نئی دہلی :تمل ناڈو کے نئے وزیر اعلیٰ سی جوزف وجے اور کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ وجے نے حلف برداری کے بعد راہل گاندھی کے پیر چھو کر آشیرواد لیا۔ تصویر میں راہل گاندھی انہیں آشیر واد دیتے ہوئے نظر آرہے ہیں، جب کہ اسٹیج پر موجود دیگر لیڈران تالیاں بجاتے دکھائی دے رہے ہیں۔ کئی سوشل میڈیا یوزڑ نے اس تصویر کو سچ مانتے ہوئے بڑے پیمانے پر شیئر کیا۔ فیس بک پر ایک یوزر نے تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ بننے کے بعد وجے نے راہل گاندھی کے پیر چھوئے۔ اس پوسٹ کو ہزاروں لوگوں نے دیکھا، لائک کیا اور شیئر کیا، جس کے بعد یہ تصویر تیزی سے وائرل ہوگئی۔اس دعوے کی حقیقت جاننے کے لیے بھارت ایکسپریس نیوز نے تصویر کی تفصیلی جانچ کی۔ گوگل ریورس امیج سرچ کے دوران پتہ چلا کہ اصل ویڈیو راہل گاندھی کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔ جانچ میں سامنے آیا کہ ویڈیو میں کہیں بھی ایسا منظر موجود نہیں ہے، جس میں وجے راہل گاندھی کے پیر چھوتے نظر آئیں۔ یہی ویڈیو ایک دوسرے یوٹیوب چینل پر بھی دستیاب ملی، لیکن وہاں بھی ایسا کوئی واقعہ نہیں دکھائی دیا۔
اس کے بعد تصویر کو مختلف اے آئی ڈٹیکشن ٹولز کے ذریعے چیک کیا گیا۔ ‘سائٹ انجن’ نامی ٹول نے تقریباً 65 فیصد امکان ظاہر کیا کہ تصویر مصنوعی ذہانت یعنی اے آئی کی مدد سے تیار کی گئی ہے۔ اسی طرح ‘انڈیٹیکٹیبل’ ٹول نے بھی تصویر کو مشکوک قرار دیا۔ بعد میں ‘ہائیو موڈریشن’ کی رپورٹ میں 92.9 فیصد امکان ظاہر کیا گیا کہ یہ تصویر اے آئی سے بنائی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق تصویر جی پی ٹی ماڈل کی مدد سے تیار کی گئی۔بھارت ایکسپریس نیوز نے اس معاملے پر کانگریس کی سوشل میڈیا ٹیم سے بھی رابطہ کیا۔ کانگریس کی جانب سے واضح طور پر کہا گیا کہ وائرل تصویر مکمل طور پر فرضی ہے اور وجے نے راہل گاندھی کے پیر نہیں چھوئے تھے۔
واضح رہے کہ 10 مئی 2026 کو تمل ناڈو اسمبلی انتخابات کے بعد سی جوزف وجے نے وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیا تھا۔ اس تقریب میں راہل گاندھی بھی موجود تھے۔ یہ انتخابی نتیجہ ریاست میں ڈی ایم کے اور اے آئی اے ڈی ایم کے کے طویل سیاسی دور کے خاتمے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جب کہ کانگریس نئی حکومت کی اتحادی جماعت ہے۔ جانچ میں یہ بھی سامنے آیا کہ تصویر شیئر کرنے والا یوزر راجستھان کے جودھپور کا رہنے والا ہے۔ اس کے فیس بک اکاؤنٹ پر 88 ہزار سے زیادہ فالوورز ہیں اور یہ اکاؤنٹ نومبر 2020 میں بنایا گیا تھا۔تحقیقات سے صاف ہوگیا کہ وجے اور راہل گاندھی کی وائرل تصویر اصلی نہیں، بلکہ اے آئی کی مدد سے تیار کی گئی ایک فرضی تصویر ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
منسکھ مانڈویا نے کھلاڑیوں سے ملاقات کے لیے وقت نکالنے پر پی ایم مودی کا…
توہینِ عدالت کے نوٹس کے جواب میں حلف نامے میں معافی کے ذکر سے متعلق…
بھارت نے 85 تمغوں کے ساتھ تمغوں کی فہرست میں چوتھی پوزیشن حاصل کی، 21…
وزیر اعظم نریندر مودی نے میجر دھیان چند اسٹیڈیم میں ایشین گیمز 2026 کے بھارتی…
ریلائنس انڈسٹریز کی ڈیجیٹل اور ٹیلی کام کمپنی کا آئی پی او 23 اکتوبر تک…
چیف جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس جوئے مالیہ باگچی کی بنچ نے سپریم کورٹ کے…