قرار دیتے ہوئے کہا کہ تقریباً سو سال کی سیاسی اور فکری جدوجہد کے بعد آج بی جے پی گنگوتری سے گنگا ساگر تک حکومت بنانے میں کامیاب ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کی سرزمین پر انہی کی جماعت کی حکومت بننا ایک تاریخی لمحہ ہے۔ ان کے مطابق 1950 میں جس نظریے کے ساتھ سفر شروع ہوا تھا، آج وہ کامیابی کی نئی بلندی تک پہنچ گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب ملک میں دفعہ 370 ختم کی گئی تھی تو بی جے پی کارکنوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی تھی، لیکن اس وقت کئی سینئر کارکنوں نے کہا تھا کہ ابھی ایک خواب باقی ہے، اور وہ خواب بنگال میں بی جے پی کا اقتدار تھا۔ امت شاہ نے کہا کہ آج وہ خواب بھی پورا ہوگیا ہے اور انہیں یقین ہے کہ ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی جہاں بھی ہوں گے، وہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت کو آشیرواد دے رہے ہوں گے۔ امت شاہ نے کہا کہ اب مغربی بنگال میں دراندازی اور گائے کی اسمگلنگ کو مکمل طور پر روکنے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ ان کے مطابق ریاستی اور مرکزی حکومت مل کر سرحدی علاقوں کو قومی سلامتی کا مضبوط قلعہ بنائیں گی تاکہ غیر قانونی سرگرمیوں پر مکمل قابو پایا جاسکے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ریاست کے 23 انتظامی اضلاع میں سے 9 اضلاع ایسے ہیں جہاں ترنمول کانگریس اپنا کھاتہ بھی نہیں کھول سکی۔ امت شاہ نے اسے عوامی ناراضی اور بی جے پی کی عوامی قبولیت کا واضح ثبوت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ماحول میں جہاں اپوزیشن کو بولنے تک کا موقع نہ ملتا ہو، وہاں حکمراں جماعت کا کئی اضلاع میں صفر پر سمٹ جانا عوامی انقلاب سے کم نہیں۔ اپنے خطاب کے آخر میں امت شاہ نے بھوانی پور کے عوام کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ انتخابات میں سویندو ادھیکاری نے ممتا بنرجی کو نندی گرام میں شکست دی تھی، لیکن اس بار ”سویندو دا نے دیدی کو ان کے اپنے گھر میں ہرا دیا ہے“، جس کے بعد اجلاس میں موجود کارکنوں نے زبردست نعرے بازی کی۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
پیوپلس اویرنس فورم کے صدر اور سپریم کورٹ کے سینئر ایڈوکیٹ زیڈ کے فیضان نے…
ایشین گیمز 2026 میں میرابائی چانو نے خواتین کے 49 کلوگرام ویٹ لفٹنگ مقابلے میں…
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں امریکی صدر ڈونلڈ…
خصوصی گہری نظرثانی یعنی ایس آئی آر کو لے کر شیوسینا (یو بی ٹی) کے…
گریٹر نوئیڈا کے دیولا میں سرکاری اسکول کا معائنہ کرنے پہنچے سی جے پی ترجمان…
وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو کابینہ کے ارکان کے ساتھ ’چنتن شِور‘ کا…