قومی

Strong Condemnation of American and Israeli Aggression on Iran: ایران پر امریکی و اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت، صورتحال کو ایران اور خلیجی ممالک کے تصادم میں تبدیل ہونے سے روکنے کی امیر جماعت اسلامی ہند کی اپیل

نئی دہلی: امیر جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی نے  جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایران کی سرزمین پر امریکہ اور اسرائیل کی طرف سے جاری فوجی حملے اس کی قومی خودمختاری اور عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔مشرق وسطیٰ کی تازہ صورت حال پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان حملوں کے نتیجے میں ایران کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر شہری ہلاکتیں اور تباہیاں ہوئی ہیں۔ جنوبی ایران کے شہر میناب پر ہونے والے حالیہ فضائی حملے میں ایک اسکول کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 165 طالبات جاں بحق ہوئیں۔ اس سانحے نے انسانیت کے ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ معصوم شہریوں، بالخصوص بچوں پر اس طرح کے حملے انسانیت اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔ اس حملے کا احتساب اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری کے سامنے فوری طور پر ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ صورت حال اس لیے بھی تشویشناک ہے کہ یہ حملے ایسے وقت میں کئے گئے جب سفارتی مذاکرات جاری تھے۔ اس سے واضح ہو گیا ہے کہ امریکہ نے  پر امن مکالمے کے بجائے فوجی جارحیت کو ترجیح دی ہے۔

’اسرائیل کی جارحانہ کاروائیوں کا ساتھ دے کر امریکہ جارحیت کے اس سلسلے کو طول دے رہا ہے‘

سید سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ موجودہ بحران دراصل فوجی مداخلت کی وجہ سے پیدا ہوا ہے ،جس نے پورے مشرقِ وسطیٰ کو جنگ میں دھکیل دیا ہے اور لاکھوں شہریوں کو تکلیف اور عدم تحفظ کا شکار بنادیا ہے۔ اسرائیل کی جارحانہ کاروائیوں کا ساتھ دے کر امریکہ جارحیت کے اس سلسلے کو طول دے رہا ہے جو نہ صرف ایران بلکہ پورے خلیجی خطے کے لیے خطرہ بن گیا ہے۔

ایران کو اپنی خودمختاری کے دفاع کا حق حاصل

سید سعادت اللہ حسینی نے پڑوسی خلیجی ممالک میں شہری ہلاکتوں کی اطلاعات پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو اپنی خودمختاری کے دفاع کا حق حاصل ہے، تاہم ایسے اقدامات سے گریز کیا جانا چاہیے جو پڑوسی عرب ممالک کو اس تنازع میں کھینچ لائیں۔ موجودہ بحران کو ایران اور عرب ممالک کے درمیان تصادم میں تبدیل نہیں ہونے دینا چاہیے کیونکہ اس سے خطےمیں مزید تقسیم پیدا ہوگی اور مشرق وسطیٰ کے عوام کے لیے شدید بحران کا سبب بنیں گے۔ اس وقت دانشمندی، احتیاط اور مؤثر سفارت کاری کی فوری ضرورت ہے تاکہ خطے کو ایک طویل اور تباہ کن جنگ سے بچایا جا سکے۔ ہم عرب ممالک سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کی سرزمین، فضائی حدود اور وسائل اس جارحیت کے لیے استعمال نہ ہوں۔

حکومت ہند سے اپیل

سید سعادت اللہ حسینی نے حکومت ہند سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنی سفارتی اثر و رسوخ کا  استعمال کرتے ہوئے فوری طور پر جنگ بندی کے لیے فعال کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی مسلسل خاموشی اور جارح قوتوں کے ساتھ یکجہتی کا تاثر نہ تو ملک کے  سفارتی مفادات کے لیے بہتر ہے اور نہ ہی عالمی امور میں سامراج مخالف اس کے تاریخی موقف کے مطابق ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو امریکہ۔اسرائیل جارحیت کے خلاف واضح اور اصولی آواز بلند کرنی چاہیے اور عالمی سطح پر تشدد کو روکنے اور خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے عملی سفارتی کوششوں کو متحرک کرنے میں اپنا فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔  سید سعادت اللہ حسینی نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ فوری اقدام کرتے ہوئے مزید کشیدگی کو روکنے کے لیے اپنی سفارتی کوششوں کو تیز کرے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام صرف مکالمے، خودمختاری اور بین الاقوامی تعلقات میں انصاف کی پاسداری کے ذریعے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔

سید سعادت اللہ حسینی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ جماعت اسلامی ہند ہمیشہ جارحیت، سامراجیت اور قومی خودمختاری کی خلاف ورزی کی مخالف رہی ہے اور موجودہ بحران کو فوجی مداخلت کے بجائے سفارت کاری کے ذریعے حل کرنے کی حامی ہے تاکہ خطے کے عوام کو ایک اور تباہ کن جنگ سے بچایا جا سکے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔

Abul Kalam

Recent Posts

Dharavi Redevelopment Project: دھاراوی کے لوگوں کے لیے بڑی شروعات، 10,432 نئے مکانات کی تعمیر شروع، اڈانی گروپ نے کیا بھومی پوجن

اڈانی گروپ نے ممبئی کے ماٹونگا میں دھاراوی بازآبادکاری منصوبے کے تحت 10,432 بازآبادکاری مکانات…

8 hours ago

INDIA Alliance Big Rally Plan: ووٹ چوری کے معاملے پر انڈیا اتحاد کی بڑی تیاری، دسمبر میں رام لیلا میدان سے طاقت دکھانے کا منصوبہ

دسمبر کے پہلے ہفتے میں دہلی میں بڑی ریلی منعقد کرنے کی تیاری، ملک بھر…

8 hours ago

INDIA Alliance Massive Protest Against Vote Chori: ووٹ چوری کا معاملہ، سڑک سے سپریم کورٹ تک عوامی سیلاب، کب کیا ہوا؟ جانیے مکمل ٹائم لائن

ایس آئی آر اور الیکشن کمیشن کے خلاف انڈیا اتحاد کا دہلی میں زبردست احتجاج،…

9 hours ago